دربھنگہ بہارکی کچھ اہم خبریں

 

محرم کے پیش نظر سمری پولیس کا فلیگ مارچ
جالے(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس) سمری تھانہ کی پولیس نے محرم کے موقع پر امن و امان بحال رکھنے کے حوالے سے جگہ جگہ فلیگ مارچ نکالا۔پولیس نے فلیگ مارچ سے یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے نظم و نسق بگاڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ تھانہ صدر شمشاد احمد خان کی قیادت میں تمام پولیس اہلکاروں اور دیہی چوکیداروں نے موٹر سائیکل سے حلقوں کا دورہ کیا اور سماج دشمن عناصر کو ذہن میں رکھتے ہوئے تہوار کو ہم آہنگی کے ساتھ منانے کی اپیل کی۔اس دوران سمری، مادھوپور، بنولی، دھنکول، ٹیونگا، راجارولی، جلوار، کنسی، بھراٹھی، کنور پٹی، بستواڑہ، ارئی، بردی پور، سڑھواڑہ، ہرپور گاؤں میں روٹ مارچ کے ذریعے پولیس نے علاقے میں اپنی دبش برقرار رکھا۔پولیس نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے پولیس نے عام لوگوں سے افواہوں سے بچنے اور عوامی نمائندوں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ محرم کو پرامن طریقے سے منائیں، حساس مقام پر سادہ لباس میں مجسٹریٹ کے ہمراہ پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے، عوامی نمائندے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے امن و امان میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ موقع پر سب انسپکٹر سنجیو کمار، امن کمار سدھانشو، جیوتی کماری ایڈیشنل پولیس اسٹیشن آفیسر انجنا کماری، سب انسپکٹر اشوک سنگھ، اسسٹنٹ انسپکٹر امیت رنجن، رنجیت پاسوان، مہندی حسین، راماشنکر تیواری، رام داس یادو، پرشورام جھا، پی ٹی سی لکشمن کمار، انیل تیواری سمیت دیگر موجود تھے۔

ایم ایل اے جیویش کمار کی کوششوں سے جالے بلاک کے پانچ مقامات پر خراب ریاستی ٹیوب ویلوں کی مرمت کا کام شروع
جالے(محمد رفیع ساگر /بی این ایس)مقامی ایم ایل اے و سابق ریاستی وزیر جیوش کمار کی سفارش پر دربھنگہ کے چھوٹے آبی وسائل آبپاشی محکمہ نے جالے بلاک میں پانچ مقامات پر تباہ شدہ ٹیوب ویلوں کی بحالی کے لیے کام شروع کردیا ہے۔ فی ٹیوب ویل کی تزئین و آرائش کی لاگت 16,27,488 روپے بتائی گئی ہے۔
بلاک حلقہ کے سہس پور پنچایت کے چندونا، گھوگھراہا، ریونڈھا پنچایت کے ریونڈھا، کچھوا پنچایت کے ملک پور اور جالے نگر پریشد کے جالے بھٹاہی ٹول میں ٹیوب ویلوں کی تزئین و آرائش کا کام کیا جا رہا ہے۔جلد ہی تمام ٹیوب ویلوں کو چالو کر کے پنچایت کے مکھیا کے حوالے کر دیا جائے گا اور کسانوں کے لیے چالو کر دیا جائے گا جس سے کھیتوں میں سینچائی میں مدد ملے گی۔

گھنشیام پور اور بینی پور کے سابق ایم ایل اے مہندر جھا آزاد کا انتقال،ایم ایل اے جیویش کمار،پروفیسر ونئے کمار چودھری،مشری لال یادو سمیت کئی سیاسی لیڈران کا اظہار افسوس
جالے(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس)گھنشیام پور اور بینی پور اسمبلی حلقوں سے ایم ایل اے رہ چکے مہندر جھا آزاد اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ انہوں نے جمعرات کی دیر رات اپنے آبائی گاؤں مہنام میں 98 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔
وہ کافی عرصے سے بیمار چل رہے تھے۔ مہندر جھا آزاد نے 1980 سے 85 تک گھنشیام پور اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کی۔ اس کے بعد وہ 1985 سے 90 اور 1990 سے 95 تک بینی پور اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے رہے۔
وہ اس سے پہلے 1975 سے 85 تک مسلسل تین بار ضلع پریشد کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ کئی بار مہنام پنچایت کے مکھیا بھی رہے۔ان کے انتقال سے متھلانچل کا بڑا سیاسی نقصان ہوا ہے۔
آنجہانی مہندر جھا سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جگن ناتھ مشرا کے بہت قریب مانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال سے پورے دربھنگہ ضلع میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بینی پور کے ایم ایل اے پروفیسر ونئے کمار چودھری نے کہا کہ مہندر بابو ہمارے سرپرست کی حیثیت سے تھے۔ ان کی وفات سے ان کا ذاتی نقصان ہوا ہے۔
جالے کے ایم ایل اے جیویش کمار،جے ڈی یو لیڈر ولی امام بیگ عرف چم چم، علی نگر کے ایم ایل اے مشری لال یادو، دربھنگہ شہر کے ایم ایل اے سنجے سراوگی اور ایم ایل سی سنیل چودھری نے بھی ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اسی دوران بینی پور کے ایس ڈی او شمبھوناتھ جھا، بلاک پرمکھ چودھری مکند کمار رائے، جے ڈی یو بلاک صدر کیرتی موہن جھا، آر جے ڈی بلاک صدر نیلمبر یادو، بی جے پی بلاک صدر نٹور جھا، کانگریس ضلع صدر سیتارام چودھری وغیرہ موت کی اطلاع پر ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ان کے جسد خاکی پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔

Comments are closed.