سرکاری اسکولوں میں کتابوں کی دستیابی کے لئے کلکٹر کو میمورنڈم دیا گیا

 

برہان پور۔(پریس ریلیز) 3 اگست کو دارالسرور ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی برہان پور اور نیشنل میناریٹی مسلم ویلفیئر آرگنائزیشن برہان پور نے ضلع کے سرکاری اردو اسکولوں اور مدارس میں پہلی جماعت سے 12ویں جماعت کی کتابیں فراہم کرنے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سنتوش سنگھ سولنکی سے ملاقات کر ایک میمورنڈم پیش کیا۔

دارالسرور سوسائٹی کے چیئرمین تنویر رضا برکاتی نے کہا کہ رواں سال سیشن 24-2023 کے لیے تمام اسکولوں اور مدارس کو شروع ہوئے تقریباً 2 ماہ ہوچکے ہیں لیکن آج تک پہلی جماعت سے 12ویں جماعت تک اردو میڈیم کی کتابیں نہیں پہنچ سکیں۔ جس کی وجہ سے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اساتذہ کو بھی پڑھانے میں رکاوٹیں آرہی ہیں۔

نیشنل میناریٹی مسلم ویلفیئر آرگنائزیشن کے ضلع صدر نوشاد علی انصاری نے کہا کہ: مدھیہ پردیش حکومت آج تک اردو میڈیم کی کتابیں فراہم کرنے سے قاصر ہے، کتابوں کے بغیر طلبہ کا تعلیمی سیشن تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے اور ان کا مستقبل اب بھی پریشانیوں میں گھیرا ہوا ہے۔

مذکورہ موضوع پر معلومات حاصل کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سولنکی سر نے کہا کہ: ہم جلد از جلد اردو میڈیم کی کتابیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

Comments are closed.