نئی نسل کے تئیں اساتذہ کو اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی احساس دلانا ہوگا: ارشد فیضی
یوم اساتذہ کے موقع پر اسلامک مشن اسکول کے ڈائریکٹر کا پیغام،سوریا بڑی مڈل اسکول میں بھی تقریب کا انعقاد
جالے( محمد رفیع ساگر /بی این ایس)آج آپ سب نے مل کر فکری طور پر اپنے اساتذہ سے جس محبت کا اظہار کیا ہے وہ آپ کے شاندار مستقبل کی گواہی دینے کے لئے کافی ہے،آج کا دن ہمیں ملکی سطح پر تعلیمی خدمات انجام دینے والے ان لوگوں کی یاد دلاتا ہے جن کی شب وروز محنت جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے شاندار مستقبل کی ضمانت ہوتی ہیں،آپ کو یہ باتیں بنیادی طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ اساتذہ آپ کے لئے ایسے معمار کی حیثیت رکھتے ہیں جو اپنے آرام وسکون کو تج کر آپ کے سنہرے خوابوں کی تکمیل کی ہر پل کوشش کرتے ہیں،وہ خود جلتے ہیں تاکہ آپ کی زندگی قابل اطمینان حد تک روشن ہو سکے،اس لئے بحیثیت طالب علم آپ کی یہ ذمہ داری ہے کہ آپ ان کے احترام کو یقینی بنائے رکھنے کا عہد کریں اور اپنی ہر منزل کے لئے قدم قدم پر ان کی راہنمائیوں اور مشوروں کو اپنے لئے مشعل راہ سمجھیں۔ یہ باتیں یوم اساتذہ کے موقع پر اسلامک مشن اسکول جالے کے ڈائریکٹر مولانا محمد ارشد فیضی قاسمی نے طلبہ وطالبات کے سامنے پیش کئے گئے اپنے پیغام میں کہیں جبکہ اس موقع پر طلبہ وطالبات نے قیمتی تحفے دے کرپرسنپل تحریم خانم،ٹیچر درخشاں پروین،مسکان پروین،نہا پروین،ارم خاتون اور مسرت پروین سے اپنی محبت کا اظہار کیا اس موقع پر مولانا فیضی نے کہا کہ بحیثیت ٹیچر میں اپنی ذمہ داریوں کو محسوس بھی کرتا ہوں اور مجھے اپنے فرائض بھی اچھی طرح یاد ہیں لیکن اس میں میری کامیابی کا فیصد کیا ہے اس کا فیصلہ آپ سب مل ہی کر سکیں گے،انہوں نے کہا کہ استاد طالب علم کے لئے سب سے بڑا رہنما ہوتا ہے اس لئے میں اپنے اساتذہ سے بھی کہوں گا کہ آپ خود احتسابی کے ذریعہ اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں اور خود کو ایسا بنانے کی سمت میں قدم اٹھائیں جو طلبہ کے لئے قابل رشک ہوں۔انہوں نے کہا کہ آپ کو اپنے تئیں خود اعتماد ہونا ہوگا تاکہ آپ کے طلبہ بھی اپنے اندر خود اعتمادی کی بنیاد قائم کر سکیں اور یہ چیز ان کو کامیابی کی بلندیوں تک پہونچا دیں ،انہوں نے کہا کہ آج ہم اور آپ جس عظیم شخصیت کو یاد کررہے ہیں وہ ایک اچھے انسان ہی نہیں ایک قابل اعتبار ٹیچر،قابل رشک مفکر اور لائق فخر قوم کے معمار تھے اس لئے اس موقع پر ہمیں اپنے اندر اسی احساس کو بیدار کرنے کی فکر کرنی ہوگی تاکہ ہم آنے والے وقت میں ملک کے اندر ایک خوشگوار تعلیمی ماحول کے امین ومحافظ اور گواہ بن سکیں،مولانا فیضی نے اساتذہ سے کہا کہ آپ کی محنتوں کا کوئی معاوضہ نہیں دیا جا سکتا بلکہ کامیاب طلبہ کی پیش رفتیں ہی آپ کا قیمتی سرمایہ ہیں اور مجھے خوب احساس ہے کہ آپ اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے طلبہ کو خود سے زیادہ کامیاب دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں اس لئے میں آپ کی اس خواہش کا احترام کرتے ہوئے کہنا چاہوں گا کہ آپ طلبہ کے تئیں فکرمند ہوکر آگے بڑھنے اور بڑھتے رہنے کا عہد کریں،انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے مستقبل کو صحیح سمت دینے کے لئے اساتذہ کو نہ صرف اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا بلکہ انہیں اپنے عمل وکرار سے یہ ثابت کرنے کی فکر کرنی ہوگی کہ وہ استاد کی حیثیت سے نئی نسل کے بہتر تعلیمی مستقبل اور ان کی کردار سازی کے لئے پوری طرح سنجیدہ و ایماندار ہیں کیونکہ اس کااحساس کئے بغیر اخلاقی اور تعلیمی زوال کے اس خطرناک دور میں ہمارے لئے آگے بڑھنے کی راہیں کمزور ہو جائیں گی،انہوں نے کہا کہ آج 5 ستمبر کا دن یقینا ہمارے لئے خاص ہے کیونکہ ہم اس دن کو اساتذہ کا دن مانتے ہیں لیکن میں اس تاریخی موقع پر بس اتنا کہونگا کہ ایک استاذ ہونے کے ناطے میں کوشش کرونگا کہ آپ کو اس راستے پر لے جانے کا کام انجام دوں جو راستہ آپ کی کامیابی کی طرف جاتا ہو حالانکہ مجھے خوب احساس ہے کہ اس مقصد تک پہونچنا آج کے دور میں کوئی آسان نہیں لیکن میرے دل میں آپ سب کے لئے نیک خواہشات ہیں جن کو یقینی بنانے کے لئے میں خود اعتمادی کے ساتھ جد وجہد کرنے کا عہد کرتا ہوں تاکہ آپ کے منزل تک پہونچنے کا سفر آسان ہو سکے۔
ادھر بوکھرا بلاک کے مڈل اسکول سوریا بڑی میں ماسٹر شمس قمر آرزو کی قیادت میں یوم اساتذہ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں انہوں نے طلبہ کے تئیں اپنے احساس کو پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنے اساتذہ کا احترام کرتی ہے اس کے لئے کامیابی کے دروازے کھل جاتے ہیں اس لئے آپ کو اپنے اندر اساتذہ کے احترام کا خاص جذبہ پیدا کرنا ہوگا،انہوں نے کہا بحیثیت استاد میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے شاندار مستقبل کے لئے میں اپنی ساری توانائیاں صرف کرونگا ۔
Comments are closed.