فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے جموں و کشمیر جائیں گے پی ایم مودی!

وزیر اعظم نریندر مودی اس بار بھی دیوالی کا جشن فوجی جوانوں کے ساتھ منائیں گے۔ ’اے بی پی نیوز‘ نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پی ایم مودی دیوالی کے موقع پر جموں و کشمیر کے اخنور واقع جورین میں ہندوستانی فوج کے 191 بریگیڈ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم بی ایس ایف جوانوں کے ساتھ بھی دیوالی کا تہوار منائیں گے۔ حالانکہ یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ کس مقام پر وہ بی ایس ایف جوانوں کے ساتھ دیوالی منائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں دیوالی کا تہوار 12 نومبر یعنی اتوار کو منایا جائے گا۔ سبھی گھروں میں دیوالی کا جشن منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ سرحدوں پر موجود فوجی جوان بھی دیوالی کا تہوار مناتے ہیں، لیکن وہ اپنے رشتہ داروں سے دور رہتے ہیں جس کا انھیں افسوس رہتا ہے۔ ان فوجیوں کی تنہائی دور کرنے کے مقصد سے ہی پی ایم مودی ہر سال فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار مناتے ہیں۔ گزشتہ سال انھوں نے کارگل میں فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا جشن منایا تھا اور 2021 میں جموں و کشمیر کے نوشیرا سیکٹر میں فوجیوں کے ساتھ وقت گزارا تھا ۔
اس درمیان پی ایم مودی نے دیوالی کے موقع پر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’ووکل فار لوکل‘ کی پیروی کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار مصنوعات کو خریدیں۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’اسی دیوالی آئیے ہم نمو ایپ پر ووکل فار لوکل کے ساتھ ہندوستان کی صنعت کاری اور تعمیریت کے جذبہ کا جشن منائیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایسی مصنوعات خریدیں جو مقامی سطح پر بنائے گئے ہوں اور پھر نمو ایپ پر پروڈکٹ یا بنانے والے کے ساتھ ایک سیلفی شیئر کریں۔ اپنے دوستوں اور گھر والوں کو اس عمل میں شامل ہونے اور مثبت جذبہ کو پھیلانے کی اپیل کریں۔‘‘

Comments are closed.