Baseerat Online News Portal

ہر 10 منٹ میں ایک بچے کی موت، اسرائیلی ایکشن کی حمایت کرنے والے شرم کریں: پرینکا گاندھی

غزہ میں جاری اسرائیلی حملے کے درمیان ایک بار پھر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے متاثرین کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ انھوں نے اسرائیلی فوج کی کارروائی پر سوال کھڑا کرتے ہوئے فوراً جنگ بندی کی اپیل بھی کی ہے۔ ساتھ ہی اشارے ازارے میں ان حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے جنھوں نے غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کی حمایت کی ہے۔
دراصل پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر آج ایک پوسٹ کیا ہے جس میں غزہ پٹی میں بچوں کی لگاتار ہو رہی ہلاکتوں پر فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کتنا قابل مذمت اور افسوسناک واقعہ ہے۔ غزہ میں 10 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے تقریباً نصف بچے ہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اپنے پوسٹ میں ڈبلیو ایچ او کے ذریعہ پیش کردہ ڈاٹا کا بھی ذکر کیا ہے جس میں غزہ میں ہر 10 منٹ پر ایک بچے کی موت سے متعلق جانکاری دی گئی ہے۔ وہ لکھتی ہیں ’’ڈبلیو ایچ او کے مطابق ہر 10 منٹ میں ایک بچے کی موت ہو رہی ہے۔ اب حالات ایسے ہیں کہ چھوٹے بچوں کو آکسیجن کی کمی کے سبب ان کے انکیوبیٹر سے نکالنا پڑ رہا ہے اور انھیں مرنے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اسرائیلی ایکشن کی حمایت کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’غزہ میں تشویشناک حالات کے باوجود اس قتل عام کی حمایت کرنے والوں کی روح کو کوئی جھٹکا نہیں لگ رہا ہے۔ کوئی جنگ بندی نہیں… صرف زیادہ سے زیادہ بمباری، زیادہ تشدد، زیادہ قتل اور زیادہ درد۔ اس تباہی کی حمایت کرنے والی حکومتوں کو شرم آنی چاہیے۔ یہ کب ختم ہوگا۔‘‘

Comments are closed.