Baseerat Online News Portal

تلنگانہ انتخابات:رائے دہندگان کو راغب کرنے بعض امیدواروں نے شمشان میں دیوالی منائی

تلنگانہ انتخابات کے پیش نظر اپنے طبقہ سے تعلق رکھنے والے رائے دہندگان کو راغب کرنے کیلئے بعض امیدواروں نے کریم نگرٹاون میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ شمشان گھاٹوں میں روشنیوں کا تہوار دیوالی منایا۔

ایک انوکھے طریقہ کار کے تحت دلت طبقات نے یہ دیوالی کریم نگر ٹاون کے کرکناگڈہ شمشان گھاٹ میں منائی۔ان امیدواروں نے اپنے رشتہ داروں کی سمادھی کے قریب مختلف قسم کے پکوان رکھے جو اُن کو ان کی زندگی میں پسند ہوا کرتے تھے۔
اصل دھارے کی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ دیگر امیدواروں نے بھی اس میں حصہ لیا۔تلنگانہ کے وزیر سیول سپلائز گنگولہ کملاکر، کریم نگر کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے اور دیگر شمشان گھاٹ پہنچے اور دیوالی کا جشن منایا۔اس موقع پر کملاکر نے دعوی کیاکہ انوکھے انداز میں دیوالی منانے کی روایت تقریبا 6دہائی پرانی ہے۔ہر سال حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں انتظامات کئے جاتے ہیں۔اس میں آنجہانی افراد کے ارکان خاندان ان کی سمادھی پہنچ کر ان کی سمادھی پر پھول نچھاور کرتے ہیں اور دیپ جلاتے ہیں۔ساتھ ہی ان کے پسندیدہ ڈشس کو بھی ان کی سمادھی پر رکھا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں ان کے رشتہ دارکی جانب سے استعمال کی جانے والی تاڑی، بیڑی، سگریٹ اور گٹکھا کی پیکٹس کو بھی سمادھی کے قریب رکھاجاتا ہے جن کااستعمال وہ اپنی زندگی میں کیاکرتے تھے۔اس روایت کو مدنظررکھتے ہوئے کریم نگر بلدی حکام نے شمشان گھاٹوں کے قریب انتظامات کئے۔حکام نے روشنیوں، پینے کے پانی اور دیگر انتظامات کئے۔

Comments are closed.