مرکزی حکومت کے اشاروں پر نتائج میں الٹ پھیر

دیوبند: 7؍دسمبر (سمیر چودھری؍بی این ایس)
آل انڈیا ایجوکیشنل موومنٹ ویوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے موجودہ ہفتہ میں آنے والے انتخابی نتائج پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس بات سے قطعاً انکار نہیں کیا جاسکتا کہ الیکشن کمیشن نے مرکزی حکومت کے اشاروں پر نتائج کے الٹ پھیر میں اہم کردار ادا کیا ہے ، لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ عام جنتا کے سامنے اس وقت کوئی بھی جماعت اتنی مضبوط نہیں ہے جو فسطائی طاقتوں کو شکست دے کر ملک کے سیکولر کردار کو بحال کرسکیں۔ انہو ںنے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار آنے کا خواب دیکھنے والی سیاسی جماعتیں جب تک عوام کے درمیان اپنی غلطیوں کی معافی نہیں مانگیں گی عوام انہیں معاف نہیں کریںگی۔ راجستھان کے نتائج نے تو یہ بات بالکل واضح کردی ہے کہ کانگریس حکومت گزشتہ پانچ سالوں میں کوئی ایسا قابل ذکر کام نہیں کیا جو انہیں فتح سے ہمکنار کرسکتا، گزشتہ پانچ سالوں میں ماب لنچنگ کے پے در پے واقعات اور ان پر حکومت کی طرف سے کوئی بھی عملی کارروائی نہ ہونے سے سیکولر افراد کے اس دعوے کو مضبوطی ملی کہ ریاستی حکومت کے کردار رمیں کوئی فرق نہیں ہے جس کی وجہ سے فرقہ پرست جماعتوں کے حوصلے بلند ہوتے رہے اورالیکشن کے موقع پر فرقہ پرستوں نے سیکولر طاقتوں کو کنارے لگاکر ثابت کردیا کہ ملک اس وقت جس سمت میں جارہا ہے وہ آئندہ سال ہونے والے مرکزی انتخابات میں فسطائی طاقتوں کو قوت فراہم کرے گا۔ مولانا عبید اقبال عاصم نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے کہ سیکولر جماعتیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے فرقہ پرستوں کے حوصلے پست کرنے کے لئے یکجا ہوجائیں۔
Comments are closed.