دنیا کو دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنانی ہوگی: ڈاکٹر عمار رضوی

سرحد پار سے اسپانسر کیا گیا دہشت گردی کا عمل بھارت کی یکجہتی اور سالمیت کو توڑنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا
لکھنٶ(ابوشحمہ انصاری))اتر پردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ، سینئر بی جے پی رہنما اور آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے اپنے حالیہ یورپ کے دورے کے دوران انگلینڈ میں مختلف عالمی امن تنظیموں اور وہاں کی معزز شخصیات سے ملاقات کی، اور بھارت کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
گزشتہ ماہ پہلگام میں ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے میں معصوم اور بے گناہ لوگوں کے قتل کے جواب میں، بھارت سرکار کی جانب سے پڑوسی ملک کے زیرِ انتظام دہشت گرد ٹھکانوں پر کی گئی فوجی کارروائی "آپریشن سندور” پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ڈاکٹر رضوی کے مطابق، پڑوسی ملک سازش کے تحت عالمی سطح پر، خاص طور پر یورپی ممالک کے اقلیتی طبقے میں گمراہ کن فضا پیدا کر رہا ہے تاکہ بھارت سرکار کے خلاف آپریشن سندور کے حوالے سے غلط فہمی اور بے چینی کو فروغ دیا جا سکے۔
انگلینڈ میں بڑی تعداد میں بھارتی نژاد افراد رہتے ہیں، جن میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شامل ہیں۔
ڈاکٹر رضوی نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن میں معزز ہائی کمشنر وکرم دورائی سوامی سے خیرسگالی ملاقات کی۔ ڈاکٹر رضوی نے انگلینڈ آنے والے بھارتی شہریوں کو بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات پر مسرت کا اظہار کیا اور برطانیہ میں بھارتی پالیسیوں کی مؤثر تشہیر پر ہائی کمشنر کی ستائش کی۔
Comments are closed.