اس نوعیت کے مقابلے طلباء کو زندگی میں آگے بڑھنے کا جذبہ عطا کرتے ہیں :الماس افروز شیخ

اردو کارواں کے عشرۂ اردو کے نویں پروگرام کے طور پر بی ایم سی کے سیکنڈری اسکول کے طلبہ و طالبات کا تقریری مقابلے کا انعقاد
ممبئی(پریس ریلیز) اردوکارواں کے عشرۂ اردوکے نویں پروگرام کے تحت منعقد تقریری مقابلے میں بطور منصف شریک عامر بشیر (سبکدوش ٹیچر آئیڈیل ہائی اسکول، تھانہ) نے کہا کہ ایسے مقابلے بچوں کی صلاحیتوں کو جلا بخشتے ہیں ۔دوسرے منصف محمد رفیق ملکاپوری (سبکدوش ٹیچر بی-ایم-سی) نے کہا اس طرح کے مقابلوں کے ذریعے بچوں میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے جو ان کو دیگر مقابلوں اور مسابقتی امتحانات میں تیاری کے لیے خود کفیل بناتی ہے۔ مقابلے کے تیسرے منصف محمد جابر تاج محمد (سبک دوش صدرِ مدرس نہرو نگر میونسپل اسکول) نے اردو کارواں کو ایسے مقابلے منعقد کرنے پر مبارکباد دیتے ہوۓ کہا کہ اس طرح مقابلے بچوں میں کچھ کر گزرنے کا جذبہ پیدا کرتے ہے اور ساتھ ہی وہ زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بن جاتے ہیں۔
پروگرام کی صدارت الماس افروز شیخ (بیٹ آفیسر سیکنڈری سیکشن بی-ایم-سی) نے کی۔ موصوفہ نے اردو کارواں کو بہت مبارک باد دی اور کہا کہ اردو کارواں نے بچوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جو قابل قدر ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا جس کے سبب اس مقابلے میں ۲۳ اسکولوں نے شرکت کی۔ طلبہ و طالبات سے مخاطب ہوکر انہوں نے فرمایا کہ اس نوعیت کے مقابلے طلبہ و طالبات کو زندگی میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ میر کارواں فرید احمد خان نے اپنے خطاب میں طلبہ سے کہا کہ اردو کارواں اپنے قیام سے لے کراب تک اردو میڈیم طلباء کو بالخصوص پر اعتماد بنانے پر مسلسل کوشاں ہے اور آج کا یہ مقابلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عشرہ ٔاردو کے تمام مقابلوں میں اردو کارواں کے منتظمین نے اسکولی سطح سے لے کر یونیورسٹی یا پی ایچ ڈی کے سطح تک کے مقابلے رکھے تھے۔ اس اہم مقابلے میں الیاس خان سر (معلم و صدر آیٹا ممبئی) کی کاوشوں سے اردو کارواں کے منعقدہ عشرۂ اردو میں کسی بھی مقابلے سے زیادہ طلباء نےحصہ لیا تھا ۔ مقابلے میں امتیازی مقام حاصل کرنے والے طلبہ کی تفصیلات یوں ہے، اول انعام : صالحہ انعام اللہ مغل (کرلا نوپاڑہ میونسپل سیکنڈری اسکول) دوم انعام : سید عظمیٰ اسحاق (اندھیری ویسٹ میونسپل سیکنڈری اسکول) سوم انعام : محمد زید امتیاز (شاہ جی نگر میونسپل سیکنڈری اسکول) حوصلہ افزائی۔۱:ام رقیہ جواد علی شیخ (تلشیٹ پاڑہ میونسپل سیکنڈری اسکول) حوصلہ افزائی ۔۲: خان غزالہ محب الرحمٰن (موہیلی ولیج میونسپل سیکنڈری اسکول) اس مقابلے میں طلبہ کے ساتھ ان کی سرپرستی کے طور پر ان کے اساتذہ اور بعض کے والدین نے بھی شرکت کی اس پروگرام میں الیاس خان سر اور وسیم شیخ سر نے بھی اظہار خیال کیا۔ پروگرام میں صدر جلسہ، تینوں مصنفین اور سیکنڈری کی انچارج شمیم مغل مس کی اردو کارواں کی جانب سے تہنیت کی گئی۔ نہرونگر کرلا ایسٹ میونسپل اسکول کے شاندار اور خوبصورت اور آڈیٹوریم میں طلبہ کا جوش دوران مقابلہ دیکھنے سے بن رہا تھا اور طلبہ کی تقاریر سن کر یہ بھی اندازہ ہوا کہ ان کے اساتذہ نے ان پر بہت محنت کر کے ان کو اچھی طرح سے اس مقابلے کے لیے تیار کرایا تھا۔ صدر پروگرام الماس افروز شیخ نے تینوں منصفین اور اردو کارواں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی بھی درخواست کی کہ اردو کارواں میو نسپل اسکولوں کے طلبہ کے لیے مزید مقابلوں کا اہتمام کرے کیونکہ اب طلبہ کے لیے مقابلوں کا انعقاد کرنے والی تنظیمیں نہیں کے برابر رہ گئی ہیں۔ تقریری مقابلے میں شامل کچھ طلبہ نے اپنے تاثرات بھی نہایت پر اعتماد طریقے سے پیش کیے ۔پروگرام میں سبھی شرکاء کا شکریہ پرنسپل سائرہ خان (آر سی ڈی ایڈ کالج امام باڑہ) نے ادا کیا۔ اسی طرح کے مقابلوں کا اہتمام اردو کارواں کی اورنگ آباد شاخ کے ذمہ داران نے بھی کیا۔جن میں کثیر تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔ اج بروز پیر مورخہ 11 دسمبر اردو کارواں کے عشرہ اردو کے جملہ مقابلوں کا تقسیم انعامات کا تہنیتی جلسہ منعقد ہونے جا رہا ہے یہ جلسہ آج دوپہر دو بجے خلافت ہاؤس بائیکلہ ایسٹ میں منعقد ہوگا جس میں ممبئی و اطراف سے ممتاز پوزیشن حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو انعامات سے نوازا جائے گا نیز گزشتہ دو سالوں میں ممبئی یونیورسٹی سے اردو ادب میں پی ایچ ڈی حاصل کرنے والوں کی تہنیت بھی صدر شعبہء اردو ممبئی یونیورسٹی عبداللہ امتیاز کی موجودگی میں کی جائے گی۔ منتظمین نے محبان اردو سے شرکت کی استدعا کی ہے۔

Comments are closed.