نکاح انتہائی مُقدس رشتہ ہے، اس کے تقدس کی نگہبانی پورے خاندان کو مل کر کرنی چاہیے: مفتی محمد اشفاق قاضی

ہمراہی میرج بیورو میچ میکنگ پروگرام اور پری میریٹل کاؤنسلنگ ورکشاپ

ممبئی(پریس ریلیز)جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو کی جانب سے ، بتاریخ 10 دسمبر 2023 بروز اتوار ، جوگیشوری کے اسکالر ہایٔ اسکول میں ، بوقت صبح 11 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز تذکیر بالقرآن ( سورہ النساء —آیت نمبر 1) سے مولانا ظفر عالم خان نے کیا۔ آپ نے فرمایا:’’ انسان کے سارے اعمال عبادت بن سکتے ہیں اگر انسان ان کو عبادت سمجھ کر کرے۔اسی طرح نکاح بھی ایک عبادت ہے۔نکاح کے ذریعے شوہر اور بیوی پر ایک دوسرے کے تـٔیں جو فرائض عاـئد ہوتے ہیں وہ انہیں حسن خوبی سے ادا کریں ، اس احساس کے ساتھ کہ اللہ تعالیٰ میری نگرانی کر رہا ہے اور میں اسکے سامنے اپنے اعمال کے لئے جوابدہ ہوں۔‘‘
افتتاحی کلمات کے ذریعہ پروگرام کی غرض و غایت پیش کرتے ہوئے ریحانہ دیشمکھ ( سیکریٹری جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو لیڈیز ونگ) نے کہا کہ والدین کے لئے سب سے اہم کام اپنے بیٹے اور بیٹیوں کے لئے موزوں رشتہ تلاش کرنا ہوتا ہے۔ صحیح رشتہ تلاش کرنا،چیلنجوں اور غیر یقینی صورت حال سے بھرا ہوا ایک سفر ہوتا ہے ۔ اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے جماعت اسلامی ہند ممبئی نے ہمراہی میرج بیورو کے نام سے ایک ایسا پلیٹ فارم متعارف کروایا جس نے مشترکہ اقدار ، رویات اور عقائد کے تناظر میں رشتہ کی تلاش کو آسان بنا دیا۔مزید یہ بھی کہا کہ وجوہات چاہے جو بھی رہی ہوں آج کے حالات کے تناظر میں طلاق کے معاملات میں پچھلے دس سالوں کی بہ نسبت اضافہ ہوا ہے ، اس لئے شادی سے پہلے لڑکے اور لڑکیوں کی کاؤنسلنگ کی اشد ضرورت ہے اور مسلم سماج میں کاؤنسلنگ کا ایک مضبوط نظام جاری و ساری ہونا چاہیے۔
’’کامیاب نکاح کیسے ؟‘‘ اس موضوع پر پری میریٹل کاؤنسلنگ ورکشاپ کے لئے مفتی اشفاق قاضی کو مدعو کیا گیا۔ آپ نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں اور بچیوں کو نکاح سے پہلے ہی اپنے لاـئف پارٹنر کے بارے میں سوچ رکھنا چاہیے ، اس لئے کہ ہمارے سلف میں سے جتنے بھی اسکالرز گزرے ہیں سبھی نے اپنے نکاح سے پہلے اپنی شریک حیات کے بارے میں سوچ رکھا تھا کہ انکی شریکِ حیات کیسی ہو ۔آپ نے مزید یہ بھی کہاکہ زوجین کو چاہیے کہ وہ اپنی ازدواجی زندگی کو بیلنس کرنا سیکھیں ۔ ماں کا احترام بھی کریں اور بیوی کا بھی خیال رکھیں ۔ والدین کی بے توجہی کی وجہ سے آج ہمارے بچے اور بچیاں غلط راہوں پر جا رہے ہیں۔ نکاح سے پہلے ہی اگر بچوں اور بچیوں کی صحیح رہبری و رہنمائی کی جاۓ تو ان کے اندر ازدواجی زندگی گزارنے کا حقیقی شعور پیدا ہوگا اور اللہ بھی اس میں برکت عطا فرمائے گا ۔ تقریر کے بعد مفتی اشفاق قاضی نے حاضرین کے سوالوں کا تسلی بخش جواب دیا۔ اس پری میریٹل کاؤنسلنگ ورکشاپ میں حاضرین کی تعداد تقریباً 200 رہی۔
اسکے بعد میچ میکنگ اور روبرو ملاقات کا سلسلہ شام 5 بجے تک جاری رہا۔ اس میچ میکنگ پروگرام میں 94نئے لوگوں نے رجسٹر یشن کروایا۔ جس میں لڑکوں اور لڑکیوں کے پروفائلز بالترتیب 28 اور 66 ہیں۔ نظامت کے فرائض صادق شیخ نے بخوبی انجام دیئے۔

Comments are closed.