Baseerat Online News Portal

اپوزیشن کے 141 اراکین پارلیمان کو ایوان سے معطل کرنے کا مودی حکومت کا اقدام آمرانہ اور جمہوریت کا قتل ہے: عبدالمجید ایس ڈی پی آئی

 

 

بنگلور: 20 دسمبر 2023ء (پریس ریلیز) سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کرناٹک کے ریاستی صدر عبدالمجید نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں 141 اراکین پارلیمان یعنی اپوزیشن کے 70%فیصد منتخب اراکینِ پارلیمان کو ایوان سے معطل کیے جانے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کا یہ اقدام آمرانہ ہے اور جمہوریت کا قتل ہے۔پارلیمنٹ جمہوریت کی روح ہے۔ وہاں حکمران پارٹی جتنی اہم ہے، اپوزیشن کی ضرورت بھی اتنی ہی اہم ہے۔ اپوزیشن کے بغیر جمہوریت روح کے بغیر جسم کے مترادف ہے۔ یہ مودی حکومت کی ناکامی ہے کہ ملک کی سب سے بڑی پنچایت کہلانے والی پارلیمنٹ میں شرپسندوں نے گھس کر اسموک بموں کا استعمال کیا۔ اس بارے میں پارلیمنٹ میں بیان دینا وزیر داخلہ کا بنیادی فرض ہے۔ لیکن یہ آمرانہ حکومت بیان دینے کے بجائے اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرکے نہ صرف اپوزیشن بلکہ پورے ملک کو خاموش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی کا ماحول ہے۔ عبدالمجید نے اپنے بیان میں کہا کہ ایس ڈی پی آئی مودی حکومت کے اس جمہوریت مخالف اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے۔ جب کہ پارلیمنٹ میں حز ب اختلاف کے تقریبا تمام اراکین باہر ہیں، ایک بہت اہم بل پیش کرنے اور اسے پاس کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو بھارت کے قانونی ضابطوں کی نئی وضاحت کرے گا۔ عبدالمجید نے الزام لگایا کہ ان معطلیوں کی وجہ بل پر اعتراضات اور مخالفت کو روکنا ہے۔ عبدالمجید نے بیان میں کہا ہے کہ ایس ڈی پی آئی اراکین پارلیمان کی معطلی کو واپس لینے اور بی جے پی اور مودی اپنے متکبرانہ اور آئین مخالف رویہ کو درست کرنے کے مطالبے کو لے کر ریاست گیر احتجاج کرے گی۔

Comments are closed.