تبلیغی جماعت کے حوالے سے دارالعلوم دیوبند کا دوٹوک موقف — حضرت مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب کی آواز، ہماری تائید اور لبیک!
از: محمد شاہد ناصری حنفی
مدیر ماہنامہ مکہ میگزین ممبئی
دین کی تاریخ میں فتنوں کی سب سے خطرناک صورت وہ نہیں ہوتی جو کھلے طور پر حق کا انکار کرے، بلکہ وہ ہوتی ہے جو حق کے لباس میں نمودار ہو، دینی نسبتوں کا سہارا لے، عوام کے جذبات سے قوت حاصل کرے اور رفتہ رفتہ معتبر علمی روایت سے لوگوں کا رشتہ کمزور کر دے۔ ایسے مواقع پر خاموشی، مصلحت اور تعلقات کی پاسداری اگر حق کی وضاحت میں رکاوٹ بن جائے تو یہ حکمت نہیں، حق کی ذمہ داری سے گریز ہے۔
علمائے دیوبند کی تاریخ اس حقیقت کی شاہد ہے کہ انہوں نے باطل کے تعاقب میں کبھی اس کی نسبت، شہرت یا ظاہری دینی وابستگی کو آڑے نہیں آنے دیا۔ فتنہ کسی بھی دروازے سے داخل ہو، کسی بھی نام سے پہچانا جائے اور کسی بھی طبقے میں سر اٹھائے، اکابر نے اسے علمی بصیرت سے پہچانا اور دلائل کے ساتھ اس کی تردید کی۔ ان کا امتیاز یہی تھا کہ دین کے معاملے میں نہ شخصیات کو معیار بنایا، نہ تعلقات کو حق پر مقدم رکھا، نہ مصلحت کے نام پر اصولوں کو قربان کیا۔
اسی زندہ روایت کی نمائندگی کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب دامت برکاتہم نے موجودہ فکری انتشار کے مقابلے میں جس صراحت، جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ہم حضرت والا کی خدمت میں ہدیۂ تبریک پیش کرتے ہیں کہ آپ نے اس ماحول میں حق کی ترجمانی کا فریضہ ادا کیا، جہاں بعض لوگ باطل کی تردید کو انتشار اور انحراف کی نشاندہی کو اختلاف انگیزی قرار دے کر اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں۔ حق کی آواز اگر کسی کو ناگوار گزرے تو اس سے حق کی حیثیت تبدیل نہیں ہوتی؛ اور باطل اگر کثرتِ اتباع حاصل کر لے تو اس کی حقیقت حق نہیں بن جاتی۔
ہم اس موقع پر بلا خوفِ ملامت، بلا کسی اگر مگر اور ہر طرح کی مداہنت و مصلحت سے بالاتر ہوکر پوری صراحت کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث، خلیفۂ ارشد مفتیِ اعظم ہند حضرت مولانا مفتی محمود حسن گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب دامت برکاتہم کی جانب سے تبلیغی جماعت کے تعلق سے جو ہدایات اور اصولی موقف سامنے آیا ہے، ہم اس کی تائید کرتے ہیں، تحسین کرتے ہیں، تصدیق کرتے ہیں اور اس پر لبیک کہتے ہیں۔
یہ کسی شخصیت کی غیر مشروط حمایت نہیں، بلکہ ایک معتبر علمی و دینی مرکز کی رہنمائی سے وابستگی کا اعلان ہے، جس کی بنیاد قرآن و سنت، اکابر کی علمی روایت اور جمہور علماء کے منہج پر قائم ہے۔
ہم تمام مسلمانوں، بالخصوص علمائے کرام، مشائخِ عظام، ائمۂ مساجد، اربابِ مدارس اور تبلیغی جماعت سے وابستہ احباب سے اپیل کرتے ہیں کہ دارالعلوم دیوبند کے ساتھ اپنے علمی، فکری اور دینی رشتوں کو مضبوط رکھیں۔ دارالعلوم دیوبند برصغیر کے مسلمانوں کا ایک عظیم اور مرکزی دینی و علمی ادارہ ہے، جس نے ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے تک قرآن و سنت کی تعلیم، تشریح، تفسیر، تفہیم اور اشاعت کی ذمہ داری ادا کی ہے۔ ہماری دینی زندگی کا تقاضا ہے کہ ہم اس معتبر علمی روایت سے اپنا تعلق محض تاریخی نسبت کی حد تک نہ رکھیں، بلکہ اس کی علمی رہنمائی کو اپنی دینی زندگی کا رہبر بنائیں۔ ہمیں قرآن و سنت کو اکابرِ امت کی تشریح و تفہیم اور مستند علماء کی رہنمائی میں سمجھنا اور اسی کے مطابق اپنی زندگی کی شاہراہ متعین کرنا ہے۔ دارالعلوم دیوبند سے وابستگی محض ایک ادارے سے محبت کا نام نہیں، بلکہ اس علمی و فکری امانت سے وابستگی کا نام ہے جس کی حفاظت کے لیے ہمارے اکابر نے اپنی زندگیاں کھپا دیں۔
تبلیغی جماعت ہماری جماعت ہے، علمائے دیوبند کے اکابر کی محنتوں اور قربانیوں کا ثمرہ ہے۔ دارالعلوم دیوبند یا ہمارے علماء کرام کسی فرد کو یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ اپنی انفرادی فکر اور من مانی تعبیرات کے ذریعے کسی بھی جماعت یا اس کے افراد کو اصل عقائد و نظریات سے منحرف کرے۔ ہمارا عزم ہے کہ آخری دم تک اس جماعت کو قرآن و سنت کے اسی منہج پر قائم رکھنے کی جدوجہد کرتے رہیں گے جس پر ہمارے اکابر نے اس کی بنیاد رکھی تھی۔ ہم جماعت سے دست بردار نہیں، بلکہ اس کے اصل منہج کی حفاظت کے لیے میدان میں ہیں؛ جماعت ہماری ہے تو اس کی فکری و دینی امانت کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
مرکز نظام الدین میں مولانا محمد سعد صاحب کی قیادت و فکر کے حوالے سے اختلافات جس مرحلے پر پہنچے اور جس کے نتیجے میں پرانے ذمہ داروں کی ایک بڑی جماعت الگ ہوکر شوریٰ کے تحت کام کرنے لگی، وہ محض انتظامی اختلاف نہیں رہا۔ اس کے پس منظر میں علمی تعبیر، دینی موقف اور علماء کے ساتھ تعلق جیسے بنیادی سوالات بھی سامنے آئے ہیں۔
یہاں ایک سوال نظرانداز نہیں کیا جا سکتا: دینی قیادت کا معیار کیا ہے؟ محض جماعتی اثر و رسوخ، تقریر کی قوت، عوامی قبولیت اور کسی تحریک کی سربراہی؟ یا اس کے ساتھ علومِ دین میں پختگی، اکابر و اسلاف کی صحبت، جید علماء کے سامنے تربیت، علمی مذاکرے کا سلیقہ، اپنے فہم کی حدود کا اعتراف اور غلطی پر رجوع کرنے کا حوصلہ بھی ضروری ہے؟ مولانا محمد سعد صاحب کے علمی ادراک، تربیت، تزکیہ اور اہلِ علم کے ساتھ ان کے تعلق کے حوالے سے جو سوالات اٹھتے ہیں، انہیں شخصی عقیدت کی دبیز تہوں میں چھپا دینا دانش مندی نہیں۔ دین کسی فرد کی ذاتی تشریح کا نام نہیں کہ وہ اپنی رائے کو منہجِ سلف اور جمہور علماء کی علمی روایت سے بلند سمجھنے لگے۔ دعوت کی نسبت، علم کی سند اور دینی قیادت کا منصب کسی کو شریعت کی تعبیر میں بے قید اختیار نہیں دے دیتا۔
ہم شوریٰ کے تحت کام کرنے والے حضرات سے بھی صاف کہنا چاہتے ہیں کہ ایک فکری انحراف کے مقابلے میں کھڑا ہونا بذاتِ خود ہر فکر و عمل کے درست ہونے کی ضمانت نہیں۔ اگر آپ کے حلقے میں علماء کے احترام، ان کی رہنمائی قبول کرنے اور علمی احتساب کی کمزوری ہے، یا دین کی ایسی تعبیرات عوام تک پہنچ رہی ہیں جو جمہور علماء کے عقائد، منہجِ سلف اور سنتِ نبوی سے متصادم ہیں، تو ان کی اصلاح بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ ایک غلطی سے نکل کر دوسری غلطی میں داخل ہونا اصلاح نہیں؛ اور مخالف کی لغزش کو اپنے لیے جواز بنا لینا حق کی خدمت نہیں۔ حق کسی دھڑے کی میراث نہیں، وہ ہر شخص اور ہر جماعت سے یکساں وفاداری کا مطالبہ کرتا ہے۔
ہم دنیا بھر کے علمائے دیوبند، اہلِ مدارس اور دینی حلقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس فکری انحراف کے مقابلے میں اپنی ذمہ داری محسوس کریں۔ محض لاتعلقی اختیار کرکے یا یہ سمجھ کر کہ وقت خود سب کچھ ٹھیک کر دے گا، اس مسئلے سے صرفِ نظر نہ کیا جائے۔ جو لوگ مولانا محمد سعد صاحب کے افکار سے متاثر ہوکر علمی روایت اور منہجِ سنت سے دور جا رہے ہیں، ان تک محبت، دلیل، خیرخواہی اور بالغ نظر علماء کی رہنمائی پہنچائی جائے۔ افراد کو بچانا، نظریات کی اصلاح کرنا اور امت کو فکری انتشار سے محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اختلاف کو دشمنی نہ بنائیں، مگر حق کو مصلحت کی نذر بھی نہ ہونے دیں۔
علمائے دیوبند کی پہچان کسی شخصیت کے گرد حصار کھڑا کرنا نہیں، بلکہ کتاب و سنت اور منہجِ اسلاف کے گرد پہرہ دینا ہے۔ اگر آج ہم تعلقات کے خوف سے حق کہنے میں جھجکیں، شخصیات کے دباؤ سے دلیل کو کمزور کریں، یا جماعتی وابستگی کو دینی معیار بنا بیٹھیں، تو کل ہماری خاموشی ہی ان فتنوں کی قوت بن جائے گی جن کے خلاف آج زبان کھولنے سے ہم گریز کر رہے ہیں۔ تاریخ میں باطل کو صرف اس کے علمبردار ہی نہیں، وہ خاموش لوگ بھی تقویت دیتے ہیں جنہیں حق معلوم ہوتا ہے مگر وہ بولنے کی جرأت نہیں کرتے۔
اللہ تعالیٰ حضرت مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب دامت برکاتہم کو صحت و عافیت، عمرِ دراز اور حق پر استقامت عطا فرمائے، علمائے حق کو بے خوف ترجمانی کی توفیق دے، تبلیغی جماعت کے تمام حلقوں کو منہجِ سنت اور اکابر کی علمی روایت سے وابستہ رکھے، اور فکری لغزشوں میں مبتلا ہر شخص کو حق کی طرف رجوع کی سعادت نصیب فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔
Comments are closed.