تعلیم نسواں

 

مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ

 

اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کو پیدا کیا، اور مرد و عورت کی تخلیق کی، توالد و تناسل کا سلسلہ جاری کیا اور ہر دو صنف (مرد و عورت) کو اوصاف حمیدہ اور اخلاق حسنہ کے حصول کے یکساں مواقع عطا فرمائے اور اپنے جود و کرم، بخشش و عطا میں کوئی تفریق نہیں کی، اور انسانوں کو وہ سکھایا جو وہ نہیں جانتا تھا۔

اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی علم حاصل کرنا ہر مسلمان کے لیے لازم قرار دیا، خواہ وہ عورت ہو یا مرد، ابوداؤد کی ایک روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، شفاء بنت عبداللہ کے پاس تشریف لائے اور ارشاد فرمایا کہ: "جس طرح تم نے حفصہ کو لکھنے کی تعلیم دی، اسے پہلو کے زخم کے جھاڑ پھونک کی تعلیم کیوں نہیں دیتی۔”

بخاری شریف کی ایک روایت میں باندیوں کے بارے میں آپ نے ارشاد فرمایا کہ جس شخص کے پاس لونڈی ہو اور اس نے اسے اچھی تعلیم و تربیت دے کر آزاد کر دیا پھر اس سے نکاح کر لیا تو اسے دہرااجر ملے گا، مسند امام اعظم میں حضرت ام ہانی سے ایک روایت یہ بھی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ صدیقہ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا: اے عائشہ! تجھ کو چاہئے کہ تیرا شعار معلم اور قرآن ہو۔

ان روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام نے علم کے حصول میں مرد و عورت میں کوئی تفریق نہیں کی ہے، اور تفریق کی بھی نہیں جاسکتی؛ کیونکہ علم کے بغیر شائستگی، خانگی امور کی ادائیگی اور بچوں کی تربیت جیسے اہم مسائل میں عورتیں پیچھے رہ جائیں گی، جس سے زن و شو کے باہمی تعلقات بھی متاثر ہوں گے اور زندگی میں جہالت باقی رہ جائے گی۔

ایک روایت کا مفہوم ہے کہ علم مہد یعنی ماں کی گود سے لحد تک حاصل کرو۔ ماں کی گود میں علم حاصل کرنا اس وقت ممکن ہوگا جب ماں میں پڑھی لکھی اور تربیت یافتہ ہوں، اسی لیے نیپولین نے کہا تھا کہ بہترین مائیں بہترین بچے پیدا کرتی ہیں، حاتم کے تذکرہ میں لکھا ہے کہ ایک بار حاتم طائی کی سخاوت کا شہرہ سن کر اس کے باپ کو کسی قبیلہ والے نے دعوت دی، خوب خوشیاں منائی گئیں اور یہ درخواست کی گئی کہ ہم آپ کو اس لیے لائے ہیں تاکہ ہمارے قبیلہ میں بھی ایک حاتم جیسا لڑکا پیدا ہو، حاتم کے والد نے جواب دیا کہ یہ کام مجھ سے نہیں ہوگا؛ اس لیے کہ تمہارے یہاں حاتم کی ماں جیسی لڑکیاں نہیں ہیں، اس واقعہ سے آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ماں کے عادات و اطوار، اوصاف و خصائل کا اثر اتنا بچے پر ہوتا ہے، ماں اگر پڑھی لکھی ہوگی تو وہ بچوں کی تعلیم و تربیت اسلامی خطوط اور دینی نہج پر کر سکے گی، ورنہ بچے کندہ نا تراش ہو کر رہ جائیں گے۔

یہی وجہ ہے کہ عہد نبوی میں مردوں کے ساتھ عورتیں بھی تعلیم کے حصول میں کوشاں رہتیں تھیں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کمی کا انہیں احساس ہوتا تو دربار رسالت میں استفسار کرتیں اور تعلیم و تعلم کا کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دیتیں، بخاری شریف کی ایک حدیث ہے، جس کے راوی حضرت ابوسعید خدری ہیں، نقل کرتے ہیں کہ ایک دفعہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس عورتوں کا ایک وفد آیا اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! مرد علم حاصل کرنے میں ہم سے آگے بڑھ گئے ہیں؛ اس لیے آپ ہمارے لیے کوئی دن مخصوص فرمادیں، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن کا وعدہ فرمایا، اس دن آپ عورتوں کو نصیحت فرماتے، احکام الہی کی تعلیم دیتے، پھر عورتیں موقع بہ موقع حاضر ہو کر استفسارات کرتی اور اپنے اشکالات دور کیا کرتیں، مورخین اور سیرت نگاروں نے بہت ساری صحابیات کا تذکرہ کیا ہے، جن کا علم و فضل مسلم تھا، خود ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ بڑی عالمہ، فاضلہ اور فقہ و فتاویٰ میں مجتہدانہ درک رکھتی تھیں، ان کی مرویات کی تعداد دو ہزار دوسو دس ہے، کثرت روایت میں پورے ذخیرۂ حدیث میں آپ کا نمبر چوتھا ہے، عمر رضا کاہله نے اعلام النساء کی پانچ ضخیم جلدوں میں خواتین کے علمی مقام اور ان کی خدمات کا تذکرہ کیا ہے۔

سلطان محمد تغلق م1324ء تا 1351ء کے عہد میں مقریزی کی روایت ہے کہ تعلیم اس قدر عام تھی کہ کنیزیں تک حافظ قرآن اور عالمہ ہوتی تھیں، اور دور کیوں جائے ماضی قریب میں حضرت مولانا ابوالحسن علی ندوی کی والدہ خیر النساء بہتر اور بہن امتہ اللہ تسلیم کے علم و فضل کو دیکھئے، شعر و شاعری، حدیث و قرآن کا اتنا اچھا علم، بہت سارے ان مردوں کو بھی نہیں ہے، جنھوں نے اسلامی جامعات میں تعلیم حاصل کی ہیں۔

اس طرح عورتوں کا تعلیم حاصل کرنا اسلامی بھی ہے اور اسلاف کی روایات کے عین مطابق بھی، لیکن یہاں یہ سوال باقی رہ جاتا ہے کہ انھیں کیا پڑھایا جائے؟ اور کس طرح پڑھایا جائے، کیا پڑھایا جائے کے جواب میں راقم الحروف کا خیال ہے کہ انھیں دینیات، تہذیب نفس اور تدبیر منزل کی تعلیم تولازماً دینی چاہئے، دینیات سے انھیں معاشرت، معاملات اور عبادات میں اسلامی طریقہ کار کا پتہ چلے گا، تہذیب نفس کی تعلیم سے ان میں اخلاق حسنہ پیدا ہوں گے اور تدبیر منزل سے واقفیت انھیں خانگی امور کے بہ حسن و خوبی انجام دینے میں معاون ہوگی، اس طرح وہ گھر کی چہار دیواری میں رہ کر بھی اپنے خاندان کی نگہداشت بچوں کی تعلیم و تربیت اور صالح معاشرہ کی تشکیل میں اپنی حصہ داری ادا کر سکیں گی۔

ان کے علاوہ کچھ علوم تو وہ ہیں جن کی ضرورت عورتوں کو پڑتی ہے مثلاً طب و میڈیکل سائنس ایسے علوم کا حاصل کرنا عورتوں کے لیے لازمی تو نہیں، لیکن مستحسن ہے اس لیے کہ عورتوں میں میڈیکل سائنس کی تعلیم ہونے سے عورتیں اپنے امراض کے لیے زیادہ ان سے رجوع ہوں گی اور یہ مردوں کے ذریعہ تشخیص کرانے سے ان کے حق میں زیادہ بہتر ہے، بعض علوم ایسے ہیں جو عورتوں کے لیے زوائد کے درجہ میں ہیں، جیسے انجینئرنگ، پولیٹیکل سائنس وغیرہ ان علوم کی سماج کو ضرورت ہے، لیکن عورتوں کے ان علوم کے نہ پڑھنے سے سماج میں کوئی پریشانی نہیں پیدا ہوتی، بلکہ مردوں کا ان علوم کا پڑھنا اور سماجی ضروریات کی تکمیل کرنا کافی ہے۔

کس طرح پڑھایا جائے کا جواب یہ ہے کہ ان کے مخصوص تعلیمی ادارے ہوں، جہاں مرد و عورت کے اختلاط کا کسی درجہ میں امکان نہ ہو، آمد و رفت میں پردہ کا معقول نظم ہو اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے، اگر یہ ممکن نہ ہو تو خواتین کا سیشن الگ کر دیا جائے اور ان کے آمد و رفت کے راستے بھی الگ ہوں۔

آج سارا بگاڑ مخلوط تعلیم اور بے پردہ آمد و رفت کی وجہ سے پیدا ہو گیا ہے، عصری درسگاہوں میں پڑھنے والی لڑکیوں نے اپنا حجاب اتار پھینکا ہے، اور مغرب کی فیشن پرستی نے انھیں اتنا بے لگام کر دیا ہے کہ ہر چیز میں انھیں مردوں کی نقالی کی عادت سی پڑ گئی ہے، وہ خاتون خانہ کے بجائے سبھا کی پری ہونے میں فخر محسوس کرتی ہیں، اکبر الٰہ آبادی نے اسی صورت حال کو سامنے رکھ کر کہا تھا:

تعلیم عورتوں کی ضروری تو ہے مگر

خاتون خانہ ہوں، وہ سبھا کی پری نہ ہوں

اس دور میں جبکہ ہر طرف لادینی، مذہب بیزاری اور مادیت کا غلبہ ہے، اور فضاؤں میں یہ افکار اس طرح رچ بس گئے ہیں کہ ہر وقت فضائی آلودگی کی طرح ان سے دل و دماغ کے متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے، تعلیم نسواں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ لیکن اس سے کہیں زیادہ اہم ان کی عفت و پاکدامنی کی حفاظت ہے، ایسے میں ہمیں تعلیم نسواں کے سارے نظام کو از سر نو ترتیب دینا ہوگا جس سے لادینی اور اخلاقی انارکی پر بند باندھا جاسکے، ایک نئی حکمت عملی اپنانی ہوگی جس سے ان کے سماجی شعور میں بیداری پیدا ہو اور انھیں اسلامی خدوخال کے موافق تبدیلی قبول کرنے پر آمادہ کیا جاسکے۔ ان کے اندر خدا پرستی کا جذبہ پیدا ہو، اور مادیت کے اس دور میں وہ خود بھی روحانی قدروں کو اپنائیں اور یہ صفت اگلی نسلوں تک منتقل کر سکیں۔ اگر ہم تعلیم نسواں کے میدان میں اپنی جد و جہد سے ایسا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو سمجھئے کہ ہم نے آئندہ نسلوں تک دین کو اس کے اپنی اصلی شکل وصورت میں منتقل کرنے کا سامان کر دیا۔ اور ایک بڑی ذمہ داری سے ہم عہدہ برآ ہو سکے۔

تعلیم عورتوں کو دینا ضرور ہے

لڑکی جو بے پڑھی ہے وہ بے شعور ہے

Comments are closed.