مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

پروفیسر محمد شمیم، ریاستی ٹاسک فورس برائے قومی تپ دق خاتمہ پروگرام کے وائس چیئرمین مقرر
علی گڑھ، 28 دسمبر: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ امراض تنفس کے چیئرمین پروفیسر محمد شمیم کو ریاستی ٹاسک فورس برائے قومی تپ دق خاتمہ پروگرام (این ٹی ای پی) کا وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ یہ اعلان سنجے گاندھی پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس جی پی جی آئی) ، لکھنؤ میں ریاستی ٹاسک فورس کی میٹنگ کے دوران کیا گیا۔
تپ دق کے شعبے میں پروفیسر محمد شمیم کی نمایاں خدمات کے باعث انھیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ان کی قیادت میں شعبہ امراض تنفس نے اترپردیش کے 67 میڈیکل کالجوں میں تپ دق کے کیسوں کی اطلاع دینے میں اول مقام حاصل کیا۔ یہ تقرری پروفیسر شمیم کی امتیازی خدمات کی عکاس ہے اور تپ دق کے خاتمے کی ملک گیر کوششوں کے سلسلہ میں شعبہ کے عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
ریاستی ٹاسک فورس اترپردیش میں تپ دق سے نمٹنے کی کوششوں کو مربوط کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے، اور پروفیسر شمیم کی تقرری سے 2025 تک ملک سے تپ دق کے خاتمے کو رفتار ملنے کی قوی امید ہے۔
٭٭٭٭٭٭
صحت کیمپ کا انعقاد
علی گڑھ ،28 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے زیر انتظام چلنے والے رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (آر ایچ ٹی سی )، جواں نے صدر شعبہ پروفیسر سائرہ مہناز اور ڈاکٹر عظمیٰ ارم (انچارج، آر ایچ ٹی سی)کی رہنمائی میں اسکولی بچوں کے لیے ایک صحت کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ کی نگرانی ڈاکٹر تبسم نواب نے کی۔
ڈاکٹر عظمیٰ ارم نے اسکولی بچوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں صحت کے مختلف مسائل اور ان کے علاج کے بارے میں بتایا۔
جن ڈاکٹروں نے کیمپ میں شرکت کی اور مریضوں کو مشورہ دیا ان میں ڈاکٹر عظمیٰ ارم، ڈاکٹر شیوانگی کماری، ڈاکٹر این ہرپریہ، ڈاکٹر ابصار احمد، ڈاکٹر ارپت سکسینہ، ڈاکٹر شبھم اپادھیائے، ڈاکٹر شفیع وریشہ جاوید، ڈاکٹر آنچل نیگی، ڈاکٹر سبھاش کمار اور ڈاکٹر چندرمولی مترا شامل ہیں جبکہ انٹرن نے اسکول ہیلتھ پروفارما بھرا اور بچوں کا معائنہ کیا۔
کیمپ میں مختلف جانچیں کی گئیں اور بچوں کو فالو اپ کے لیے بلایا گیا۔
٭٭٭٭٭٭
کنزرویٹیو ڈنٹسٹری اینڈ اِنڈوڈونٹکس میں مختصر مدتی تربیتی پروگرام کے لئے درخواستیں طلب
علی گڑھ، 28 دسمبر: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کنزرویٹیو ڈنٹسٹری اینڈ اِنڈوڈونٹکس شعبہ نے تین ماہ کے مشاہدے پر مبنی تربیتی پروگرام ’’آبزرورشپ اِن کنزرویٹیو ڈنٹسٹری اینڈ انڈوڈونٹکس‘‘ میں داخلے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 16 جنوری 2024 ہے۔
صدر شعبہ پروفیسر آر کے تیواری نے بتایا کہ ڈینٹل کونسل آف انڈیا کے ذریعہ تسلیم شدہ کسی بھی انسٹی ٹیوٹ سے بی ڈی ایس پاس امیدوارجنھوں نے درخواست جمع کرنے کے پانچ سال کے اندر اپنی انٹرن شپ مکمل کر لی ہو، وہ اس تربیتی پروگرام کے لئے اہل ہیں۔
داخلہ ’پہلے آؤ پہلے پاؤ‘کی بنیاد پر دیا جائے گا ، کورس میں صرف تین نشستیں ہیں جس میں ایک نشست کا اضافہ ممکن ہے۔ پروگرام کی ٹریننگ فیس 75000 روپے ہے۔ تربیتی پروگرام یکم فروری 2024 سے شروع ہوگا۔
ویب لنک www.amu.ac.in/department/conservative-dentistry-endodontics/notice-and-circular سے درخواست فارم کو ڈاؤن لوڈ کرکے اور اسے بھر کر ای میل آئی ڈی: [email protected] پر بھیجا جا سکتا ہے۔ درخواست کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی پی ڈی ایف فائل کی شکل میں منسلک کریں ۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے پروفیسر نے ہندوستان-تائیوان ورکشاپ میں خطبہ دیا
علی گڑھ، 28 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیہ کے پروفیسر نظام الدین خان نے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر ، نئی دہلی میں منعقدہ اولین انڈیا-تائیوان ورکشاپ میں ’’ہندوستان میں غذائی تحفظ اور چیلنجوں کی جہات‘‘ موضوع پر ایک لیکچر دیا۔ انڈین کونسل آف سوشل سائنس اینڈ ریسرچ ، نئی دہلی کی رہنمائی میں منعقد ہونے والی اس ورکشاپ کا موضوع تھا ’’فوڈ سیکورٹی، دیہی معاش اور پائیدار ترقی‘‘۔
پروفیسر خان نے کہا کہ ہندوستان میں غذائی تحفظ میں بہتری ہورہی ہے۔ آزادی کے بعد کے دور میں غذائی اجناس اور دیگر غذائی مصنوعات کی پیداوار میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 2013 کا نیشنل فوڈ سیکیورٹی ایکٹ سبھی کے لیے محفوظ، صحت مند اور معیاری غذا تک رسائی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایس، آر پی ڈی ایس، ٹی پی ڈی ایس، انتودیا یوجنا اور اناپورنا اسکیم جیسے متعدد منصوبے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے متعارف کرائے گئے ہیں جن کا مقصد غذائی اجناس کی تقسیم کے نظام کو مضبوط کرنا ہے۔
مڈ ڈے میل، انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ اسکیم، کرناٹک میں اندرا کینٹین اور تمل ناڈو میں امّا اوناوگن (ماں کی کینٹین) لوگوں کے لئے غذا تک رسائی کو یقینی بنانے کے اہم اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 80 کروڑ غریبوں کو سبسڈی پر اناج فراہم کرنے کا اعلان غذائی تحفظ کے حصول کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
٭٭٭٭٭٭
میٹیریئلز، ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ پر یونیورسٹی پولی ٹیکنک کے زیراہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
علی گڑھ، 28 دسمبر: یونیورسٹی پولی ٹیکنیک، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مکینیکل انجینئرنگ سیکشن نے ’میٹیریئلز، ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ کے حالیہ رجحانات‘ موضوع پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی آر اے ایم ڈی ایم-23) کا انعقاد کیا، جس میں پروفیسر ڈی پی اگروال، سابق چیئرمین، یوپی ایس سی بطور مہمان خصوصی اور پروفیسر پردیپ کمار جھا (آئی آئی ٹی رڑکی) اور پروفیسر سکھدیپ سنگھ دھامی (این آئی ٹی ٹی ٹی آر، چندی گڑھ) بطور مہمانان اعزازی شریک ہوئے۔
پروفیسر اگروال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی کے لیے تحقیق و اختراع بہت ضروری ہے اور یہ اہم ہے کہ اے ایم یو کس طرح ایسے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کے لیے گرین اور کلین کیمپس کے امکانات کو تلاش کریں۔
بعد ازاں ایک دیگر سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اگروال نے عصری امور اور تکنیکی ترقیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری 5.0 کا تصور، صنعتی ارتقاء کے اگلے مرحلے سے جڑا ہوا ہے، اور یہ کانفرنس اے ایم یو کے اس عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ وہ صنعت و ٹکنالوجی کے مستقبل کے موضوع پر مذاکرہ و تحقیق کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
اپنے کلیدی خطبات میں پروفیسر پردیپ کمار جھا اور پروفیسر ایس ایس دھامی نے ہائبرڈ میٹل میٹرکس کمپوزٹ میٹیریئلز کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ان مرکبات کی ترقی اور ممکنہ استعمال کے بارے میں قیمتی باتیں بتائیں۔ پروفیسر دھامی نے خاص طور پر مینوفیکچرنگ کی ورچوئل رئیلٹی پر توجہ مرکوز کی۔
پروفیسر ایم التمش صدیقی، ڈین، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی نے کانفرنس کے موضوع کو اہم قرار دیا ۔
قبل ازیں مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے یونیورسٹی پولی ٹیکنک کے پرنسپل پروفیسر ارشد عمر نے کانفرنس کا خاکہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان اور بیرون ملک سے 70 مقالے کانفرنس کے لئے قبول کیے گئے اور ان کی تلخیص شائع کی گئی۔ یہ مقالے تکنیکی سیشن میں پیش کئے گئے۔
مکینیکل انجینئرنگ سیکشن کے انچارج ڈاکٹر محمد آصف حسن نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد اسرار اقبال، ڈاکٹر سید عمران شفیق، ڈاکٹر واصف اللہ خان اور ڈاکٹر محمد یونس خان کانفرنس کے کوآرڈینیٹر اور ڈاکٹر احمد سعود، مسٹر عبدالفہیم، ڈاکٹر مرزا شارق بیگ، ڈاکٹر محمد اطہر خاں اور جناب شوکت رفیع، معاون کوآرڈنیٹر تھے۔
٭٭٭٭٭٭
راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول کے استاد ڈاکٹر ذوالفقار اترپردیش کی بولیوں پر مبنی کتاب کی تیاری میں مصروف
علی گڑھ، 28 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے راجہ مہندر پرتاپ سنگھ سٹی اسکول کے ہندی کے لیکچرر ڈاکٹر ذوالفقار کو ریاستی ہندی سنستھان، وارانسی نے اترپردیش کی بولیوں پر مبنی کتاب تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
اس کتاب میں ان کے ساتھ بیسک شکشا وبھاگ سے انوج کماری، بندو شرما اور متھرا، چھاتا کے تیج ویر سنگھ بھی کام کر رہے ہیں۔ اب تک یہ کام دو مرحلوں میں مکمل ہو چکا ہے، جس میں اودھی، بندیلی، برج بھاشا، بھوجپوری، قنوجی بولیوں پرریاستی محکمہ تعلیم و تربیت کی ہدایت پر ایک تعارفی کتاب تیار کی جا رہی ہے۔ اس میں ان تمام بولیوں کا تعارف اور گرامر اسی بولی میں لکھی جا رہی ہے تاکہ جو لوگ اس بولی سے واقف نہیں ہیں وہ بھی اس کو اچھی طرح سمجھ اور پڑھ سکیں۔
ڈاکٹر ذوالفقار نے اس سے قبل راجیہ شکشا سنستھان، پریاگ راج ، اتر پردیش حکومت کی ہدایت پر برج بھاشا کی لغت بھی تیار کی ہے جسے بہت پسند کیا گیا اور ادارہ اس لغت کو شائع کرنے پر غور کر رہا ہے ۔

Comments are closed.