مولانامفتی محمد جمال الدین قاسمی کی کتاب ’’دینی معلومات‘‘ کا شاندار رسمِ اجرا، دینی بیداری کا پیغام

 

پٹنہ، 8 جولائی 2025

آل انڈیا ملی کونسل بہار کے دفتر میں آج ایک باوقار اور روح پرور تقریب کے دوران معروف عالمِ دین مفتی محمد جمال الدین قاسمی کی نئی تصنیف ’’دینی معلومات‘‘ کا رسمِ اجرا عمل میں آیا۔ اس موقع پر علمی، ملی اور سماجی حلقوں کی نمایاں شخصیات کی شرکت نے پروگرام کو ایک تاریخی حیثیت عطا کر دی۔اس تقریب کی صدارت حضرت امیر شریعت، مفکر ملت مولانا مفتی قاضی انیس الرحمن قاسمی صاحب مدظلہ نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں دین کی صحیح تعلیمات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے، اور اس کتاب کے ذریعے یہ کام قابلِ تحسین انداز میں انجام دیا گیا ہے۔پروگرام کے مہمانانِ خصوصی میں مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی صدر ادارہ دعوۃ السنۃ مہاراشٹر، مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی صدر آل انڈیا ملی کونسل بہار، جناب علی احمد فردوسی صدر آل انڈیا ملی کونسل ضلع پٹنہ، مولانا مفتی محمد نافع عارفی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار، مولانا سید محمدعادل فریدی خازن آل انڈیا ملی کونسل بہار، حضرت مولانا مفتی سہیل احمد قاسمی صدر مفتی امارت شرعیہ بہار اور جناب پروفیسر ڈاکٹر شمس الحسین صاحب نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل بہار شامل تھے۔اس کے علاوہ تقریب کی رونق بڑھانے کے لیے مولانا محمد رضاء اللہ قاسمی، مولانا فیضان احمد قاسمی، جناب جمال ندولوی، جناب شہاب الدین عرف منا صاحب اور کئی دیگر ممتاز علمی و سماجی شخصیات بھی موجود رہیں۔تقریب میں مقررین نے کتاب کے مندرجات اور مصنف کی علمی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ’’دینی معلومات‘‘ ایک ایسی کتاب ہے جو عام مسلمانوں میں دینی شعور اور اعتقادی بصیرت کو فروغ دے گی۔ اس میں بنیادی عقائد، عبادات اور اخلاقیات جیسے اہم موضوعات کو نہایت سادہ اور عام فہم زبان میں پیش کیا گیا ہے، جو ہر عمر اور ہر طبقے کے لوگوں کے لیے مفید ہے۔مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی نے کہا کہ یہ کتاب موجودہ دور کی دینی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ مصنف کی یہ کاوش نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور اس سے معاشرے میں دینی اقدار کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔اختتامی کلمات میں حضرت امیر شریعت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب نے مصنف کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس کوشش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور پوری امت کو اس کتاب سے فائدہ اٹھانے کی توفیق دے۔پروگرام کا اختتام اجتماعی دعاکے ساتھ ہوا۔ اس دوران تمام شرکاء نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور اس علمی کوشش کو خوب سراہا۔

Comments are closed.