Baseerat Online News Portal

’’جامع خلاصۃ القرآن‘‘ مؤلفہ مولانا بدرالاسلام قاسمی: ایک مطالعہ

 

 

محمد نوشاد نوری قاسمی

استاذ دارالعلوم وقف دیوبند

 

قرآن کریم کتاب ہدایت ہے اور ہدایت انسانیت کا سب سے پہلا اور بڑا مطلوب، قدیم زمانے سے لے کر آج تک، تمام قوموں نے یہی سمجھا کہ ہدایت کا راستہ دین ہے، یہ الگ بات ہے کہ انہیں صحیح دین نہ ملا ہو یا دین حق کی روشنی سے خود کو محروم رکھا ہو، دورِ جدید کے شاذ قسم کے ملاحدہ کو چھوڑ دیں تو انسانیت کا کوئی طبقہ مذہب سے بیزار نہیں رہا، اس لیے مذاہب اور کلچرز کی تاریخ پر نظر رکھنے والوں نے یہ گواہی دی کہ ایسے ممالک تو ملے جہاں اسکولز اور ہاسپیٹلز نہ ہوں ؛ مگر ایسا کوئی ملک نظر نہیں آیا جس میں عبادت خانے نہ ہوں؛ کیوں کہ دین، انسانی فطرت کی آواز ہے، اس فطری تقاضے کے لیے دین بھی فطری اور معتدل ہونا چاہیے، انسانیت جب عہد شباب کو پہونچی ،تو اللہ تعالی نے تمام قدیم مذاہب کو منسوخ کردیا اور ایک ایسا ابدی اور آفاقی دین عطا فرمایا جس کے عقائد ، عبادات ، معاملات ، اخلاقیات اور قوانین جرم وسزا اور تمام تر تفصیلات میں انسانی فطرت کی رعایت اور اس کے لیے دین ودنیا کی تمام ہدایتیں موجود ہیں، اسی’’ہدایت نامہ‘‘ کو قرآن کریم کہتے ہیں۔

مسلم معاشرہ کی بات کریں تو یہ معاشرہ مختلف قسم کی ذمہ داریوں میں بندھا ہوا ہے، اس لیے کہ یہ ’’مکلَّفین‘‘ کا سماج ہے، جس میں، خالق کائنات کی طرف سے ہر آدمی پر گھر اور باہر کی متعدد ذمہ داریاں ہیں، یہ ذمہ داریاں صرف معلومات حاصل کرنے سے ادا نہیں ہوں گی، اس کے لیے فکر مستقیم اور قلب سلیم چاہیے، قرآن کا اسلوب، فکر اور قلب کو سنوارنے اور اس کو مطلوبہ ذمہ داریاں ادا کرنے کا اہل بناتا ہے، اس لیے ہر دور میں علمائے امت نے قرآن کریم سے امت کو جوڑنے کے لیے عظیم اور ہمہ جہت خدمات انجام دیں۔

رمضان المبارک میں قرآن کریم کی تلاوت اور تفسیر کے تعلق سے لوگوں میں کافی بیداری اور دلچسپی پائی جاتی ہے، لوگ خود بھی تلاوت کرتے، ترجمہ وتفسیر کی کتابیں پڑھتے ہیں اور علماء سے بھی تفسیر سننا پسند کرتے ہیں، اکثر مساجد میں تراویح کے ساتھ یا دن میں کسی وقت تراویح میں پڑھے گئے پارے کا خلاصہ سننا پسند کیا جاتا ہے، اس ضرورت کے لیے مضامین قرآنی پر مشتمل متعدد کتابیں منظر عام پر آئی ہیں، انہی کتابوں میں سے ایک اہم کتاب ’’جامع خلاصۃ القرآن رکوع بہ رکوع‘‘ مؤلفہ مولانا بدر الاسلام قاسمی صاحب استاذ جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند ہے۔

یہ کتاب اپنے موضوع پر خوش گوار اضافہ ہے، میں نے کتاب دیکھی ہے، ایک رکوع کا خلاصہ ایک ساتھ لکھا گیا ہے، عام طور سے رکوع بدلنے سے مضامین بھی بدلتے ہیں، اس لیے خلاصہ مضامین کے لیے رکوع کو منتخب کرنا بہت معقول ہے، تلخیص میں اختصار کو ملحوظ رکھاگیا ہے؛ لیکن معلوم ہوتا ہے کہ مضامین کا عطر کشید کرلیا گیا ہے؛ البتہ کہیں کہیں کچھ زیادہ اختصار ہوگیا ہے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ تلخیص میں دعوتی پہلو غالب ہے، اس لیے قرآن کریم کی کسی آیت سے دعوت دین یا داعی کے لیے مطلوبہ وصف کا ذکر ہوتا ہے تو مؤلف معتبر کتابوں کے حوالے سے اسے ضرور لکھتے ہیں، اس اہتمام نے کتاب میں جان ڈال دی ہے، قرآن کریم کی کسی آیت میں صراحۃً یا اشارۃً کوئی فقہی یا معاشرتی مسئلہ مذکور ہوا تو اس کو بھی معارف القرآن یا دوسری کتابوں کے حوالے سے اہتمام سے لکھا گیا ہے، کتاب کے شروع میں حضرت مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم العالیہ کے قلم سے، معارف القرآن کے لیے لکھے گئے طویل مقدمے کو ترمیم و تلخیص کے ساتھ شامل کیا گیا ہے، ہر سورت کی تفسیر سے پہلے اس کا مختصر تعارف بھی لکھا گیا ہے، جس سے پوری سورت کا نقشہ سامنے آجاتا ہے، اسلوب ِ تحریر سادہ اور مؤثر ہے، کتاب کی طباعت بھی معیاری اور جاذب نظر ہے۔

عام پڑھے لکھے انسان کے لیے یہ کتاب بہت مفید ہے، مجھے امید ہے یہ کتاب اپنے قاری کو قرآن سے قریب کرنے اور اس میں فہم قرآن کا شوق پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس کتاب کے مؤلف جناب مولانا بدر الاسلام قاسمی صاحب ہیں، جو نامور عالم دین حضرت مولانا محمد اسلام صاحب قاسمیؒ سابق استاذ حدیث و ادب دارالعلوم وقف دیوبند کے صاحب زادے اور ان کے فکر وفن وعلم وادب کے جانشین ہیں، موصوف جامعۃ الامام محمد انور شاہ دیوبند میں مقبول استاذ ہیں، تدریس کے ساتھ تصنیف و تالیف کا بھی ستھرا ذوق رکھتے ہیں، متعدد کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں، ساتھ میں مکتبۃ النور کے نام سے ایک تجارتی کتب خانہ بھی چلاتے ہیں، موصوف اپنے حسن اخلاق میں اپنے والد مرحوم کے صحیح جانشین ہیں، متواضع منکسر المزاج اور خود دار۔

دعا کرتا ہوں اللہ تعالی موصوف کی اس علمی کاوش کو قبول فرمائے، ان کے تمام علمی اور تجارتی کاموں میں ترقی اور برکت عطا فرمائے اور اور انہیں مزید علمی کاموں کی توفیق ارزانی فرمائے، آمین ۔

Comments are closed.