مسلمانوں کی دینی اصلاح اور معاشرتی تربیت میں مدارس اسلامیہ کا اہم کردار : قاری محمد اسجد زبیر

 

مدھوبنی (پریس ریلیز) ہندوستان جیسے کثیر مذہبی و مختلف النوع تہذیبی ملک میں مسلمانوں کی دینی اصلاح اور معاشرتی تربیت میں مدارس اسلامیہ کا اہم کردار رہا ہے، ہندوستان میں مدارسِ اسلامیہ کے قیام کا مقصد ہی مسلمانوں کو غیر مذہبی رسم و رواج سے بچانا، غیروں کی مذہبی تعلیم اور کلچر و ثقافت کے اثرات سے محفوظ رکھنا اور ہندوستان میں اسلام کی حفاظت اور اس کی ترویج تھی اور آج جب ہم مدارس اسلامیہ کی خدمات اور اس کے کردار کا جائزہ لیتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے اکابر اسلاف نے جن مقاصد کے تحت ان مدارس کو قائم کیا تھا وہ اس میں کامیاب ہیں، ان خیالات کا اظہار جامعہ عربیہ شمس العلوم شاہدہ دہلی کے صدر مہتمم، مرکز العلوم اینگلو عربک اکیڈمی پٹنہ و مدرسہ حسینیہ پروہی مدھوبنی کے سکریٹری معروف ملی و سماجی کارکن قاری اسجد الحق زبیر جامعی نے مدرسہ دارالعلوم عثمانیہ نظامیہ منسرا کوٹھرام دربھنگہ کے طلبہ و اساتذۂ سے خطاب کے دوران کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہمیشہ اپنے اکابر و اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے مدارس اسلامیہ کے قیام کے مقاصد کو ذہن میں رکھ کر حصول تعلیم پر توجہ دینی چاہیے، جب تک ہم مدارس اسلامیہ کے قیام کے اصل مقاصد کو سامنے نہیں رکھیں گے ہم اپنی تعلیم کا حق ادا نہیں کرسکیں گے، انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عزیز بچوں! آپ جس مقصد کے لیے مدرسہ میں داخل ہوئے ہیں اس مقصد اصلی کو سامنے رکھ کر محبت سے پڑھیں، آپ اس بات پر اللہ کا خوب شکر ادا کریں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو سینکڑوں نہیں ہزاروں بچوں میں سے اپنے دین کی خدمت کے لیے آپ کو منتخب کیا ہے، آپ خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو دین کی خدنت اور اس کی نشرواشاعت کے لیے آپ کو ہی منتخب کیا، آپ پڑھیں، پڑھنے کے بعد اپنے سماج اور معاشرے میں جاکر دین کی خدمت کا فریضہ انجام دیں یہی آپ کا مقصد اصلی ہونا چاہیے. اس موقع پر قاری اسجد زبیر کے ساتھ مولانا محمد نصراللہ قاسمی معاون پرنسپل مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی مدھوبنی ،مولانا جاوید اختر حلیمی مہتمم مدرسہ رحمت العلوم منتی ساہر گھاٹ اور ڈاکٹر رضوان عادل پٹنہ بھی موجود تھے، اخیر میں قاری اسجد زبیر کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا.

Comments are closed.