مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج میں ورکشاپ کا انعقاد
علی گڑھ، 6مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج و اسپتال میں پوسٹیریئر کمپوزٹ ریسٹوریشن پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاجس میں دانتوں کے علاج سے وابستہ 40 پیشہ ور افراد شریک ہوئے۔
مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر اور اترپردیش قانون ساز کونسل کے رکن پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ عوام کو کفایتی اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات فراہم کرنے میں ڈینٹل کالجوں کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے پیشہ ورانہ ترقی کے مقصد سے ورکشاپ کے انعقاد کو ایک مثبت اور مفید قدم قرار دیا۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے ڈینٹل تعلیم اور پریکٹس سے متعلق اقدامات میں ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔
افتتاحی تقریب میں فیکلٹی آف میڈیسن کی ڈین پروفیسر وینا مہیشوری اور اے ایم یو رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس نے اس طرح کے پروگراموں کے مسلسل انعقاد کی حوصلہ افزائی کی۔
ورکشاپ میں ریسورس پرسن کے طور پر سینٹر فار ڈینٹل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (سی ڈی ای آر)، ایمس، دہلی کے چیئرمین ڈاکٹر اجے لوگانی اور کے جی ایم یو، لکھنؤ سے ڈاکٹر سمیتا سنگھ شامل ہوئے۔خطبات کے بعد پوسٹیریئر کمپوزٹ ریسٹوریشن کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔
ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے ڈینٹل پریکٹس میں جدید تکنیکوں کو اپناتے ہوئے عوام کو بہتر علاج فراہم کرنے کے ادارے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرگنائزنگ چیئرمین ڈاکٹر ایس مختارالنثار نے ڈینٹل پیشہ وروں کی مہارت کو بڑھانے میں اس طرح کی ورکشاپ کو بے حد مفید بتایا۔ آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر حمار افتخار نے ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون کیا۔
ورکشاپ کی کامیابی میں آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران پروفیسر ایس کے مشرا ، پروفیسر اشوک کمار، ڈاکٹر شارق عالم اور ڈاکٹر ساجد علی نے اہم کردار ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ریسرچ اسکالر کو ینگ انوویٹر ایوارڈ دیا گیا
علی گڑھ، 6 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف میڈیسن کے شعبہ بایو کیمسٹری میں پروفیسر معین الدین کی زیر نگرانی تحقیق کرنے والے ریسرچ اسکالر رضوان احمد کو ایمس ،پٹنہ میں منعقدہ پروگرام میں انڈین اکیڈمی آف بایومیڈیکل سائنسز کے ’ینگ انوویٹر ایوارڈ2023‘ سے نوازا گیا۔ ان کے پوسٹر پرزنٹیشن کو دوم انعام دیا گیا۔
رضوان احمد نے اینڈو کرائن سوسائٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سمپوزیم میں اورل پرزنٹیشن میں پہلا انعام اور گزشتہ سال شعبہ پیتھالوجی کے زیر اہتمام ہیماٹولوجی کانفرنس میں سوم انعام حاصل کیا۔
٭٭٭٭٭٭
دماغی صحت کی اہمیت پر تربیتی پروگرام منعقد
علی گڑھ، 6 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج نے راجیو گاندھی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوتھ ڈیولپمنٹ، حکومت ہند کے تعاون سے ’زندگی بسر کرنے کی مہارتوں کے ذریعے مثبت دماغی صحت‘ کے عنوان پر تین روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا۔
اس موقع پر ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے طالبات میں خودکشی کی بڑھتی ہوئی شرح کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے اقامتی یونیورسٹیوں میں ثقافتی صدمے اور تال میل کے مسائل سے نمٹنے کے لیے طالبات کے لئے بیداری پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔
پروفیسر مرزا اسمر بیگ، ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنس نے ہندوستانی معاشرے پر مغربی ثقافت کے اثرات پر گفتگو کی اور غیر مادی ثقافتی اقدار کے تحفظ کی تلقین کی۔
مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کوآرڈینیٹر پروفیسر شاہ عالم نے ہندوستانی نوجوانوں میں دماغی صحت کے مسائل سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دماغی بیماریوں کے پھیلاؤ کے اعدادوشمار پیش کئے اور دماغی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے لائف اسکلس یعنی زندگی گزارنے کی مہارتوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف قسم کے دماغی تناؤ کا سامنا کرنے والے نوجوانوں کے لئے مثبت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
ایمس ، نئی دہلی کے نیشنل ڈرگ ڈپینڈنس ٹریٹمنٹ سینٹر کی پروفیسر گوری شنکرنے تعصبات، امتیازی سلوک اور دماغی صحت کے چیلنجوں کی وضاحت کی اور مینٹل ہیلتھ ایکٹ 2018 کے انقلابی اثرات کا ذکر کیا۔
اے ایم یو کے شعبہ انگریزی کے پروفیسر راشد نہال نے کمیونیکیشن اسکلس اور دماغی صحت کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مؤثر ابلاغ کی اہمیت پر زور دیا۔
شعبہ لائبریری و انفارمیشن سائنس، اے ایم یو کے پروفیسر معصوم رضا نے شمالی ہندوستان میں دماغی صحت کی تحقیق پر ایک سائینٹومیٹرک مطالعہ پیش کیا اور 2010 سے 2023 تک دماغی صحت کی تحقیق کے بدلتے ہوئے منظر نامے پر روشنی ڈالی۔
٭٭٭٭٭٭
نئے سربراہان شعبہ مقرر
علی گڑھ، 6 مارچ: پروفیسر صبوحی مصطفی کو 4 مارچ 2024 سے تین سال کی مدت کے لیے فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ امراض نسواں واطفال کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ تقریباً 20 سال سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں اور اس سے قبل 2019 میں بھی شعبہ کی چیئرپرسن رہ چکی ہیں۔ پروفیسر صبوحی مصطفیٰ نے دو کتابیں تصنیف کی ہیں اور ان کے 30 سے زائد تحقیقی مقالات معروف رسائل و جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔
اسی طرح پروفیسر زیبا این صدیقی کو 5 مارچ 2024 سے تین سال کی مدت کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔پروفیسر صدیقی 1993 سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔ انھوں نے دو کتابیں تصنیف کی ہیں اور معروف جرائد میں 80 سے زائد تحقیقی مقالے شائع کر چکی ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبوں میں کیمسٹری آف ہیٹروسائکلز، میڈیسنل کیمسٹری، گرین کیمسٹری اور میٹریئل کیمسٹری شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر توقیر عالم فلاحی ، فکرو نظر کے ایڈیٹر مقرر
علی گڑھ 6 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سنی دینیات کے استاد اور دینیات فیکلٹی کے ڈین پروفیسر توقیر عالم فلاحی کو ایک سال کی مدت یا اگلے احکامات تک کے لئے یونیورسٹی سے شائع ہونے والے سہ ماہی ادبی و علمی رسالہ فکر و نظر کا ایڈیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر فلاحی 1993 میں سنی دینیات کے شعبہ میں لیکچرر مقرر ہوئے اور 2010 میں پروفیسر بنے۔ انہوں نے اردو، عربی، انگریزی اور ہندی میں تقریباً 35 کتابیں تصنیف کی ہیں اور قومی و بین الاقوامی شہرت کے حامل جرائد میں دو سو سے زائد تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں۔
انہوں نے اپریل 2016 میں مرسر یونیورسٹی، اٹلانٹا یو، امریکہ کا وزٹنگ پروفیسر کے طور پر دورہ کیا اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں خطبات دینے کے لیے برطانیہ، ایران، کویت اور امریکہ کا سفر کیا۔
قرآنیات، عربی ادب اور مذاہب کا تقابلی مطالعہ ان کی دلچسپی کے خاص شعبے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
جانوروں کی بہبود پر انٹرایکٹیو سیشن منعقد
علی گڑھ، 6 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی معین الدین احمد آرٹ گیلری میں اینیمل ویلفیئر کلب نے یونیورسٹی کیمپس اور اس کے آس پاس کے علاقہ میں آوارہ جانوروں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک انٹرایکٹیو سیشن منعقد کیا۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے فائن آرٹس کلب کی صدر ڈاکٹر اسماء کاظمی نے یونیورسٹی برادری پر زور دیا کہ وہ جانوروں کے تئیں ہمدردی رکھیں اور جہاں تک ہو سکے ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کریں۔
قبل ازیں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کلب کی صدر مسز ناہید مجیب نے مختلف امور کا ذکر کیا جن میں جانوروں کے علاج کے لیے ماہانہ چندہ، ان کی خوراک اور ان کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے بروقت نیوٹرنگ ؍ اسپریئنگ کرنا شامل ہے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ آوارہ جانوروں کو موسم کی خرابی، غذا کی کمی یا دیگر آفات سے بچائیں اور جب وہ مصیبت میں ہوں تو ان کی مدد کریں۔
انہوں نے کتوں کی مسلسل نیوٹرنگ ؍ اسپریئنگ کرنے، آپریشن کے بعد کی دیکھ بھال، یونیورسٹی میں مختلف جگہوں پر کھانے کی جگہوں کی شناخت، علاج اور غذا کے لیے ماہانہ تعاون اور جانوروں کے لیے ادویاتی کٹ کی ضرورت پر زور دیا۔
کلب کے ممبران شانو، معاذ آصف، محمد آصف، محمد عرفان، صائمہ، نائرہ، ضحیٰ، شاذیہ، نائرہ، عرشی اور ارم نے بھی جانوروں کی معقول دیکھ بھال پر زور دیا۔
٭٭٭٭٭٭
تین طلباء کا انتخاب
علی گڑھ، 6 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تین طلباء حرا راز (ایم ایس ڈبلیو)، شہریار حسین (ایم ایس ڈبلیو) اور محمد سبیل (ایم بی اے ایگری بزنس) کو دیہی معیشت، خواتین کی اختیار دہی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم’ سریجن‘ نے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفس (جنرل) اور شعبہ سوشل ورک کے اشتراک سے منعقدہ پلیسمنٹ مہم کے توسط سے ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔
سوشل ورک شعبہ کے چیئرمین پروفیسر نسیم احمد خاں اور ٹی پی او مسٹر سعد حمیدنے منتخب ہونے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی۔
٭٭٭٭٭٭
قومی یوم سائنس منایا گیا
علی گڑھ، 6 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انٹر ڈسپلنری نینو ٹکنالوجی سنٹر نے قومی یوم سائنس پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا جو نوبل انعام یافتہ ہندوستانی سائنسداں سر سی وی رمن کے ذریعہ ’رمن ایفیکٹ‘ کی دریافت کی یاد میں ہر سال منایا جاتا ہے۔
سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اظہر عزیز نے سنٹر کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ سائنس کو عوام میں مقبول بنانے میں مدد کریں۔ انھوں نے بتایا کہ سر سی وی رمن کو اے ایم یو نے 20 نومبر 1931 کو اعزازی ڈگری ڈی ایس سی سے نوازا تھا۔
اس موقع پر ایم ٹیک کی طالبات صفیہ احسن، الطاف حسین اور صفی عباس نے سال 2023 میں فزکس، کیمسٹری اور میڈیسن کے نوبل انعامات پر پرزنٹیشن دیا جبکہ بشریٰ فاطمہ، سوزین اور زینب زاہد نے نیشنل سائنس ڈے پر پوسٹر پرزنٹیشن دیا۔
ایم ٹیک کی طالبہ اغنا قاسم نے کوئز مقابلہ جیتا، جب کہ سیدہ شبیہ ظفر نے دوم مقام حاصل کیا۔ کوئز مقابلہ کی میزبانی ڈاکٹر قصید انور، ڈاکٹر صالحہ نسیم اور ڈاکٹر سید افضال احمد نے کی ۔ پروفیسر ابصار احمد نے طلباء کو سائنس میں اختراعی تحقیق کرنے کی تلقین کی اور مقابلوں کے فاتحین میں انعامات تقسیم کئے۔
٭٭٭٭٭٭
شعبہ لسانیات میں انٹر ایکٹیو سیشن کا اہتمام
علی گڑھ، 6 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ لسانیات نے ایک انٹرایکٹیو سیشن کا اہتمام کیا جس میں کیمبے ہیلتھ کیئر، نوئیڈا کے وائس پریسیڈنٹ (آپریشنز) مسٹر فعنان احمد خواجہ نے محترمہ نمرہ قدوائی، عروج مرزا اور نشرہ نثار کے ہمراہ حاضرین سے خطاب کیا۔
مسٹر خواجہ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے عصری منظر نامے میں ماہرین لسانیات کے مختلف کردار کا ذکر کیا جن میں خاص طور سے ذہین افراد کو ملازمت کے لئے حاصل کرنے اور مختلف لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ترسیل و ابلاغ کی سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔
انہوں نے مؤثر گروپ کمیونیکیشن کو فروغ دینے میں ماہرین لسانیات کی اہمیت اور اے آئی کی معنویت کو واضح کیا۔
ڈاکٹر پلو وشنو پروگرام کوآرڈنیٹر تھے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے پروفیسر نے بین الاقوامی کانفرنس میں لیکچر دیا
علی گڑھ، 6 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کامرس کے پروفیسر نواب علی خاں نے قائد ملت کالج، مدراس یونیورسٹی، چنئی کے زیر اہتمام کامرس اور مینجمنٹ کے موضوع پر منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں ایچ آر میں ڈجیٹلائزیشن کے موضوع پر خطبہ دیا اور کانفرنس میں ایک سیشن کی صدارت بھی کی۔
پروفیسر خان نے ہیومن ریسورس میں ڈجیٹل تبدیلی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور اس کے مضمرات، چیلنجوں اور مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ڈجیٹل دور میں اداروں کی کامیابی میں ایچ آر کا اہم کردار ہے ۔ پروفیسر خان نے کانفرنس میں ایک تکنیکی سیشن کی صدارت بھی کی۔
٭٭٭٭٭٭

Comments are closed.