Baseerat Online News Portal

موبائل کے غیرضروری استعمال سے گریز کریں

رمضان المبارک کی خیروبرکات سے ہر مسلمان کو مستفیض ہونا چاہئے

جامعہ زینب للبنات میں ہفتہ واری اصلاحی مجلس میں مفتی سید عفان منصورپوری کا خطاب
دیوبند،31؍ مارچ (سمیر چودھری؍بی این ایس)
جامعہ زینب للبنات میں ہفتہ واری اصلاحی اجلاس منعقد ہوا جس میں جامع مسجد امروہہ کے استاذ حدیث و ممتاز عالم دین مفتی سید عفان منصور پوری نے طالبات اور خواتین کو خطاب کرتے ہوئے رمضان المبارک کے اس آخری عشرہ میں زیادہ سے زیادہ عبادات کرنے اور موبائل کا غیرضروری استعمال کرنے سے گریز کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی خیروبرکات سے ہر مسلمان کو مستفیض ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آخری عشرہ کا آغاز ہورہا ہے ، اس عشرہ کی ایک اہم عبادت اعتکاف ہے، لہٰذا جس کو بھی توفیق ہو مرد اور عورت اس عبادت سے مستفیض ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح اس عشرہ میں شب قدربھی ہے، لہٰذا جتنا ہوسکے ان راتوں میں جاگ کر اپنے آپ کو عبادتوں میں مشغول رکھنا چاہئے ، خواہ وہ ذکر واذکار ہو یا نماز ہو یا قرآن کریم کی تلاوت ہو۔ قاری عفان منصورپوری نے کہا کہ ان راتوں میں کچھ نہ کچھ صدقہ کرنے کا بھی اہتمام کرنا چاہئے تاکہ اللہ کے یہاں شب قدر میں صدقہ خیرات کرنے والوں میں ہمارا نام شامل ہوجائے۔ مولانا نے طالبات اور خاص طو رپر خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے ان چند دنوں میں جو کہ آخری عشرہ کے طو رپر باقی ہیں ان میں موبائل فون کے بے جا استعمال سے گریز کریں اور کہا کہ کم از کم رمضان المبارک کی ان ساعتوں میں ہمیں صرف ضرورت کے تحت ہی موبائل کو استعمال کرنا چاہئے۔ ضرورت نہ ہو تو موبائل کو اٹھاکر ایک طرف رکھ دینا چاہئے ورنہ اس موبائل میں لگ کر نہ تو وقت کا اندازہ رہتا ہے اور نہ ہی اس بات کا احساس کہ ہمیں کونسی چیز دیکھنی چاہئے اور کونسی چیز سے پرہیز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آخری عشرہ کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اور اس لمحے کو ہمیں ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ مفتی عفان منصورپوری نے کہا کہ اگر ہم کچھ بھی نہ کرسکیں تو کم ازکم ذکراللہ سے اپنے دل کو منور ضرور کریں۔ چلتے پھرتے ، اٹھتے بیٹھتے غرض ہر کام میں مشغول رہ کر ہم ذکر کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر جامعہ کے استاذ مفتی طیب قاسمی ، مولانا عمار عزیز، مولانا عبدالرحمن اور سلیم احمد سمیت علاقہ کی خواتین اور طالبات بڑی تعداد میں موجود تھیں۔

Comments are closed.