Baseerat Online News Portal

رمضان کے لمحات کی قدر کیجئے : عبادہ شکیل قاسمی

پٹنہ(پریس ریلیز)
رمضان المبارک اب چند ساعتوں کا مہمان رہ گیا ہے، ہمیں آخری لمحے کی قدر کرنا چاہیے، چونکہ انسان کا ہر آخری عمل اس کی کامیابی و کامرانی یا نامرادی کا ضامن ہوا کرتا ہے۔ ان آخری لمحات میں ہمیں خصوصیت کے ساتھ اپنے رب کی طرف متوجہ ہونا چاہیے اور اعمال صالحہ کی توفیق پر اس کی بارگاہ میں سجدہ شکر کرنا چاہیے اور رمضان کی قیمتی ساعتوں کی ناقدری پر ندامت کے ساتھ توبہ کرنا چاہیے کیونکہ اللہ شکر کرنے والوں کے اجر کو بڑھا دیتا ہے اور ندامت کرنے والوں سے محبت کرتا ہے اور کامیابی کے لیے دونوں چیزیں بہت اہم ہیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا عبادہ شکیل قاسمی نے اپنے بیان میں کرتے ہوئے مزید کہا کہ رمضان تو ختم ہو رہا ہے لیکن قرآن کریم جیسی مقدس، آفاقی اور عالمی کتاب جو سراپا معجزہ ہے، وہ ہمارے پاس موجود ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس مہینے کے علاوہ بھی قرآن سے ہم اپنا رشتہ مضبوط رکھیں اور قرآن کے احکامات و ہدایات کے مطابق اپنی زندگی کے لمحات گزاریں۔ یقین کے ساتھ یہ کہا جا سکتا ہے کہ جس کی زندگی کے شب و روز قرآن کے مطابق ہوں گے، دنیا میں بھی اسے سرخروئی نصیب ہوگی اور آخرت میں بھی اسے نجات حاصل ہوگی۔ رمضان میں جو ٹریننگ و تربیت ہم نے حاصل کی ہے، رمضان کے بعد اس کے اثرات ہماری عملی زندگی میں دیکھنے کو ملیں، اس کا اہتمام کرنا چاہیے۔

Comments are closed.