مولاناآزادسنٹر نے وقف ترمیمی بل سمیت مختلف مسائل پر نتیش کمار کے سامنے مضبوط نمائندگی کی

عطاایجوکیشنل اینڈویلفیئر ٹرسٹ نے سنٹر کی اراضی کی منظوری پر وزیراعلی کواوراہم تبادلہ خیال کے لیے نمائندہ وفد کو مبارک باددی
نئی دہلی (پریس ریلیز)
گزشتہ دنوں ایک نہایت حوصلہ افزا خبر آئی کہ ملک میں پہلی بار مولانا ابوالکلام آزاد کے نام پر ایک وسیع اور فعال ملی ادارہ کا قیام عمل میں آرہاہے،یہ وقت کااہم تقاضاہے جس کی فعال سرگرمیوں کا بیڑا مشہور عالم دین جناب مولانا محمدابوطالب رحمانی،ٹرسٹی، رکن عاملہ، رکن شوری امارت شرعیہ نے اٹھایاہے، الحمدللہ ایک نہایت کامیاب میٹنگ میں، اہم فیصلہ کیاگیا، اس میٹنگ میں مختلف اداروں کے نمائندوں اور شخصیات کے ساتھ امارت شرعیہ کے نصف درجن ٹرسٹی اور اراکین شوری موجود تھے اور اب مولانا آزادسنٹر کے لیے وزیراعلی بہار نتیش کمار نے زمین کی منظوری بھی دے دی اورجلد یہ ادارہ پوری مضبوطی کے ساتھ کارگزار ہوگا،ان شاء اللہ،ان خیالات کا اظہار محمدکوثر، سکریٹری عطاایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نے اپنے پریس بیان میں کیا۔
محمدکوثر نے وفد کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہاکہ وزیراعلی کے سامنے وفد نے خاص طور پر وقف ترمیمی بل کے مسئلے پر وسیع گفتگو کی اورمیمورنڈم بھی پیش کیا،خصوصاً مولانا انیس الرحمن قاسمی،نائب صدر آل انڈیاملی کونسل اورمولانا محمد ابوطالب رحمانی، چیئرمین مولاناآزاد سنٹرنے وقف کے مسئلے پر مضبوط اور مدلل گفتگو کی، یہ اچھی بات ہے کہ وزیراعلی نتیش کمار نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بل جے پی سی میں ہے،ہم مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، وفد نے اردوسمیت متعدد اہم ملی مسائل پر بھی بات کی،اگر وقف بل رک جاتاہے تو اس نمائندہ وفد کا اس میں اہم کردار ہوگا،وزیراعلی نے اس نمائندہ وفد کو ایک گھنٹہ وقت دیا اور پوری دل چسپی کے ساتھ تمام مسائل پر تشفی بخش جواب دیا۔اس کے لیے ہم وزیراعلی بہار نتیش کمار اور وفد کے قائد مولانا محمد ابوطالب رحمانی، وفد کے شرکاء، مولانا انیس الرحمن قاسمی، مولانا ظفرعبدالرؤف رحمانی ٹرسٹی امارت شرعیہ،ایس ایم اشرف فرید، خورشید حسن، ڈاکٹر خالد انور، پروفیسرصفدرامام قادری سمیت تمام شرکاء کو مبارک باد پیش کرتے ہیں،مولانا آزاد سنٹر کے قیام میں شامل بیشتر لوگ حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کے تربیت یافتہ ہیں،مولانا رحمانی ایک کامیاب منتظم اور قائد رہے ہیں، ادارہ کے بنیاد گزاروں کا مولانا رحمانی کے ساتھ کاموں کاوسیع تجربہ ہے، یہ لوگ حقیقی طورپر کام کرنے والے ہیں، مولاناظفرعبدالرؤف رحمانی حضرت مولانامحمدولی رحمانی کے خصوصی معتمدرہے ہیں،ان کے کاموں کے اندازسے واقف ہیں اس لیے ہمیں پوری امید ہے کہ یہ ادارہ بہت تیزی سے ترقی کرے گا اورمسلمانوں کے لیے مفید ہوگا،ان شاء اللہ۔

Comments are closed.