امارت شرعیہ کی ہدایت پر قاضی شریعت کے ہاتھوں ضلع کلکٹر مدھوبنی کو میمورنڈم وقف ترمیمی بل 2024/ کے حوالہ سے بہار میں سب سے پہلے ضلع مدھوبنی کے قضاۃ و ذمہ داران تنظیم نے ڈی ایم کو میمورنڈم دیا
پریس ریلیز /مدھوبنی
امارت شرعیہ بہار اڈیشہ جھارکھنڈ کی تحریک اور حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم العالیہ کی ہدایت پر ضلع مدھوبنی کے ضلعی قضاۃ اور تنظیم امارت شرعیہ کے کلیدی ذمہ داران کی موجودگی میں وقف بل 2024 کے حوالہ سے آئی اے ایس افسر ضلع کلکٹر ( ڈی ایم ) جناب اروند کمار ورما جی کی خدمت میں 19/ صفحات پر مشتمل انگریزی زبان میں ایک جامع اور مفصل میمورنڈم پیش کیا گیا جس میں آئین کی روشنی میں وقف بل کے نقصانات کو واضح انداز میں بیان کیا گیا ہے ، وفد کا تعارف شمس الحق خاں(پرمکھ) جوائنٹ سیکرٹری تنظیم امارت شرعیہ مدھوبنی نے کرایا پھر قائد وفد امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم حضرت مولانا محمد شبلی القاسمی نے امارت شرعیہ پٹنہ کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں امارت شرعیہ واحد ایسی مضبوط تنظیم ہے جس کا دائرہ کار بہار اڈیشہ جھارکھنڈ اور مغربی بنگال تک وسیع ہے ، اس کے تحت سو دارالقضاء قائم ہیں جہاں مسلمانوں کے شرعی وعائلی مسائل حل ہوتے ہیں ، امارت شرعیہ روز اول سے مسلمانوں کی اجتماعیت ، باہمی ہم آہنگی، علم کی ترویج و اشاعت ، ہنگامی حالات میں فوری امداد اور ملک میں امن و شانتی جیسے اہم مسائل پر زور دیتی رہی ہے ، آج امارت شرعیہ کے خادم ہونے کی حیثیت سے آپ کی خدمت میں حاضر ہو کر وقف بل جو آئین ہند کے خلاف ہے؛ میمورنڈم پیش کیا جارہا ہے ، ڈی ایم صاحب امارت شرعیہ کے خدمات سے کافی متاثر ہوئے، تمام باتوں کو بغور سنا اور اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے اظہار تشکر پیش کیا، واضح رہے کہ مدھوبنی بہار کا پہلا ضلع ہے جس کے چار قضاۃ قاضی محمد امداد اللہ صاحب قاسمی قاضی شریعت شہر مدھوبنی، قاضی اعجاز صاحب قاسمی قاضی شریعت دملہ، قاضی عبد الباسط صاحب رحمانی قاضی شریعت بھیم پور، اور قاضی سلطان صاحب قاسمی قاضی شریعت سنگرام نے وقف ترمیمی بل کے حوالہ سے حضرت امیر شریعت کی ہدایت پر حضرت مولانا شبلی صاحب قاسمی قائم مقام ناظم امارت شرعیہ اور حضرت مفتی انوار صاحب قاسمی صدر تنظیم امارت شرعیہ مدھوبنی کے ہمراہ ضلع کلکٹر کی خدمت میں سب سے پہلے میمورنڈم پیش کیا- اس اہم موقع سے حضرت مفتی محمد روح اللہ صاحب قاسمی نائب صدر، ماسٹر مشتاق صاحب نائب صدر، شمش الحق صاحب جوائنٹ سیکرٹری، مفتی مہتاب عالم قاسمی جوائنٹ سیکرٹری، مولانا معین اللہ صاحب نعمانی مہتمم دارالعلوم صدیقیہ اندھرا، مفتی محمد انظار الحق قاسمی صدر بھیم پور بلاک، مولانا ابوالکلام قاسمی صدر اندھرا بلاک، مفتی مسیح احمد قاسمی آفس سکریٹری، اور تنظیم امارت شرعیہ کے معاون آفس سکریٹری حافظ رحمت صاحب فلاحی، حافظ اسلم پروانہ صاحب وغیرہم بطور خاص شریک کارواں رہے۔
Comments are closed.