آدمی کو اپنا اسیر بنانے کا ہنر!
مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی صاحب: علم، ظرافت، محبت اور دل نوازی کا ایک دل نشیں امتزاج
از: محمد شاہد ناصری حنفی
مدیر ماہنامہ مکہ میگزین، ممبئی
بعض لوگ اپنی علمی وجاہت سے مرعوب کرتے ہیں، بعض اپنے منصب سے، بعض اپنے طمطراق سے؛ لیکن کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی مجلس میں پہنچ کر آدمی مرعوب ہونے کے بجائے ان کا گرویدہ ہوجاتا ہے۔ ان کے پاس علم بھی ہوتا ہے، تجربہ بھی، وقار بھی اور وجاہت بھی؛ مگر ان سب پر ان کی طبیعت کی شگفتگی اور برتاؤ کی بے تکلفی غالب رہتی ہے۔ مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی صاحب کا شمار اسی قبیل کے لوگوں میں ہوتا ہے۔ ان کی شخصیت کا ایک رخ علم و فضل کی گراں مایہ روایت سے جڑا ہوا ہے، تو دوسرا اس دل آویز انسانی وصف سے عبارت ہے جس کے سامنے رسمی تعارف اور منصبی فاصلے زیادہ دیر قائم نہیں رہتے۔
ندوۃ العلماء سے میری آشنائی طالب علمی کے زمانے کی ہے، جب دارالعلوم دیوبند میں زیرِ تعلیم تھا۔ سالانہ تعطیلات کے موقع پر لکھنؤ میں ہماری ٹرین کا تقریباً آٹھ گھنٹے کا وقفہ ہوا کرتا تھا۔ مسافر کے لیے یہ وقفہ انتظار کی ایک طویل آزمائش ہوسکتا تھا، لیکن میرے لیے ندوہ کی حاضری کا ایک غنیمت موقع تھا۔ اسٹیشن پر وقت کاٹنے کے بجائے ندوہ پہنچ جاتا؛ کبھی درس گاہوں میں، کبھی لائبریری میں، کبھی مسجد میں، اور کبھی وہاں کے علمی ماحول میں بیٹھ کر اپنے طالب علمانہ شوق کی تسکین کرتا۔ بعض احباب سے ملاقات ہوتی، ان کی ضیافت میسر آتی، بزرگوں کی زیارت ہوتی اور وہ آٹھ گھنٹے گویا کسی دوسری ہی دنیا میں گزر جاتے۔ اس زمانے میں حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی زیارت ایک طالب علم کی عقیدت کا حصہ تھی؛ مولانا عبدالعزیز بھٹکلی صاحب سے ملاقات کا ابھی کوئی امکان نہ تھا۔
زندگی نے بعد میں ممبئی پہنچایا، حج کمیٹی آف انڈیا کے ماہنامہ حج میگزین کی ادارت ملی، قلم سے رشتہ مضبوط ہوا اور مختلف علمی و دینی اجتماعات میں شرکت کے مواقع پیدا ہوئے۔ فقیہ الامت حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی کرم فرمائیوں سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاسوں اور فقہ اکیڈمی کی نشستوں میں مجلسِ استقبالیہ کے سکریٹری کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دینے کا اتفاق ہوا۔ انہی اجتماعات میں حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ سے بارہا ملاقات ہوئی۔ ابتدا میں جو تعلق زیارت و استفادے تک محدود تھا، رفتہ رفتہ اس میں شناسائی، بے تکلفی اور قربت پیدا ہوگئی۔
اسی تعلق کے حوالے سے ندوہ کی ایک مجلس میں حاضری ہوئی۔ مختلف علمی، فکری اور دینی موضوعات پر گفتگو جاری تھی اور اتفاق سے زیادہ تر تبادلۂ خیال مجھ ہی سے ہوتا رہا۔ مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی صاحب بھی مجلس میں موجود تھے۔ مجلس برخاست ہوئی تو وہ مجھے اپنے مہمان خانے کی طرف لے گئے۔ راستے میں اشعار، ادبی لطائف، اپنے کلام کے نادر گوشے اور نہ جانے کتنی باتیں۔ ان کے حافظے میں شعر محفوظ ہیں یا اشعار نے ان کے حافظے میں مستقل سکونت اختیار کرلی ہے، یہ فیصلہ تو وہ خود کریں؛ البتہ ان کی گفتگو میں شعر کی آمد اس قدر بے ساختہ ہے کہ آدمی کو شعر سننے کے لیے فرمائش کرنے کی حاجت نہیں پڑتی، شعر خود اپنی باری لے لیتا ہے۔ گفتگو کا یہ انداز بھی ان کے ادبی ذوق اور ظریفانہ طبیعت کا آئینہ دار ہے کہ علم کی بات ہو تو علم حاضر، ادب کا ذکر ہو تو شعر حاضر، اور مجلس میں ذرا سی گنجائش پیدا ہو تو ظرافت حاضر!
اس کے بعد ایک اور حاضری ہوئی تو وہی محبت، وہی بے تکلفی، وہی اپنے پن کا انداز۔ کمرے میں لے گئے، گفتگو کا سلسلہ دراز ہوا، اور ساتھ ہی ضیافت کا ایسا اہتمام کہ دسترخوان پر کیا کیا جلوہ گر ہوا، اب حافظہ اس کی تفصیل پیش کرنے سے معذور ہے۔ غالباً معدے نے تفصیلات محفوظ رکھنے کے بجائے مجموعی کیفیت کو محفوظ رکھنا زیادہ مناسب سمجھا۔ اتنا ضرور یاد ہے کہ مولانا کی میزبانی میں انکار کی گنجائش کم اور محبت قبول کرنے کی گنجائش بہت زیادہ ہوتی ہے۔ وہاں مہمان کو کھانے کی مقدار سے زیادہ میزبان کے اصرار کی فراوانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے؛ اور اس اصرار میں ایسی بے ساختگی ہوتی ہے کہ آدمی اپنی احتیاطوں سمیت بے بس ہوجاتا ہے۔ بعض لوگ کھانا کھلاتے ہیں، بعض کھانے کے ساتھ اپنا دل بھی پیش کردیتے ہیں؛ مولانا کا شمار دوسری قسم میں ہے۔
ان کی یہی بے تکلفی، پرتبسم گفتگو اور دل نوازی مجھے اپنے مرشد حضرت مولانا شاہ محمد احمد صاحب پرتاب گڑھی رحمۃ اللہ علیہ کی یاد دلاتی ہے۔ جن لوگوں نے حضرت کی زیارت کی ہے، وہ ان کی بے تکلفی، خوش مزاجی اور دل نوازی سے بخوبی واقف ہوں گے۔ حضرت کے دسترخوان پر اکثر یہ شعر سماعت کو نوازتا تھا:
؎ حاضر ہے خوان فضل کا، جی بھر کے کھائیے
خود کھائیے، جو آئے اسے بھی کھلائیے
یہ شعر دسترخوان کا اعلان بھی تھا اور حضرت کے مزاج کا تعارف بھی۔ کھانا سامنے ہے، اصرار جاری ہے، اور مہمان کے لیے یہ طے کرنا دشوار کہ اب شکم کی رعایت کرے یا میزبان کی محبت کی! حضرت کے یہاں ضیافت کسی پروٹوکول کی پابند نہیں تھی؛ وہ محبت کی ایک ایسی بے تکلف صورت تھی جس میں تکلف خود شرمندہ ہوکر گوشہ نشین ہوجاتا تھا۔
اور چند منٹوں کی ملاقات میں اگر کوئی اٹھنے کا ارادہ کرتا تو حضرت کو اس کا جانا کچھ ایسا گراں گزرتا کہ بے ساختہ زبان پر شعر جاری ہوجاتا:
؎ تیرا آنا میرے احساس میں جان مسرت ہے
مگر جانا ستم ہے، غم ہے، حسرت ہے، قیامت ہے
یہ محض شعر نہیں تھا، ایک دل کا اظہار تھا۔ ملاقات کو مسرت اور جدائی کو قیامت بنا دینے والے لوگ اب کم ہوتے جارہے ہیں۔ آج ملاقاتیں بہت ہیں، مصروفیات بہت ہیں، رابطے بہت ہیں؛ لیکن کسی کے جانے پر دل کا واقعی اداس ہوجانا، اس کی موجودگی کو نعمت سمجھنا اور اس کے چند لمحوں کو اپنے احساس میں محفوظ رکھنا ایک الگ دولت ہے۔ حضرت پرتاب گڑھی رحمۃ اللہ علیہ اس دولت سے مالا مال تھے۔
مولانا عبدالعزیز بھٹکلی صاحب کی گفتگو میں ایک ایسی دل آویزی ہے جسے محض شیریں بیانی کہہ کر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ نے انہیں کوثر و تسنیم سے دھلی ہوئی زبان عطا فرمائی ہے؛ الفاظ کی سلاست، جملوں کی روانی، بیان کی فصاحت، تعبیر کی بلاغت اور موقع و محل کی رعایت سب مل کر ان کی گفتگو کو ایک خاص لطف اور انفرادیت بخشتے ہیں۔ ان کی زبان میں نہ تصنع ہے، نہ تکلف؛ بات دل سے نکلتی ہے تو لفظوں کے پیرایے میں اس طرح ڈھلتی ہے کہ سماعت بھی محظوظ ہوتی ہے اور ذہن بھی اس کی لطافت سے سرشار۔ پھر اس خوش بیانی پر ان کا ادبی ذوق، اشعار کا غیر معمولی حافظہ اور ظرافت کی بے ساختگی مستزاد ہے۔ ان کی مجلس میں گفتگو محض معلومات کا تبادلہ نہیں رہتی، ایک ادبی و فکری ضیافت بن جاتی ہے۔
ان کی شخصیت میں ایک ایسی شگفتگی بھی ہے جو محض خوش مزاجی نہیں، ان کے باطن کی وسعت اور طبیعت کی نفاست کا پتا دیتی ہے۔ ان کی ظرافت مجلس کو بوجھل نہیں ہونے دیتی، ان کا علم گفتگو کو بے وزن نہیں ہونے دیتا، اور ان کی بے تکلفی وقار کی حد سے تجاوز نہیں کرتی۔ یہ سب الگ الگ اوصاف نہیں، ان کی شخصیت میں ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح گھلے ملے ہیں کہ کسی ایک کو جدا کرکے بیان کرنا مشکل ہے۔ مجھے ان کی ملاقاتوں میں اپنے مرشد کے مزاج کی وہی شیرینی محسوس ہوتی ہے؛ وہی بے ساختہ انس، وہی مہمان کو روک لینے کی خواہش، وہی باتوں میں دل لگا لینے کا ہنر۔ آدمی ان کے پاس سے اٹھتا ہے تو محض ایک مجلس ختم کرکے نہیں اٹھتا، اپنے اندر کچھ دیر کے لیے ایک خوشگوار تعلق آباد کرکے اٹھتا ہے۔
البتہ مولانا کو صرف دسترخوان یا ظرافت کے حوالے سے یاد کرنا ان کے علمی مقام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ ان کے اندر علم کا ایک وسیع ذخیرہ ہے؛ حدیث و تفسیر سے اشتغال، تدریس کا طویل تجربہ، عربی و اردو ادب سے گہری وابستگی، اشعار کا غیر معمولی حافظہ اور گفتگو میں موقع و محل کے مطابق کلام کا استعمال ان کی علمی و ادبی شخصیت کے نمایاں عناصر ہیں۔ ان کے پاس شعر محض زینتِ گفتگو نہیں، گفتگو کا ایک مؤثر وسیلہ ہے۔ کسی موقع پر ایک شعر بات کو وہاں پہنچا دیتا ہے جہاں نثر کو ابھی چند جملے مزید درکار ہوں؛ اور مولانا کے ہاں یہ چند جملے اکثر شعر کے سپرد کردیے جاتے ہیں۔ اس اعتبار سے ان کی مجلس میں ادب محض حوالہ نہیں، شریکِ مجلس ہوتا ہے۔
ان کی علمی زندگی کا ایک بڑا حصہ ندوۃ العلماء کے ساتھ گزرا ہے۔ ادارے کی تدریسی، تنظیمی اور انتظامی ذمہ داریوں میں طویل اشتغال، مختلف ادوار میں اکابر کی رفاقت، اور پھر نائب مہتمم سے مہتمم کی ذمہ داری تک پہنچنا کسی اتفاقی پیش رفت کا نام نہیں۔ یہ ایک طویل ریاضت، ادارے کے مزاج سے ہم آہنگی، ذمہ داریوں کی ادائیگی اور اعتماد کی مسلسل تحصیل کا نتیجہ ہے۔ حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ سے ان کی وابستگی اور قربت، حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ ان کے خوشگوار اور اعتماد آمیز روابط، حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی رحمۃ اللہ علیہ اور دیگر اکابر ندوہ سے ان کے تعلقات؛ یہ سب ان کی زندگی کے ایسے ابواب ہیں جنہیں محض رسمی تعلقات کی فہرست میں نہیں رکھا جاسکتا۔ ایک ادارے میں آدمی کا طویل قیام اس کی عمارتوں سے واقفیت پیدا کرتا ہے، لیکن اکابر کے اعتماد کا استمرار اس کے مزاج، وفاداری اور عملی صلاحیت کا پتا دیتا ہے۔
اب عمر نے چہرے پر سفید ریشی کا وہ وقار بھی ثبت کردیا ہے جسے کسی مصنوعی سنجیدگی سے حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ ان کی شخصیت میں محبت بھی ہے اور رعب بھی؛ تاہم رعب ایسا نہیں جو آدمی کو دور رکھے، اور محبت ایسی نہیں جو وقار کو بے وزن کردے۔ ان کے یہاں علم کی سنجیدگی اور ظرافت کی شگفتگی ایک دوسرے کی ضد نہیں بنتیں۔ وہ ان لوگوں میں ہیں جنہیں گفتگو کے لیے موضوع کی تلاش نہیں کرنا پڑتی؛ موضوع ان کی مجلس میں پہنچ کر کبھی شعر ہوجاتا ہے، کبھی واقعہ، کبھی علمی نکتہ اور کبھی ایسی ظریفانہ بات کہ سننے والا ہنس بھی دے اور کچھ دیر اس پر غور بھی کرتا رہے۔ صاحبِ ذوق آدمی کی ظرافت میں یہی فرق ہوتا ہے کہ وہ محض ہنساتا نہیں، ذہن میں ایک لطیف سا نشان بھی چھوڑ جاتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاقِ کریمہ کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ آپ کی ملاقات انسان کے دل میں اپنائیت پیدا کرتی، آپ کی خوش گفتاری اجنبیت کو مٹاتی اور آپ کی دل نوازی لوگوں کو آپ سے وابستہ کردیتی۔ اخلاق کی یہ تاثیر کسی رسمی خوش اخلاقی سے کہیں بلند ہے؛ یہ انسان کو محض مخاطب نہیں، محبوبِ تعلق بناتی ہے۔ اہلِ علم و دعوت کے لیے اس اسوۂ نبوی کا یہ پہلو بھی قابلِ اقتدا ہے کہ علم کے ساتھ دلوں کی رعایت، وقار کے ساتھ بے تکلفی اور گفتگو کے ساتھ محبت بھی ان کی زندگی میں نمایاں ہو۔ علم ذہن کو مطمئن کرتا ہے، لیکن حسنِ اخلاق دل میں جگہ بناتا ہے؛ اور دل میں جگہ بن جائے تو آدمی محض بات یاد نہیں رکھتا، بات کرنے والے کو بھی یاد رکھتا ہے۔
مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی صاحب کی شخصیت میں مجھے ان اوصاف کا خوش گوار امتزاج دکھائی دیتا ہے۔ ان کے علمی مقام کا اعتراف اپنی جگہ، لیکن میری یادداشت میں ان ملاقاتوں کا سب سے نمایاں نقش ان کی دل نوازی، شگفتگی، بے ساختگی اور وہ خوش گفتاری ہے جس کا تعلق نہ کسی مصنوعی تکلف سے ہے، نہ کسی ظاہری اہتمام سے۔ ان کے یہاں محبت کا اظہار کسی اعلان کا محتاج نہیں؛ گفتگو، مسکراہٹ، شعر، توجہ اور بے تکلف برتاؤ خود اس کا اظہار بن جاتے ہیں۔ یہی وہ اوصاف ہیں جو ان کی علمی وجاہت کو انسانی قربت سے ہم کنار کرتے اور ان کی مجلس کو محض ایک علمی نشست کے بجائے ایک خوش گوار یاد بنا دیتے ہیں۔
بعض شخصیات اپنے علم سے ذہن میں جگہ بناتی ہیں، بعض اپنے کمال سے نگاہ میں؛ اور بعض ایسی ہوتی ہیں جو دل میں اتر کر وہاں سے نکلنے کا نام نہیں لیتیں۔ اسی دل نواز شخصیت کا نام ہے حضرت مولانا عبدالعزیز بھٹکلی، مہتمم دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ۔
Comments are closed.