مولانا نظام الدینؒ سیمینار کی مجلس استقبالیہ تشکیل، ڈاکٹر مجید عالم استقبالیہ کے صدر منتخب

پٹنہ(پریس ریلیز)
امیر شریعت سادس حضرت مولانا سید نظام الدین نور اللہ مرقدہ کی حیات و خدمات پر ہونے والے دوروزہ سیمینار(مورخہ 20/21/اکتوبر 2024 ء)کو ہر طرح سے کامیاب بنانے کیلے مولانظام الدین فاؤنڈیشن پھلواری شریف پٹنہ میں شہر پٹنہ کے نمائندہ حضرات کی ایک اہم نشست ہوئی،جس میں بڑی تعداد میں علماء،ائمہ مساجد،مدارس کے ذمہ داران و دانشور حضرات شریک ہوئے،یاد رہے کہ نومبر2023 ء میں مولانا نظام الدین فاؤنڈیشن پٹنہ کی پہلی نشست ہوئی تھی، سیمینار کا خاکہ بناتھااور غور و فکر کے بعد حضرت پر دروزہ سیمینار کرنے کا فیصلہ لیاگیاتھا،اس کے بعد اس کی مختلف نشستیں ہوتی رہیں جس میں شہر پٹنہ کے لوگ شریک ہوتے رہے،سیمینار کی تاریخ طے ہونے کے بعدایک اہم نشست ہوئی جس میں استقبالیہ کی بات آئی، مشورہ سے بات طے پائی کہ اب تک کی میٹنگوں میں شریک ہونے والے سبھی حضرات کو مجلس استقبالیہ میں شریک کر لیا جائے،آج کی نشست میں باضابطہ مجلس استقبالیہ تشکیل پاگئی،صدر استقبالیہ کے لئے مولانا عبدالواحد ندوی نے ڈاکر مجید عالم (چیئرمین عالم ہاسپیٹل رانچی)کا نام پیش کرتے ہوئے فرمایا: ڈاکٹر مجید عالم والد گرامی حضرت مولانا نظام الدین رحمہ اللہ کے شاگرد رشید اور گھر کے ایک فرد ہیں،اباجان کے خاندان و تعلقات کے بزرگوں میں ان ہی کی طرف نگاہ جاتی ہے ،امید کہ آپ حضرات اس کی تائید کریں گے، شرکاء مجلس نے اس حسن انتخاب کی تائید کی اور خوشی کا اظہار کیا،میٹنگ کی کاروائی بڑھاتے ہوئے مولانا عبدالباسط ندوی نے حضرت کی زندگی اورامارت شرعیہ کے اکابر کی زندگی پر روشنی ڈالی،آپ نے فرمایا شخصیات نہیں مرتیں،زندہ رہتی ہیں اور زندگی دیتی ہیں،حضرت مولاناابوالمحاسن محمدسجادؒ سے لے کر اب تک امارت شرعیہ میں مایۂ ناز شخصیتیں گذری ہیں،ذمہ دار کی حیثیت سے بھی اور کارکنان کی حیثیت سے بھی،ان کی مثالی زندگی رہی ہے،ان کی قربانیاں رہی ہیں،انہیں بھولنا نہیں چاہئے،ان کی فہرست بناکر حسب مراتب سیمینار کا سلسلہ شروع کرنا چاہیے،ان کی زندگی سے عوام الناس کے علاوہ ہم خدام امارت کو بہت کچھ سیکھنے کا مو قعہ ملے گا،افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہم بہار کے لوگ اس میں بہت پیچھے ہیں،مولانا عبدالواحد صاحب مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوںنے اپنے والد بزرگ پر سیمینارکا فیصلہ کرکے ہم سب کو مہمیز لگایا ہے،حضرت نظام الدینؒ ایک بیٹے کے باپ ہی نہیں ہیں؛ بلکہ وہ ہم سب کے امیر رہے ہیں،لہذا ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس سیمینار کو کامیاب بنانے میں مخلصانہ حصہ لیں،یہ بھی دین کا کام ہے، اس کے بھی بہت سارے دینی فائدے ہیں،اس کے بعد مو لانا شہزاد اکرام ندوی نے اب تک کی رپورٹ پیش کی،مقالہ نگاروں اور آنے والے اہم مہمانوں کی فہرست سنائی،سیمینار کے ایک ایک جز ء پر بات ہوئی اور مشورے آئے،جسے نوٹ کیا گیا،حضرت مولانا شبلی القاسمی قائم مقام ناظم امارت شرعیہ، حضرت مولانا قاضی انظار عالم قاسمی قاضی شریعت امارت شرعیہ،حضرت مولانا سہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ،حضرت مولانا مفتی سھیل احمد قاسمی، حضرت مولانا مفتی وصی احمدقاسمی نائب قاضی امارت شرعیہ،جناب سمیع الحق صاحب امارت شرعیہ،حضرت مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ وغیر ہ نے ہر طرح سے اس سیمینار کو سراہااور اس کی تائید کی،امارت شرعیہ کی طرف سے اسے کامیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی،اس سیمینار کے روح رواں حضرت امیر شریعت رحمہ اللہ کے چھوٹے صاحبزادے وجانشیں مولانا عبدالواحد ندوی نے یہ خبر سنائی کہ اس سمینار میں حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت بر کاتہم کی بھی شرکت یقینی ہوگئی ہے،ان تاریخوں میں حضرت مشغول تھے مگر اباجان سے گہرے تعلق کی بنیاد پر اس سیمینار میں شرکت کو ترجیح دی ہے، جس کے ہم شکر گذار ہیں،یہ سیمینار دو روزہ ہے اس کی کئی نشستیں ہوں گی ،جس کی صدارت مختلف اہم شخصیات کریں گی، سیمینار کی افتتاحی نشست کی صدارت آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا خالدسیف اللہ رحمانی فرمائیں گے،21/اکتوبر کی پہلی نشست کی صدارت دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو ٔکے ناظم حضرت مولاناسید بلال عبدالحئی حسنی فرمائیں گے،21/کو بعد نماز مغرب اجلاس عام کی صدارت امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی فرمائیں گے،ان شا ء اللہ،جامع مسجد پٹنہ جنکشن کے امام و خطیب مولانا اسعد قاسمی نے فرمایا شہر پٹنہ کے ائمہ حضرات آپ کے ساتھ ہیں، میری خواہش ہے کہ جمعہ میں ائمۂ کرام اپنے خطاب میں حضرت کی زندگی پر روشنی ڈالیں،سیمینار میں آنے والے مہمانوں کااستقبال اور ان کی راحت کا انتظام پٹنہ جنکشن کی مسجد کرے گی ان شا ء اللہ،اخیر میں حضرت مولانا عبدالعظیم رحمانی نے سیمینار کی اہمیت کے پیش نظر مہمانوں کی راحت ،سہولت اور بہتر سے بہترانتظام ہو اس سے متعلق اہم مشورہ دیا اور فرمایا المعہدالعالی میں سیمینار کا فیصلہ بہت مستحسن اور دانشمندانہ ہے اس سے امارت شرعیہ مستحکم ہوگااورحضرت نظام الدین ؒکی نسبت سے ایک روحانی منظر دیکھنے کو ملے گا،حضرت امیر شریعت کی شرکت کی خبرسن کرخوشی ہوئی، یہ سیمینار ایک اللہ والے پر ہے اللہ کی تائید ونصرت رہے گی ان شا ء اللہ،آج کی نشست کا آغا مولانا مفتی عبدالصمد امام و خطیب علی نگر مسجد کی تلاوت کلام پاک اور حضرت مولانا نظام الدین علیہ الرحمہ کی لکھی ہوئی نعت پاک بآواز قاضی مجیب الرحمن معاو ن قاضی امارت شرعیہ ہوا، جسے سن کر حضرت ؒ کی یاد تازہ ہوگئی اور آنکھیں اشک بار ہو گیں،اس میٹنگ میںہارون نگر،علی نگر، نہوسا، نیا ٹولہ، الباکالونی، پاٹلی پترا،راجندر نگر، سبزی باغ سلطان گننج، پٹنہ سیٹی وغیرہ کے نمائندہ لوگ شریک ہوئے، میٹنگ کی نظامت مولانا شہزاد اکرام ندوی نے کی،اس میٹنگ کو کامیاب بنانے میں جامعۃ المومنات کے اساتذہ واسٹاف پیش پیش رہے،یہ اطلاع ابولکلام نظامی آفس سکریٹری نے دی ۔

Comments are closed.