صالح معاشرہ کی تشکیل کے لیے عورتوں کا تعلیم یافتہ ہونا لازمی : مولانا رضوان احمد قاسمی
ضلع سیتامڑھی کے مرزا پور گاؤں میں معہد خدیجہ للبنات کی افتتاحی تقریب سے علماء کرام کا خطاب
سیتامڑھی (پریس ریلیز) پیغمبر آخرالزماں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مردو عورت پر فرض ہے، اس ارشاد گرامی کی روشنی میں ہر مسلمان مرد و عورت کے لئے دین کا اتنا علم سیکھنا جس سے وہ اپنی زندگی شریعت کے مطابق گذار سکے فرض ہے، مرد پڑھتا ہے تو صرف آیک فرد پڑھتا ہے لیکن جب عورت پڑھتی ہے تو گویا پورا خاندان اور پورا سماج پڑھتا ہے، یاد رکھیں کہ اگر آپ کو ایک تعلیم یافتہ سماج اور صالح معاشرہ تشکیل دینا ہے تو اس کے لیے عورتوں کی تعلیم لازمی اور فرض کے درجے میں ہے، ان خیالات کا اظہار دارالعلوم وقف دیوبند کے سابق استاد مولانا رضوان احمد قاسمی نے معہد خدیجہ للبنات کی دعائیہ تقریب میں صدارتی خطاب کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب کہ مسلم لڑکیوں میں ارتداد کے واقعات آئے دن بڑھتے جارہے ہیں ایسے نازک حالات میں لڑکیوں کی دینی تعلیم و تربیت فرض کے درجے میں ہے، انہوں نے معہد خدیجہ للبنات کے بانی و ناظم مولانا مفتی مشتاق احمد قاسمی کو مبارک باد دیتے ہوئے فرمایا کہ آپ نے اس علاقے میں معہد خدیجہ قائم کرکے پورے علاقہ والوں کی جانب سے کفارہ ادا کردیا ہے، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ تعلیم سے زیادہ تربیت کا خیال رکھیں اور لڑکیوں کے عقائد کی درستگی پر خصوصی توجہ دیں، اس موقع پر معروف عالم دین مولانا عبدالرؤف اعجازی آزاد نے اس علاقے میں معہد خدیجہ للبنات کے قیام کو نیک فال قرار دیتے ہوئے ادارہ کے روشن مستقبل کی دعائیں دیں، واضح رہے کہ معہد خدیجہ للبنات کے قیام کے موقع سے ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس کی صدارت مولانا عبدالقدوس قاسمی نے کی جب کہ سرپرستی کا فریضہ مولانا رضوان احمد قاسمی نے انجام دیا، اس موقع پر علاقہ کے علماء کرام و دانشوران عظام کثیر تعداد میں شریک ہونے جن میں مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی مدھوبنی کے معاون پرنسپل مولانا نصراللہ قاسمی ،مدرسہ رحمت العلوم منتی کے مہتمم مولانا جاوید اختر حلیمی اور مولانا شکیل قاسمی پٹھن پوری بطور خاص قابل ذکر ہیں. مولانا رضوان احمد قاسمی کی رقت آمیز دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا.
Comments are closed.