دربھنگہ کو ملا 2 ہزار کروڑ کی منصوبوں کا تحفہ، وزیراعلیٰ نتیش کمار نے 180 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا

جالے: (محمد رفیع ساگر؍بی این ایس)
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپنی پرگتی یاترا کے تحت ہفتے کے روز دربھنگہ کا دورہ کیا اور ضلع کو 2 ہزار کروڑ روپے کے 180 ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ پیش کیا۔ سنگھواڑہ بلاک کے سمری میں وسیع پناہ گاہ اور کستوربا گاندھی رہائشی اسکول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جیویکا دیدیوں اور ٹولہ سیوکوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ساتھ نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری، وزیر صحت منگل پانڈے، وزیر سماجی بہبود مدن سہنی، وزیر آبی وسائل وجے چودھری، راجیہ سبھا کے رکن سنجے جھا، ممبر اسمبلی جیویش کمار، مراری موہن جھا اور سنجئے سراوگی، سمری مکھیا دینیش مہتو،سابق مکھیا امجد عباس سمیت کئی دیگر وزراء اور رہنما موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے موقع پر جاکر عوامی فلاحی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور این ڈی اے کے کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ نے پرگتی یاترا کا آغاز سنگھواڑہ بلاک کے بھراٹھی گاؤں میں 38 کروڑ سے تعمیر وسیع پناہ گاہ کے افتتاح سے کیا۔ اس کے بعد سمری کے چندسار میں مچھلی مارکیٹنگ کٹ اور ماہی گیری تعاون کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔ پنچایت سرکار بھون میں "سات عزائم” منصوبوں کا معائنہ کیا اور کے جی بی وی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے غذائی باغیچہ کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے سمری ہائی اسکول کیمپس میں مختلف محکموں کی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ دہلی موڑ بس اسٹینڈ کو بین الریاستی بس اسٹاپ کے طور پر ترقی دینے کے منصوبے کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ہراہی تالاب کی خوبصورتی کاری کے کام اور شہر میں ٹریفک کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے دونار چوک اور کرپوری چوک پر مجوزہ ڈیزائنوں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی آفس کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف ضلع کی ترقی کو رفتار دیں گے بلکہ صنعتی علاقے کی تعمیر کے وعدے کو بھی حقیقت میں بدلیں گے۔
ادھر جے ڈی یو کے سینئر لیڈر عبدالباقی، تکنیکی و لیبر شعبہ کے ریاستی جنرل سکریٹری ولی امام بیگ چمچم، جے ڈی یو یوتھ کے ریاستی سکریٹری انجینئر کمال رشید صبا نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان ترقیاتی منصوبوں کو ضلع کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

Comments are closed.