ایک اچھا طالب علم وہی ہوتا ہے جو نہ صرف اپنی تعلیم مکمل کرتا ہے بلکہ اپنے اخلاق و کردار سے بھی دوسروں کے لیے مثال بنتا ہے : اعجاز یونس

شیواجی نگر اردو اسکول نمبر 1 میں انصاری اعجاز یونس کی ریٹائرمنٹ پر شاندار الوداعی تقریب
شیواجی نگر، گوونڈی 30 جنوری: شیواجی نگر اردو اسکول نمبر 1 میں استاد انصاری اعجاز یونس کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک شاندار اور یادگار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ششم تا ہشتم جماعت کے طلباء نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔
اس موقع پر طلباء نے اپنے استاد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف ثقافتی سرگرمیاں پیش کیں۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد نعت خوانی اور حمدیہ کلام پیش کیے گئے۔ طلباء نے گیت، تمثیلی مشاعرہ، مزاحیہ مکالمے، ترانے اور گیت کے ذریعے استاد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقاریر میں طلباء نے انصاری اعجاز یونس کے تدریسی انداز اور اخلاقی تربیت کے اثرات پر روشنی ڈالی، جبکہ کچھ طلباء نے جذباتی انداز میں استاد کے ساتھ گزارے لمحات کو یاد کیا۔نظامت کے فرائض انصاری شازیہ نے انجام دیے۔
پروگرام کے دوران طلباء کو انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ طلباء میں سہیل،عرفان،سعدیہ، صاحبہ، شفا،ساجینور،ماجدہ،شمائلہ، ندا، رحمت جہاں اور دیگر کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خصوصی طور پر انصاری عطا الرحمٰن اور عبید الرحمٰن صاحب نے طلباء سے خطاب کیا اور انہیں محنت، دیانت داری اور تعلیمی میدان میں کامیابی کے اصولوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے علم کی روشنی پھیلانے میں اساتذہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے طلباء کو اساتذہ کی عزت اور ان کے بتائے گئے اصولوں پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
سبکدوش ہونے والے استاد انصاری اعجاز یونس نے بھی طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہیں تعلیم حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ ہمیشہ علم کی جستجو میں رہیں اور تعلیمی و تربیتی میدان میں آگے بڑھ کر مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھا طالب علم وہی ہوتا ہے جو نہ صرف اپنی تعلیم مکمل کرتا ہے بلکہ اپنے اخلاق و کردار سے بھی دوسروں کے لیے مثال بنتا ہے۔
صدر مدرسہ انصاری اسماعیل ابراہیم، اساتذہ عمران شیخ ، شیخ رفعت، شبنم شیخ، انصاری شبینہ، انصاری نیلوفر اور دیگر اسکول کے عملے نے انصاری اعجاز یونس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ طلباء کے لیے مشعلِ راہ رہے ہیں، اور ان کی تعلیمی کاوشیں اسکول کے لیے ایک مثالی ورثہ ہیں۔
یہ تقریب محبت، عقیدت اور علم دوستی کا خوبصورت امتزاج بنی، جہاں طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، اور استاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا۔
Comments are closed.