ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام محلہ لائبریری میں عالمی یومِ کتاب منایا گیا

 

۲۳؍ اپریل عالمی یومِ کتاب تا یکم مئی یوم مہاراشٹر تک کتابوں کے تئیں بیداری مہم چلائی جائے گی – مرزا عبدالقیوم ندوی

اورنگ آباد : ۲۳؍ اپریل: ہر سال ۲۳؍ اپریل کو عالمی یومِ کتاب کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اورنگ آباد شہر میں جاری مریم مرزا محلہ محلہ بچوں کی لائبریری مہم کے تحت ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام لائبریری میں آج یہ دن منایا گیا۔ اس موقع پر بچوں میں ۳۰۰ کتابیں مفت تقسیم کی گئیں۔

ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی کی رہنمائی میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ مرزا مریم نے طلباء کو عالمی یومِ کتاب اور اس کی اہمیت کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پڑھنے والے اور کتابوں سے دوستی رکھنے والے لوگوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ لہٰذا، ہر ایک کو روزانہ پڑھنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔

یہ پروگرام مرزا نشاط ترنم اور محلہ لائبریریوں کی محرک مرزا مریم جمیلہ کی نگرانی میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں الہدیٰ اردو اسکول کے طلباء اور اساتذہ نے حصہ لیا اور طلباء کی رہنمائی کی۔

عالمی یومِ کتاب کے موقع پر دہلی اردو سے شائع ہونے والا ماہانہ رسالہ ‘امنگ’ اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، دہلی سے شائع ہونے والا بچوں کا مقبول رسالہ ‘ماہنامہ بچوں کی دنیا’ کے ساتھ ساتھ ‘تعلیمی انقلاب’ کا تازہ شمارہ بچوں میں تقسیم کیا گیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی کی قیادت میں محلہ لائبریری تحریک چلائی جا رہی ہے اور اب تک 36 بچوں کی محلہ لائبریریاں شروع کی گئی ہیں۔ یہ بال کتب خانے شہر اور اس کے آس پاس کی غریب اور مزدور کالونیوں میں شروع کیے گئے ہیں۔ ان لائبریریوں سے ہزاروں بچے مستفید ہو رہے ہیں۔

فاؤنڈیشن کے رکن مرزا ابوالحسن علی نے بتایا کہ گزشتہ دس سالوں سے طلباء میں پڑھنے کی عادت پیدا کرنے کے لیے فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی کوشاں ہیں اور انہوں نے اب تک سینکڑوں پروگراموں میں ہزاروں کتابیں بچوں کے گھروں پر تقسیم کی ہیں۔ موسم گرما کی تعطیلات میں طلباء کو کتابوں کا دوست بنانا ہے۔ اس کے لیے "کتابوں کا تعارف، مختلف قومی اور بین الاقوامی شخصیات پر لکھی گئی کتابیں پڑھنے کے لیے دینا اور ان سے مضامین لکھوانا” جیسی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔

مرزا مریم جمیلہ نے اطلاع دی کہ یہ مہم، ایک کتاب بیداری مہم، عالمی یومِ کتاب ۲۳؍ اپریل سے یوم مہاراشٹر یکم مئی تک جاری رہے گی۔

Comments are closed.