فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے جنوبی کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت ہند کی کشمیر پالیسی پر سوال اٹھائے

ممبئی : فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے جنوبی کشمیر کے پہلگام میں منگل کے روز ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے جس میں متعدد بے گناہ افراد کی موت ہوگئی ۔ میڈیا کو جاری ایک بیان میں فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے ذمہ داروں نے انسانی جانوں کے اس نقصان پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔
فیڈریشن نے کہا کہ ہم منگل کے روز جنوبی کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔بے گناہ جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ ہم متاثرین اور ان کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس طرح کے وحشیانہ فعل کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔ یہ غیر انسانی ہے اور واضح مذمت کا مستحق ہے۔ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے اور سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئے۔
فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے کہا، "یہ ایک غیر انسانی عمل تھا جو ہر اخلاقی ضابطے کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام کسی بھی فرد کے غیر منصفانہ قتل کی سختی سے ممانعت کرتا ہے اور زندگی کے تقدس کو مضبوطی سے برقرار رکھتا ہے۔ اسی کے ساتھ فیڈریشن نے سوال اٹھائے کہ حکومت نے کشمیر سے دفعہ ۳۷۰ ختم کئے جانے اور ایک سال سے زیادہ سخت ترین لاک ڈائون کے بعد یہ دعوی کیا تھا کہ اس سے کشمیر سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔ لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ آئے دن سیکوریٹی فورسس سے تصادم کی خبریں آرہی ہیں اور اب تو نہایت سفاکانہ واقعہ رونما ہوگیا ۔ یہ واقعہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کی کشمیر پالیسی مکمل طور سے ناکام ہوچکی ہے ۔
فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے یہ سوال اٹھایا کہ جس کشمیر میں لاکھوں فوجی اس کی نگرانی پر مامور ہوں وہاں اس طرح کا واقعہ رونما ہونا حیرت انگیز بھی ہے اور حکومت کے دعووں کی دھجیاں بھی اڑاتا ہے ۔ فیڈریشن نے ریاستی اور مرکزی حکام پر زور دیا کہ وہ متاثرین کے لئے انصاف کو یقینی بنائیں ، حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے اور کمزور برادریوں کے تحفظ کے لئے فیصلہ کن اور شفاف اقدامات کریں۔ جموں و کشمیر کے بارے میں ہمارا دیرینہ موقف یہ ہے کہ ریاست کے مسائل کو اس کے عوام اور ان کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت اورمشاورت کے ذریعہ حل کیا جانا چاہئے۔ ساتھ ہی جذباتی باتوں نعروں سے بچ کر حقیقی اور زمینی مسائل کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس کے جوائنٹ پریس ریلیز کے ذریعہ یہ بیان دیا گیا ہے ۔پریس ریلیز دینے والوں میں مولانا عمرین محفوظ رحمانی ، سیکریٹری مسلم پرسنل لا بورڈ محمود احمد دریا آبادی جنرل سکریٹری علماء کونسل،
مولانا حافظ الیاس خان فلاحی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند ، مولانا حافظ سید اطہر،عالم دین اہل سنت والجماعت صدر علماء ایسوسی ایشن ممبئی ، مہاراشٹر ، مولانا حلیم اللہ قاسمی، صدر جمعیتہ علمائے ہند مہاراشٹر فرید شیخ صدر امن کمیٹی ممبئی ، عبدالحفیظ پترکار جالنہ، مولانا ظہیر عباس رضوی نائب صدر شیعہ پرسنل لاء بورڈ ، ڈاکٹر سعید احمد فیضی،ناظم عمومی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر،مولانا مفتی حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیت علمائے ہند مہاراشٹر ، مولانا آغا روح ظفر ،امام خوجہ جماعت ممبئی ، مولانا انیس اشرفی رضا فاؤنڈیشن ممبئی، مولانا نظام الدین فخر الدین ، ممبر مسلم پرسنل لا بورڈ پونہ،ہمایوں شیخ ناظم ممبئی جماعت اسلامی ہند ، شیخ عبدالمجیب کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس.
Comments are closed.