منی پور: ایک بار پھر تشدد کی زد میں ، کامجونگ ضلع میں کئی گھر نذرِ آتش، ضلع مجسٹریٹ نے کرفیو نافذ کرنے کا کیا اعلان

 

نئی دہلی (ایجنسی)

منی پور میں رہ رہ کر ہو رہے تشدد نے مشکل حالات پیدا کر دیے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق کامجونگ ضلع کے سہمفنگ سَب ڈویژن کے تحت گمپال اور ہیانگ گاؤں میں بدھ کی صبح نامعلوم شرپسندوں نے گاؤں کے کئی گھروں کو نذرِ آتش کر دیا۔ آگ زنی کے واقعہ نے علاقے میں کشیدگی والے حالات پیدا کر دیے ہیں۔ اس سے عوامی امن و تحفظ کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ آگ زنی کے واقعہ کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے بدھ کی دوپہر 2.00 بجے سے کرفیو نافذ کر دیا۔

یہ حکم بی این ایس ایس (بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا) 2023 کی دفعہ 163 کی ذیلی دفعہ 1 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ یہ لوگوں کو اپنے گھروں سے باہر نکلنے اور نظامِ قانون کو بگاڑنے والی کسی بھی سرگرمی پر روک لگاتا ہے۔ کرفیو آئندہ نوٹس تک نافذ رہے گا، حالانکہ نظامِ قانون بنائے رکھنے یا ضروری خدمات فراہم کرنے میں شامل سرکاری ایجنسیوں کو چھوٹ دی گئی ہے اور انھیں اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت ہے۔

ضلع مجسٹریٹ نے حالات پر باریکی سے نظر رکھنے اور امن یقینی بنانے کے لیے سہمفنگ کے ایس ڈی سی ہنگیو یوریکن کو گمپال اور ہیانگ کے پورے علاقہ کے لیے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ مقرر کیا ہے۔ کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے افسران ہائی الرٹ پر ہیں، کیونکہ وہ قصورواروں کی شناخت کرنے اور مزید تشدد کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ایک افسر نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ 7 سے زائد گھر، خاص طور سے پھوس کی چھت والے ڈھانچے جل کر خاک ہو گئے ہیں۔

Comments are closed.