مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

پروفیسر عابد علی خان، اے ایم یو میں آئی کیو اے سی کے ڈائریکٹر مقرر

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے پروفیسر عابد علی خاں کو دو سال کی مدت کے لئے ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ یونیورسٹی کے انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (آئی کیو اے سی) کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

پروفیسر خان نے اے ایم یو میں متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں، جن میں ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کا عہدہ بھی شامل ہے۔ وہ فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے تحت سینٹر فار انٹرڈسپلنری بایومیڈیکل اینڈ ہیومن فیکٹرز انجینئرنگ سے بھی وابستہ ہیں۔

پروفیسر خان نے اے ایم یو سے بی ایس سی مکینیکل انجینئرنگ اور ایم ایس سی انڈسٹریل و پروڈکشن انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی، جبکہ پی ایچ ڈی، یونیورسٹی آف لیمریک، آئرلینڈ سے مکمل کی، جہاں وہ یورپی یونین کی مالی معاونت سے ریسرچ اسسٹنٹ کے طور پر تحقیق میں مصروف رہے۔

وہ شعبہ مکینیکل انجینئرنگ میں ایرگونومکس، ایکسپیریمنٹل میتھڈز اینڈ اینالیسز، ڈیزائن آف ایکسپیریمنٹس، اور ریسرچ میتھڈولوجی جیسے مضامین پڑھاتے ہیں۔ ان کی تحقیق کا بنیادی دائرہ کار پیشہ ورانہ ایرگونومکس، ارتعاش پر انسانی ردعمل، کام سے متعلق عضلاتی نظام کی بیماریاں، اور ای ایم جی اسٹڈیز پر مشتمل ہے۔ ان کے تحقیقی مضامین ممتاز قومی و بین الاقوامی جرائد جیسے کہ اِرگونومکس، اپلائیڈ اِرگونومکس،انٹرنیشنل جرنل آف انڈسٹریل اِرگونومکس، اکیوپیشنل اِرگونومکس، تھیوریٹیکل ایشوز اِن اِرگونومکس سائنس، جرنل آف اکیوپیشنل سیفٹی اینڈ اِرگونومکس اور ورک: اے جرنل آف پریونشن، اسسمنٹ اینڈ ری ہیبلیٹیشن وغیرہ میں شائع ہوچکے ہیں۔

پروفیسر خان ریسرچ و ڈیولپمنٹ کے متعدد منصوبوں میں سرگرم عمل ہیں، جو جسم اور ہاتھ و بازو کی ارتعاش کا ایکسپوژر، مصنوعات کے ڈیزائن کی ارگونومک جانچ، اور ای ایم جی پر مبنی مصنوعی اعضا کے نظام سے تعلق رکھتے ہیں۔

………………………………………

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کی نرسنگ آفیسرز ایسوسی ایشن نے سی پی آر اور فائر سیفٹی سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیا

عاشق علی، آل انڈیا گورنمنٹ نرسز فیڈریشن کے نائب صدر منتخب

علی گڑھ، 14 مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نرسنگ آفیسرز ایسوسی ایشن نے عالمی یوم نرسنگ کی مناسبت سے ٹراما سینٹر کے سامنے سی پی آر اور آگ سے تحفظ کے بارے میں آگہی پروگرام منعقد کیا، جس کا مقصد لوگوں کو زندگی بچانے والی تکنیکوں اور بنیادی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرنا تھا۔

پروگرام کے دوران یونین کے جنرل سکریٹری جناب رِنکو چودھری نے دل کے دورے اور ایمرجنسی کی صورت میں سی پی آر کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی تربیت ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس موقع پر ڈمی کے ذریعے لائیو مظاہرے کیے گئے جن کے ذریعے عوام نے سی پی آر کی تکنیکیں سیکھیں اور خود بھی مشق کی۔

نرسنگ آفیسرز ایسوسی ایشن کی نائب صدر اور برن یونٹ انچارج محترمہ نثار جہاں نے فائر سیفٹی پر رہنمائی فراہم کی۔ انھوں نے خاص طور پر گھریلو کچن اور دیگر خطرناک مقامات پر احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا۔

پروگرام میں جناب سراج الدین اور چیف میڈیکل آفیسر انچارج جناب معراج نے بھی شرکت کی اور اس بیداری مہم کے انعقاد میں شامل نرسوں اور دیگر عملے کی محنت و لگن کی تعریف کی۔ اس موقع پر نرسوں کی خدمات کے اعتراف کے طور پر کیک کاٹا گیا، جس میں یونین کے ممبران کامل، سمپت، اجبر، ساجد، اکبر، راکیش، توصیف، دیپک، رجیل، جعفر عالم اور شاکر نے حصہ لیا۔

دریں اثنا، ایک اہم پیش رفت میں جے این ایم سی ایچ کے نرسنگ آفیسر جناب عاشق علی کو آل انڈیا گورنمنٹ نرسز فیڈریشن (اے آئی جی این ایف) کا نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا انتخاب حال ہی میں دہلی کے لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج میں منعقدہ اے آئی جی این ایف کی قومی کانفرنس کے دوران عمل میں آیا۔

اس کانفرنس میں جے این ایم سی ایچ کی نرسنگ آفیسرز ایسوسی ایشن نے صدر جناب سراج الدین اور جنرل سکریٹری جناب رِنکو چودھری کی قیادت میں حصہ لیا۔ عاشق علی کے علاوہ کامل قریشی، رِنکو چودھری اور توصیف کو فیڈریشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اے آئی جی این ایف ملک بھر کے تقریباً 20 لاکھ سرکاری نرسنگ اہلکاروں کی نمائندگی کرتی ہے اور ان کے حقوق، فلاح و بہبود، اور پیشہ ورانہ ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

………………………………………

اے ایم یو کے سابق طالب علم یوسف فاروقی کا کینیڈا کے اونٹاریو جیولوجیکل سروے میں تقرر

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ارضیات کے سابق طالب علم یوسف فاروقی کو کینیڈا کے باوقار ادارے اونٹاریو جیولوجیکل سروے میں جیولوجیکل اسسٹنٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

انھوں نے اے ایم یو سے 2019 میں بی ایس سی اور 2021 میں ایم ایس سی جیولوجی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ شعبہ ارضیات کے سربراہ پروفیسر راشد عمر نے جناب فاروقی کو اس کامیابی پردلی مبارکباد پیش کی۔

………………………………………

این سی سی اے ایم یو کی جانب سے ’نشہ سے پاک ہندوستان‘ کے لیے ریلی کا اہتمام، منشیات کے خلاف بیداری مہم

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی 1/8 اور 2/8 کمپنی این سی سی نے 8 یوپی بٹالین، علی گڑھ کے کمانڈنگ آفیسر کرنل اجے لمبا کی سرپرستی میں ’نشہ سے پاک ہندوستان‘ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ایک بیداری ریلی نکالی۔

ریلی کا افتتاح اے ایم یو کے پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے کیا، جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ پراکٹر ڈاکٹر انور احمد، ڈاکٹر محمد قمر عالم اور جناب عمران احمد عثمانی بھی موجود تھے۔ رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن فاروق احمد ڈار اور کیپٹن نجف علی خان نے نوجوانوں اور سماج پر منشیات اور تمباکو نوشی کے تباہ کن اثرات کا ذکر کیا۔

اس بیداری ریلی میں 80 کیڈٹس نے حصہ لیا، جو ہاتھوں میں پلے کارڈ لیے ہوئے تھے اور عوام کو نشے سے پاک طرزِ زندگی کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے نعرے بلند رہے تھے۔ اس موقع پر صوبیدار پروین، حولدار ہریندر، حوالدار کے بی بالیان، حوالدار محمد عامر، سینیئر کیڈٹ کلدیپ کمار، اور عملے کے ارکان جناب عبدالمنان اور جناب انصار موجود تھے۔

………………………………………

اے ایم یو کے ڈاکٹر فیضان احمد کو کیرالہ میں منعقدہ 14ویں آئیڈیا کنونشن میں اوّل انعام سے نوازا گیا

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ پوسٹ ہارویسٹ انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فیضان احمد کو کیرالہ کے تھریسور میں منعقدہ 14ویں آئیڈیا کنونشن اور قومی سیمینار کے دوران اساتذہ کے زمرہ میں ان کے منفرد ویکیوم ڈرائنگ ٹکنالوجی کے تصور کے لئے اول انعام سے نوازا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام ورگیس کوریئن انسٹی ٹیوٹ آف ڈیری اینڈ فوڈ ٹکنالوجی، منوتھی، تھریسور، کیرالہ نے انڈین ڈیری انجینئرز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا تھا۔

ڈاکٹر فیضان احمد نے اس موقع پر اپنا ایک تحقیقی مقالہ بھی پیش کیا جس کا عنوان تھا:لیموں کے چھلکے سے حاصل شدہ پیکٹن اور چائٹوسان کو نیم کے پتوں کے عرق کے ساتھ ملا کر بایو ڈیگریڈیبل فوڈ پیکجنگ فلمز کی تیاری اور ان کا خوبانی کے پھل پر اطلاق۔ انہوں نے پلاسٹک پیکجنگ کے مقابلے میں بایوڈیگریڈیبل فلمز کی افادیت پر زور دیا۔

شعبہ پوسٹ ہارویسٹ انجینئرنگ و ٹکنالوجی کے سربراہ پروفیسر زیڈ آر اعزاز احمد آزاد نے ڈاکٹر فیضان کو آئیڈیا مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی دستیابی کو یونیورسٹی کے لیے باعث فخر قرار دیا۔

………………………………………

آپریشن جاگرتی 4.0: اے ایم یو کی این ایس ایس اکائی نے بیداری مہم منعقد کی

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) اکائی نے لال ڈگّی واقع اپنے دفتر میں آزاد فاؤنڈیشن سوسائٹی کے اشتراک سے آپریشن جاگرتی 4.0 کے عنوان سے ایک بیداری مہم منعقد کی جس کا مقصد سماجی ذمہ داری، قومی شعور اور کمیونٹی ویلفیئر کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ اس میں این ایس ایس رضاکاروں، طلبہ اور مقامی افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔

پروگرام کے مہمان خصوصی پروفیسر علی نواز زیدی (ڈپٹی پراکٹر، اے ایم یو) تھے اور دیگر مہمانوں میں محترمہ ممتا کریل (ایس پی کرائم، علی گڑھ)، جناب ابھے کمار پانڈے (سرکل آفیسر)، جناب ناصر خان (یونیسف نمائندہ)، سب انسپکٹر کسم لتا اور شکھا تیاگی، اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر سول لائنز شامل تھے۔

مقررین نے سائبر سیکیورٹی، خواتین پر تشدد، منشیات کی روک تھام، کنبہ کے انتشار، اور قانونی دفعات کے غلط استعمال جیسے سماجی مسائل پر گفتگو کی۔ انہوں نے مفت قانونی امداد کی فراہمی، مؤثر پولیس کارروائی اور کاؤنسلنگ کے کردار پر زور دیا اور خاص طور پر نوجوانوں کو سائبر جرائم اور منشیات جیسی برائیوں سے بچانے اور انہیں جذباتی دباؤ کے تحت گھر چھوڑنے جیسے فوری فیصلوں سے بچنے کی ترغیب دی۔

ڈاکٹر محمد محسن خان، پروگرام کوآرڈینیٹر، این ایس ایس نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ’آپریشن جاگرتی‘ کے مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ’نیشن فرسٹ‘ کے جذبے کے تحت سماجی شعور بیدار کرنا ہے۔

سرکل آفیسر ابھے کمار پانڈے نے نوجوانوں میں شہری شعور بیدار کرنے کی اے ایم یو این ایس ایس اور آزاد فاؤنڈیشن سوسائٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شعور ہی ایک شمولیتی اور منصفانہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔

این ایس ایس پروگرام افسران پروفیسر حریف، ڈاکٹر محمد عذیر اور جناب راحد اکبری نے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے خدمت کے جذبے کے تحت این ایس ایس اکائی کے عزم کا اعادہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ این ایس ایس اے ایم یو نے بے شمار بامقصد مہمات کا اہتمام کیا ہے، جن میں ’نیشن فرسٹ‘، سڑک سیفٹی مہمات، ووٹر بیداری ریلیاں اور صحت بیداری کے اقدامات شامل ہیں۔ پروگرام آفیسر عبدالجبار اور محمد عمران خان نے پروگرام کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

………………………………………

اے ایم یو کے 6 طلبہ دبئی میں بین الاقوامی انٹرن شپ کے لئے منتخب

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ایم بی اے، سال اوّل کے 6 طلبہ نے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں بین الاقوامی انٹرن شپ حاصل کی ہے۔ یہ انٹرن شپ انھیں یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے توسط سے حاصل ہوئی۔

ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) جناب سعد حمید نے بتایا کہ منتخب طلبہ میں محمد فائز اور یسریٰ نجم، ایگمائر کانٹریکٹنگ اینڈ مینٹیننس ایل ایل پی میں، جب کہ دانش مشتاق، حسن محمد خان، مریم احمد اور ارمان بیگ، شرف ایکسچینج میں دو ماہ کی انٹرن شپ کریں گے۔ اس دوران انھیں ہیومن ریسورس، فائننس اور انٹرنیشنل مارکیٹنگ کے شعبوں کے عملی تجربات حاصل ہوں گے۔

………………………………………

اے ایم یو کے طلبہ نے وی ایم ہال میں منعقدہ ورکشاپ میں امتحان کے دباؤ سے نکلنے کے طریقے سیکھے

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وقارالملک ہال کی کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل نے امتحانات کے ذہنی تناؤ سے کیسے نجات پائیں اور تیاری کریں کے عنوان پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کی، جس میں طلبہ کو امتحانات سے متعلق دباؤ سے مؤثر طریقے سے نپٹنے، وقت کی معقول منصوبہ بندی اور دماغی صحت بہتر رکھنے کی تربیت دی گئی۔

شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے پروفیسر پرویز طالب اور شعبہ نفسیات کے ڈاکٹر آصف حسن نے ورکشاپ سے خطاب کیا۔ پروگرام کا آغاز وقارالملک ہال کے پرووسٹ پروفیسر نوشاد علی پی ایم کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جس میں انہوں نے تعلیمی زندگی میں دماغی صحت کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا اور ایسی کوششوں کو طلبہ کی مزاحمتی صلاحیت بڑھانے کے لیے قابل ستائش قرار دیا۔

اپنے کلیدی خطاب میں پروفیسر پرویز طالب نے تعلیمی دباؤ سے نمٹنے کی مختلف تکنیکوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وقت کے مؤثر استعمال، روزمرہ کے متوازن معمول، اور دماغی و جسمانی صحت پر توجہ کو تعلیمی کامیابی کے لئے لازمی عناصر قرار دیا۔

ڈاکٹر آصف حسن نے ایک دلچسپ سیشن میں امتحانات کے دوران وقت کے معقول بندوبست اور دباؤ سے نمٹنے کے عملی طریقے سکھائے۔انھوں نے طلبہ کو قابل عمل مشورے دئے۔

مسٹر منظور احمد نے آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے خطاب کیا اور امتحانی اضطراب کو کم کرنے اور یکسوئی بڑھانے کے نکات بیان کیے۔

آخر میں ڈاکٹر شیخ بلال احمد،وارڈن انچارج، کوچنگ اینڈ گائیڈنس نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔

………………………………………

اے ایم یو کی طالبہ نے دہلی یونیورسٹی کے جیسس اینڈ میری کالج میں بیسٹ پیپر ایوارڈ حاصل کیا

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ، سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی میں ایم اے سال اوّل کی طالبہ آمنہ عاصم نے دہلی یونیورسٹی کے جیسس اینڈ میری کالج میں ”ماضی نامہ“ کی رسم اجرا کی تقریب کے موقع پر اپنا مقالہ پیش کیا جسے بیسٹ پیپر انعام سے نوازا گیا۔

آمنہ عاصم کے مقالے کا عنوان تھا: یادداشت اور مزاحمت: جلیانوالہ باغ کے ذریعہ ہندوستان کی کاؤنٹر-مونومنٹل وراثت کی تلاش۔ یہ مقالہ ماضی نامہ، جلد چہارم میں شائع ہوا ہے، جو جیسس اینڈ میری کالج کے شعبہ تاریخ کا سالانہ علمی جریدہ ہے۔ اس مقالے میں انہوں نے ’کاؤنٹر مونومنٹس‘ کے تصور کو اجتماعی یادداشت اور مزاحمت کی علامتوں کے طور پر پیش کیا ہے اور جلیانوالہ باغ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے۔

شعبہ تاریخ، اے ایم یو کے سربراہ پروفیسر حسن امام نے آمنہ عاصم کو اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان کی علمی کاوش کو سراہا۔

………………………………………

اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) میں یوم مادر تقریب کا اہتمام

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) میں یوم مادر تقریب کے ذریعہ ماؤں کی بے لوث محبت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اسکول کے پرائمری سیکشن نے کئی سرگرمیوں کے ذریعہ بچوں میں سماجی اور جذباتی فلاح کو پروان چڑھانے میں ماؤں کی محبت اور ہمدردی کو نمایاں کیا۔

سینئر سیکشن میں ایک خصوصی اسمبلی منعقد کی گئی جس میں طالبات نے اپنی ماؤں کے لیے محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے نظمیں اور ڈرامے پیش کئے اور ماں کی محبت و قربانیوں کے تئیں شکرگزاری کے جذبہ کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے تحت پودے بھی لگائے گئے جس کی قیادت وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن اور دیگر اساتذہ نے کی۔ وائس پرنسپل نے پروگرام کے منتظمین اور سیکشن انچارجوں کی محنت کو سراہا۔

………………………………………

اے ایم یو کی کارڈیوتھوراسک سرجری ٹیم کا لکھنؤکی قومی کانفرنس میں شاندار مظاہرہ

علی گڑھ، 14 مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کارڈیوتھوراسک سرجری کی ٹیم نے پروفیسر محمد اعظم حسین کی قیادت میں ڈاکٹر رام منوہر لوہیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، لکھنؤ میں منعقدہ آئی اے سی ٹی ایس ٹیکنیکل کالج سی ایم ای 2025 میں اعزازات حاصل کیے۔ یہ کانفرنس ایک اہم سالانہ تقریب ہے جس میں ملک و بیرون ملک سے کارڈیوتھوراسک سرجن دل کی جدید سرجری پر تبادلہ خیال کے لیے جمع ہوتے ہیں۔

اس پروگرام میں ای پوسٹر زمرہ میں ابو فہد اور ڈاکٹر فیض خان یوسفی نے پہلا مقام، جب کہ پیپر پرزنٹیشن میں ڈاکٹر حاذق جمیل نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ اے ایم یو کی ٹیم کو کے جی ایم یو، ایس جی پی جی آئی، ایمس، رام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ اور آر این ٹیگور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیئک سائنسز، کولکتہ جیسے معروف اداروں سے سخت مقابلے کا سامنا تھا۔

پروفیسر محمد اعظم حسین نے ایم وی آر پر ایک خطبہ دیا، جس میں انھوں نے دل کی سرجری کے نئے اور جدید طریقے پر روشنی ڈالی۔ شعبہ کارڈیوتھوراسک سرجری کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سید شمائل ربانی نے پیچیدہ پیدائشی اور اورٹک سرجری پر مبنی سائنسی سیشن کی صدارت کی۔ اسی طرح شعبہ کے کلینکل پرفیوژنِسٹ ڈاکٹر صابر علی خان نے ہیپرن ریزسٹنس کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال کے پرنسپل و چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ایم ایچ رضا نے ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کارڈیوتھوراسک سرجری میں جلد ہی ایم سی ایچ کورس شروع کیا جائے گا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر امجد علی رضوی نے کہا کہ یہ کامیابیاں شعبہ کی ساکھ کو ظاہر کرتی ہیں، جو کارڈیوتھوراسک سرجری کے میدان میں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔

………………………………………

اے ایم یو میں علی گڑھ کے اسکولی طلبہ و طالبات کے لئے فٹ بال سمر کوچنگ کیمپ 16 مئی سے

علی گڑھ، 14 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی گیمز کمیٹی کے فٹ بال کلب نے علی گڑھ ضلع کے اسکولوں کے طلبہ اور طالبات کے لیے 16 مئی سے 2 جون 2025 تک یونیورسٹی کے فٹ بال گراؤنڈ پر فٹ بال سمر کوچنگ کیمپ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹریننگ سیشن روزانہ صبح5:30 سے 9:30 تک چلیں گے۔

یونیورسٹی فٹ بال کلب کے صدر ڈاکٹر محمد انیس نے کہا کہ خواہشمند طلبہ و طالبات اس کیمپ میں شرکت کے لئے گیمز کمیٹی کے دفتر سے رجوع کریں۔رجسٹریشن فارم اے ایم یو گیمز کمیٹی کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے، جسے آن لائن یا آف لائن طریقہ سے بھرا جاسکتا ہے۔

Comments are closed.