شعبۂ اردو، مارواڑی کالج میں اردو آنرس کے طلبہ و طالبات کی الوداعیہ تقریب کا انعقاد

بھاگلپور18مئی(پریس ریلیز)
مارواڑی کالج بھاگلپور کے سمینار ہال میں کل بہت ہی تزک و احتشام کے ساتھ اردو آنرس پارٹ – 3 کی الواعیہ تقریب منعقد کی گئی. یہ تقریب شعبۂ اردو کے طلبہ و طالبات کے بی اے(2025-2022 BA Session ) کورس مکمل کرنے اور کالج سے رخصت ہونے کے سلسلے میں ان کے موجودہ استاد اور صدر شعبہ اردو جناب محمد شہاب الدین رحمانی قاسمی نے منعقد کی. پروگرام کا آغاز سمسٹر 1 کے طالب علم محمد صابر کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا اور حسن رضا نے خوبصورت انداز میں نعتیہ کلام پیش کرکے سامعین کے دل منور کردیے.
مارواڑی کالج کے پرنسپل پروفیسر شرد جندر یادو نے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے یہاں 3 سال کا وقت گزارا ہے. اب آپ یہاں سے جارہے ہیں. آپ جہاں رہیں اپنے کالج اور اپنے استاد کا نام روشن کریں. انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شہاب الدین رحمانی کو آئے ہوئے ابھی چند مہینے ہوئے ہیں انہوں نے اردو ڈپارٹمنٹ کو نئی سمت دی ہے اور اس کو چار چاند لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے. آپ ان سے خوب فائدہ اٹھائیے.
ڈاکٹر سنگیت نے طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد آپ بہت سی ذمہ داریوں کو لے کر آگے بڑھیں گے کیونکہ آپ کو ایک نیا مقام حاصل کرنا ہے. آپ کے سامنے آپ کے استاد شہاب الدین صاحب کی مثال موجود ہے آپ بھی اپنے والدین کا نام روشن کریں.
ہندی شعبہ کے سینٹر استاد ڈاکٹر الوک رنجن نے کہا کہ آپ موبائل کی دنیا سے نکل کر کتابوں کی دنیا میں لوٹیں.کتابی دنیا سے آپ ترقی کی ہر منزل کو حاصل کرسکتے ہیں. ڈاکٹر آلوک نے کچھ ساہتیہ کاروں کے نام اور ان کی کہانیوں کا ذکر کرکے طلبہ کو سبق لینے کی نصیحت کی. یونیورسٹی کے اسپورٹس سیکریٹری ڈاکٹر سنجے جیسوال نے طالبات کو مبارکباد پیش کی اور زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے نیک خواہشات کااظہارکیا. شعبہ نفسیات کے استاد ڈاکٹر سپندر یادو نے کہا کہ آپ جس ارادے سے گھر سے نکل کر یہاں آئے ہیں وہ تمنا پوری کریں اور نہ صرف کالج کا نام روشن کریں بلکہ ہندوستان کا بھی نام روشن کریں. انہوں نے شعبہ اردو کے صدر شہاب الدین صاحب کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب سے آئے ہیں یہ دوسرا پروگرام ان کی نگرانی میں منعقد ہوا ہے. آپ نے کالج میں وہ کام کرکے دکھایا ہے، جس کی نظیر مشکل ہے. اس کے لیے میں شہاب رحمانی کو بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اپنے کالج میں ان کا خیر مقدم کرتا ہوں. آپ آگے بھی اسی طرح کا پروگرام منعقد کرتے رہیں یہی میری خواہش ہے.
مارواڑی کالج کے شعبۂ اردو کے استاد و صدر شہاب الدین رحمانی قاسمی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر زندگی میں کامیابی چاہتے ہیں تو ایک اچھے انسان بن کر رہیں تاکہ زندگی کی کامیابی آپ کا قدم چومے. انہوں نے بتایا کہ بی اے کے تمام طلبہ و طالبات کو پرنسل اور اساتذہ کرام نیز معزز مہمانوں کے ہاتھوں الوداعیہ میمنٹو دے کر رخصت کیا گیا تاکہ یہ میمنٹو مارواڑی کالج کی ہمیشہ یاد دلاتارہے اور آنے والی زندگی میں اس سے اچھا میمنٹو حاصل کریں.
اس موقع پر ڈاکٹر سویستکا داس اور ڈاکٹر باسوکی کمار نیز جناب انتخاب کی موجودگی بھی حوصلہ افزائی کا باعث رہی. ان سبھوں نے طلبہ کو مبارکباد پیش کی. اس یاد گار الوداعیہ تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی جناب حاجی محمد صلاح الدین رحمانی کے علاوہ سماجی کارکن حاجی محمد امتیاز اور حاجی مناظر صاحبان
سمیت بھاگلپور شہر کی اہم شخصیات نے شرکت کی اور بی اے مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.
اس پروگرام کی خصوصیت یہ رہی کہ طلبہ نے پروگرام میں اپنی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے. بشری اور حلیمہ کوثر نے الوداعیہ نظم پیش کرکے کالج کے ماضی کی یاد تازہ کردی. انجم خانم اور خوشبو نے اپنے اشعار سنا کر سامعین کو محظوظ کیا. محمد پرویز نے علم کی اہمیت پر تقریر کرکے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا. نظامت کے فرائض رضا عالم نے بہ حسن و خوبی انجام دیے.
عبد الکریم،اقرا منان، کہکشاں، آفرین، عالیہ وغیرہ کے علاوہ سمسٹر 2 اور سمسٹر 4 کے طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کرکے اپنے سینئر ساتھیوں کو الوداع کہا.
Comments are closed.