ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالمجید نے مقتول عبدالرحیم کے اہل خانہ سے تعزیت کی

بنگلور(پریس ریلیز)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI)کے ریاستی صدر عبدالمجید جنوبی کنڑ ضلع کے بنتوال تعلقہ کے کولٹا مجالو گاؤں میں سنگھ پریوار سے تعلق رکھنے والے شر پسندوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے عبدالرحیم کے گھرگئے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ عبدالمجید نے اس حملے میں زخمی ہونے والے اور اسپتال میں زیر علاج قلندر شفیع کی عیادت کی۔اس موقع پر منگلور رورل ضلع صدر انور سادات بجیتور بھی موجود تھے۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالمجید نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس قتل کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر ایک آئی پی ایس افسر کی قیادت میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینی چاہئے۔ باجپے میں جن لوگوں نے نفرت انگیز تقاریر کیں اور قتل پر اکسا یا انہیں اس قتل کیس میں ملزم بنایا جائے۔ مقتول عبدالرحیم کے اہل خانہ کو 50لاکھ روپئے کا معاوضہ دیا جائے اورحکومت قلندر شفیع کے طبی اخراجات برداشت کرے، جو قتل کی کوشش میں شدید زخمی ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کے اہل خانہ کو 10لاکھ روپئے کا معاوضہ فراہم کیا جائے۔
Comments are closed.