دربھنگہ میں ٹمپو گیراج مالک کا بہیمانہ قتل، لاش پل کے نیچے سے برآمد

جالے (محمد رفیع ساگر / بی این ایس) بہیڑی تھانہ حلقہ میں واقع کوٹھرا-سمری سڑک پر جمعہ کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک نوجوان کی لاش پل کے نیچے سے برآمد ہوئی۔ مقتول کی شناخت حیاگھاٹ تھانہ کے علی آباد گاؤں کے رہائشی محمد جلیل کے 25 سالہ بیٹے محمد راجہ کے طور پر کی گئی ہے، جو بہیڑی تھانہ کے بگھونی علاقہ میں ایک ٹمپو گیراج چلاتے تھے۔
اطلاعات کے مطابق محمد راجہ جمعرات کی شام گیراج سے اپنے گھر کے لیے روانہ ہوئے تھے، لیکن تقریباً 12 کلومیٹر آگے بڑھنے کے بعد ان کے ساتھ کیا ہوا اس کی کسی کو خبر نہ ہو سکی۔ جمعہ کی صبح جب مقامی کسان کھیتوں میں کام کرنے نکلے تو پل کے نیچے لاش کو دیکھ کر چونک گئے۔ فوراً ہی اس کی اطلاع پولیس کو دی گئی، جس کے بعد بہیڑی تھانہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو برآمد کرکے تفتیش شروع کی۔
پولیس کے مطابق محمد راجہ کے جسم پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے ہیں، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ انہیں قتل کرنے سے قبل سخت اذیت دی گئی۔ حالانکہ پولیس فی الحال معاملے پر لب کشائی سے گریز کر رہی ہے، لیکن ذرائع کے مطابق اس واقعے کے پیچھے کسی ذاتی رنجش یا پیشہ ورانہ رقابت کا پہلو ہو سکتا ہے۔
تھانہ انچارج سورج کمار نے بتایا کہ لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور لواحقین سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ٹمپو گیراج میں کام کرنے والے ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ بہت جلد اس واردات کا انکشاف کر لیا جائے گا۔
Comments are closed.