مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کی جانب سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد
علی گڑھ، 6 جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، اور پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر یونیورسٹی برادری اور پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں پروفیسر نعیمہ خاتون نے عیدالاضحیٰ کو قربانی، اتحاد، اور ہمدردی و قربانی کا تہوار قرار دیا، جو ہماری روحانی اور تعلیمی اقدار سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر مذکورہ اعلیٰ اقدار کو اپنائیں اور انھیں اپنی روزمرہ کی زندگی میں شامل کریں۔
انہوں نے کہا ”عیدالاضحیٰ قربانی کا تہوار ہے، جو ہمیں ہمدردی اور ایثار کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ آئیے،اس بابرکت موقع پر باہم شیر و شکر ہوکر ہم دوسروں کی فلاح، باہمی تعلقات کی بہتری اور استحکام، اور امن و ہم آہنگی کے لیے اپنی کوششوں کو از سر نو مجتمع کریں“۔
پروفیسر خاتون نے ملک کی خوشحالی، امن، اور ترقی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اجتماعی کوششوں اور فضل ربی سے اے ایم یو، ملک و قوم کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا اور معیار و شمولیت کی اقدار کو فروغ دیتا رہے گا۔
پروفیسر محمد محسن خان نے عید الاضحیٰ کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے یونیورسٹی برادری سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحیٰ کی اصل روح: قربانی، اتحاد، اور اجتماعی ہم آہنگی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے کہا ”اے ایم یو کنبہ کو عید مبارک! آئیے ہم اس عید کی اصل روح کو اپنائیں اور دعا کریں کہ یہ موقع ہم سب کے لیے خوشحالی، صحت، اور کامیابی کا نقیب بنے“۔
__________________________
اے ایم یو میں راج بھاشا کے طور پر ہندی کے استعمال پر ورکشاپ منعقد
علی گڑھ، 6 جون:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ہندی سیل کی جانب سے یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹیو بلاک کے کانفرنس ہال میں ’سرکاری دفاتر میں راج بھاشا ہندی کا استعمال اور اس کے چیلنجز“ موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبوں کے سیکشن افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔
اے ایم یو کے رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے انتظامی کاموں میں ہندی کا استعمال مسلسل بڑھ رہا ہے، لیکن اس میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ ہندی کی انتظامی اصطلاحات میں مہارت حاصل کریں تاکہ سرکاری کاموں اور فائلوں میں درست اور مؤثر زبان استعمال کی جا سکے۔ انہوں نے ایسے پروگراموں کو دیگر شعبہ جات اور اداروں میں بھی منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔
ہندی شعبہ کے پروفیسر شمبھو ناتھ تیواری نے کلیدی مقرر کے طور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں راج بھاشا ہندی کا استعمال نہ صرف عملی ضرورت ہے بلکہ لازمی بھی ہے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ دفتری امور میں ہندی کو اعتماد کے ساتھ اپنائیں کیونکہ یہ زبان آسان، سلیس اور سب کے لیے قابل فہم ہے۔
ورکشاپ کی نظامت اے ایم یو کے ہندی افسر جناب اسد اللہ خان نے کی۔ انہوں نے سرکاری کاموں میں ہندی کے استعمال سے متعلق اصولوں اور ہدایات سے آگاہ کیا اور اس کے فروغ کے لیے عملی تجاویز بھی پیش کیں۔
__________________________
اے ایم یو کے فارماکولوجی شعبہ کے سربراہ نے نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام میں فارماکوویجیلنس پر لیکچر دیا
علی گڑھ، 6 جون: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فارماکولوجی کے صدر اور ایڈورس ڈرگ ری ایکشن (اے ڈی آر) مانیٹرنگ سینٹر کے کوآرڈینیٹر پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن نے نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے افتتاحی اجلاس کے دوران ’فارماکوویجیلنس کی تاریخ اور بنیادی تصورات‘ کے عنوان پر ایک لیکچر دیا۔
یہ پانچ روزہ جامع تربیتی پروگرام انڈین فارماکوپیا کمیشن، وزارت صحت و کنبہ بہبود، حکومت ہند کے تحت کام کرنے والے فارماکوویجیلنس پروگرام آف انڈیا کے نیشنل کوآرڈینیٹنگ سینٹر کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔
پروفیسر ضیاء الرحمٰن نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، تعلیم و صنعت کے ماہرین، طلبہ، اور ریسرچ اسکالرز کو فارماکوویجیلنس کے بنیادی اور عملی علم سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام دواؤں کے منفی اثرات کی نگرانی میں مہارت کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوا۔
__________________________
کنزرویٹیو ڈنٹسٹری اینڈ اِنڈوڈونٹکس میں مختصر مدتی تربیتی پروگرام کے لئے درخواستیں طلب
علی گڑھ، 6 جون: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کنزرویٹیو ڈنٹسٹری اینڈ اِنڈوڈونٹکس شعبہ نے تین ماہ کے مشاہدے پر مبنی تربیتی پروگرام ”آبزرورشپ / کلینیکل ٹریننگ پروگرام اِن کنزرویٹیو ڈنٹسٹری اینڈ انڈوڈونٹکس“ میں داخلے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔
ڈینٹل کونسل آف انڈیا سے تسلیم شدہ کسی بھی ادارے سے بی ڈی ایس پاس امیدوارجنھوں نے درخواست جمع کرنے کے دو سال کے اندر اپنی انٹرن شپ مکمل کر لی ہو، وہ اس تربیتی پروگرام کے لئے اہل ہیں۔ کورس میں صرف تین سیٹیں ہیں جس میں ایک سیٹ کا اضافہ ممکن ہے۔ داخلہ ’پہلے آؤ پہلے پاؤ‘کی بنیاد پر دیا جائے گا۔ پروگرام کی ٹریننگ فیس 75000 روپے ہے۔
ویب لنکwww.amu.ac.in/department/conservative-dentistry-endodontics/notice-and-circular سے ڈاؤن لوڈ کرکے باضابطہ طور پر بھرے ہوئے درخواست فارم کو ای میل آئی ڈی: [email protected] پر 30 جون 2025تک بھیجا جا سکتا ہے۔ درخواست کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی پی ڈی ایف فائل کی شکل میں منسلک کریں۔
تربیتی پروگرام یکم اگست 2025 سے شروع ہوگا۔
اے ایم یوکے طالب علم نوید عالم نے ورلڈ بینک گروپ یوتھ سمّٹ 2025 میں یونیورسٹی کی نمائندگی کی
علی گڑھ، 6 جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ابلاغ عامہ کے پوسٹ گریجویٹ طالب علم نوید عالم نے ورچوئل طور سے منعقدہ ورلڈ بینک گروپ یوتھ سمّٹ 2025 میں اے ایم یو کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور مندوب شرکت کی۔
اس سال کی یوتھ سمّٹ کا عنوان تھا: نئے افق: قابلِ رہائش کرہ ارض کے لیے نوجوانوں کی قیادت میں اختراع۔ پروگرام میں دنیا بھر سے نوجوان رہنما شامل ہوئے اور موسمیاتی تبدیلی، پائیداری، اقتصادی شمولیت اور سماجی مساوات جیسے عالمی مسائل کے جدید اور عملی حل پر غور و خوض کیا۔
بطور مندوب، مسٹر نوید نے مختلف مباحثوں اور سیشن میں حصہ لیا، جن میں نوجوانوں کی قیادت میں اختراعی اقدامات اور ان کے اثرات پر عالمی سطح پر گفتگو ہوئی۔ سمّٹ میں پائیدار ترقی اور جامع اقتصادی تبدیلی سے متعلق حکمت عملیوں پر گفتگو ہوئی، جس نے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے تبدیلی کے علمبرداروں اور ابھرتے ہوئے رہنماؤں کو ایک دوسرے سے جڑنے کا موقع فراہم کیا۔ انھوں نے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور پالیسی اختراع کی طاقت کو سمجھنے میں بھی گہری بصیرت حاصل کی، جو معاشروں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس قیمتی تجربہ پر نوید عالم نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرتی سطح پر بامعنیٰ اور جامع تبدیلی کے تئیں اپنی وابستگی کو مضبوطی کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
__________________________
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں یوم ماحولیات 2025 کی مختلف تقریبات منعقد
علی گڑھ، 6 جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں یوم ماحولیات 2025 کے موقع پر مختلف شعبہ جات، ہاسٹلز، مراکز اور اسکولوں میں تقریبات منعقد کی گئیں، جس نے ماحولیاتی بیداری اور پائیداری کے حوالے سے یونیورسٹی کے عزم کو اجاگر کیا۔
مولانا آزاد لائبریری میں ماحولیات کے تحفظ کے سلسلہ میں حلف اٹھانے کی تقریب اور شجرکاری کے ساتھ پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے کی عالمی مہم کو سراہا گیا۔ پلاسٹک آلودگی کے مضر اثرات کو اجاگر کرنے کے لیے معلوماتی سلائیڈز پیش کی گئیں۔ حاضرین نے ماحولیات دوست طرز زندگی اختیار کرنے کا عہد کیا اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کے لیے پودے لگائے۔ یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے کہا کہ پائیداری کا آغاز شعور و آگہی اور عملی اقدامات سے ہوتا ہے۔ ڈپٹی لائبریرین ڈاکٹر آصف فرید صدیقی، ڈاکٹر حبیب الرحمان خان، ڈاکٹر منور اقبال اور سبھی اسسٹنٹ لائبریرینس اور عملے کے اراکین نے پروگرام میں حصہ لیا۔
رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (آر ایچ ٹی سی)، جواں میں پروفیسر عظمیٰ ارم، صدر، شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی قیادت میں وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے اشتراک سے ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں حلف برداری، موسمیاتی تبدیلی پر مختصر فلم ’مائیگرینٹس‘ کی نمائش اور نظم خوانی کے ساتھ ہی پلاسٹک کے استعمال کے خلاف لوگوں کو بیدار کیا گیا۔ جونیئر ریزیڈنٹس نے ری سائیکل شدہ پلاسٹک سے فن پارے تیار کیے، جبکہ پروفیسر عظمیٰ ارم اور ڈاکٹر تبسم نواب نے پودے لگا کر سبز مستقبل کے تئیں عزم کا اظہار کیا۔
سر ضیاء الدین ہال میں بھی شجرکاری اور بیداری تقریب منعقد کی گئی۔ پرووسٹ ڈاکٹر افتخار احمد انصاری نے طلبہ اور عملے کے اراکین سے خطاب کیا۔اس موقع پرسابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز، پروفیسر محمد آصف خان،ڈین، فیکلٹی آف کامرس، پروفیسر اکرام حسین،ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، اور پروفیسر نفیس احمد انصاری، ڈائریکٹر، مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے ہاتھوں جامن، آم، اور بیل پتر جیسے پھلدار پودے لگائے گئے۔
اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول میں ماحولیات سے متعلق بیداری سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ پرنسپل جناب جاوید اختر، وائس پرنسپل محترمہ فرزانہ نذیر اور محترمہ تہیمینہ اشرف کی قیادت میں پودے لگانے اور عہد برداری کی تقریب ہوئی۔ ”پلاسٹک آلودگی کا حل“ پر محترمہ طوبیٰ کمال نے اظہار خیال کیا، جبکہ پوسٹر سازی کے مقابلے میں نویں جماعت کی طالبہ زہرہ خان،ساتویں جماعت کی حفظہ سیفی اور آٹھویں جماعت کی یسریٰ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ محترمہ سامعہ حمید کی کہانی سنانے کی نشست طالبات کے لئے بہت سودمند ثابت ہوئی۔
یونیورسٹی کے پراکٹر دفتر نے بھی ’نو پلاسٹک یوز‘ حلف برداری کی تقریب منعقد کی، جس کی قیادت پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی نے کی۔ عملے کے اراکین نے روزمرہ کی زندگی میں سنگل یوز پلاسٹک سے اجتناب برتنے کا عزم کیا۔
اے ایم یو اے بی کے گرلز ہائی اسکول میں 2 جون کو خصوصی اسمبلی میں آب و ہوا کے مسائل پر ڈرامہ اور گیت پیش کیا گیا۔ ”گو گرین، بریتھ کلین“ کے موضوع پر پوسٹر سازی مقابلہ منعقد ہوا۔ تمام طلبہ نے اسکول کو صاف اور سبز رکھنے کا عہد کیا۔ وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔
فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز میں ماحولیاتی مسائل پر پینل مباحثہ ہوا جس میں پروفیسر عتیق احمد، پروفیسر مجیب الرحمن خان، پروفیسر اقبال احمد اور پروفیسر زیڈ آر آزاد نے پلاسٹک کے عالمی خطرات اور حل پر اظہار خیال کیا۔ ڈین پروفیسر اکرم احمد خان نے فوری اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر محمد صغیر خان نے کی۔
محسن الملک ہال میں پرووسٹ پروفیسر محمد نسیم خان کی قیادت میں پودے لگائے گئے جس میں طلبہ اور عملے نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔
بیگم سلطان جہاں ہال میں ”پلاسٹک آلودگی کا عالمی خاتمہ“ کے موضوع پر عالمی یوم ماحولیات منایا گیا اور ہال میں اقامت پذیر طالبات کو پائیدار طرز عمل اپنانے کی ترغیب دی گئی اور انھیں ماحولیات کے تئیں حساس بنایا گیا۔ حاضرین نے ماحولیات دوستی کے رویے اپنانے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دینے کا عہد کیا۔
شعبہ فزیکل ایجوکیشن میں شجرکاری کا پروگرام ہوا جس میں لینڈ اینڈ گارڈنز شعبہ کے ممبر انچارج پروفیسر انور شہزاد، پروفیسر اکرام حسین،چیئرمین و ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز اوردیگر افراد شریک ہوئے۔
دوسری طرف شعبہ کیمسٹری میں یوم ماحولیات تقریب کی قیادت چیئرپرسن پروفیسر زیبا این صدیقی نے کی۔ ڈاکٹر انامیکا گپتا پروگرام کوآرڈنیٹر تھیں۔ پروفیسر صدیقی نے پائیدار ماحولیاتی حل تلاش کرنے میں کیمسٹری کے کردار کو اجاگر کیا، جبکہ ڈاکٹر گپتا نے پلاسٹک کے استعمال میں کمی کے جدید طریقے بیان کیے۔
__________________________
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طالبات کے لیے باسکٹ بال اور والی بال سمر کوچنگ کیمپ 13 جون سے
علی گڑھ، 6 جون:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج اور عبداللہ ہال کی جانب سے یونیورسٹی اور ضلع علی گڑھ کی طالبات کے لیے باسکٹ بال اور والی بال کا سمر کوچنگ کیمپ 13 جون 2025 سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
ویمنس کالج میں فزیکل ایجوکیشن سیکشن کی انچارج ڈاکٹر نازیہ حسن نے بتایا کہ کیمپ میں شرکت کی خواہشمند طالبات 13 جون کی صبح 9 بجے تک اپنا رجسٹریشن کرا سکتی ہیں۔ کیمپ میں صرف 14 سال یا اس سے زائد عمر کی طالبات ہی شریک ہوسکتی ہیں۔ یہ کیمپ 13 جون سے 23 جون تک ویمنس کالج کے کیمپس میں منعقد ہوگا۔
مزید معلومات کے لیے طالبات وہاٹس ایپ نمبر: 7983455650 یا 8279863396 پر رابطہ کرسکتی ہیں۔
__________________________
پروفیسر وبھا شرما نے علی گڑھ کی ضلع عدالت میں عالمی بیداری پروگرام سے خطاب کیا
علی گڑھ، 6 جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما نے کہا کہ انسانی تہذیب کا آغاز ایک دوسرے کا باہمی خیال رکھنے سے ہوا تھا، لیکن آج وہی انسان خود ماحولیاتی بحران کا سبب بن چکا ہے۔ وہ علی گڑھ کی ضلع عدالت میں عالمی بیداری پروگرام اور شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے پلاسٹک کے مضر اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے گھریلو استعمال میں آنے والے ماحولیات دوست متبادل اپنانے پر زور دیا۔ ساتھ ہی عدالتی نظام میں ماحولیاتی امور کے سلسلہ میں بیداری کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے ماحولیاتی انسانیات کی نامور ماہر مارگریٹ کے نظریات کا ذکر کرتے ہوئے موجودہ وقت میں عالمی یوم ماحولیات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پروگرام میں اے ایم یو کے شعبہ جغرافیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی نے موسمیاتی تبدیلی، زمین کی آلودگی اور انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی عدم توازن پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے فرانسیسی فلسفی مشیل سیریس کے نظریات کا حوالہ دیتے ہوئے انسان اور فطرت کے تعلق کو فلسفیانہ زاویے سے بیان کیا۔ ڈاکٹر صدیقی نے اے ایم یو کے شعبہ جغرافیہ کی جانب سے حال ہی میں لانچ کیے گئے ماحولیاتی ڈیٹا جمع کرنے والے غبارے کا بھی ذکر کیا، جو فی الفور ماحولیاتی ڈیٹا جمع کرتا ہے۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ضلع جج جناب انوپم کمار نے سبھی کو یوم ماحولیات کی مبارکباد پیش کی اور درخت لگانے کو طرزِ زندگی کا حصہ بنانے کی اپیل کی۔
فیملی کورٹ کے پرنسپل جج جناب آر ڈی سنگھ نے ماحولیاتی توازن کی ثقافتی اہمیت پر زور دیا اور ری سائیکلنگ و توانائی کے تحفظ جیسے اقدامات کو اہم اور ضروری قرار دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اوّل جناب ہروِندر سنگھ نے آخر میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور حاضرین کو ’گنگا دیوس‘ کی یاد دلائی۔
اس موقع پر پروفیسر وبھا شرما اور ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی کو یادگاری نشان پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔
پروجیکٹ امید ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے ایڈوکیٹ ندیم انجم، عادل جواہر، سرتاج عالم، عمیر، نبیلہ وغیرہ بھی پروگرام میں موجود رہے۔
Comments are closed.