عید الاضحیٰ کے موقع پر حضرت امیر شریعت مولانا مفتی انیس الرحمن قاسمی دامت برکاتہم کا خصوصی پیغام

امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کے امیر شریعت حضرت مولانا مفتی انیس الرحمن قاسمی دامت برکاتہم نے اپنے خصوصی پیغام میں فرمایاکہ عید الاضحی کے ایام میں اللہ تعالیٰ کے ہاں قربانی کا عمل سب سے زیادہ محبوب اور پسندیدہ ہے۔ یہ درحقیقت بندے کا اپنے مالک حقیقی کے سامنے سرتسلیم خم کرنے، اس کی رضا کے لیے اپنی ہر چیز قربان کر دینے اور کامل فرمانبرداری کا عملی اظہار ہے۔ ہم بارگاہِ الٰہی میں دست بہ دعا ہیں کہ وہ ہماری قربانیوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور ہمیں عید کی حقیقی برکتیں عطا فرمائے۔( آمین)
حضرت امیر شریعت دامت برکاتہم نے حجاج کرام کو حج کی تکمیل پر مبارک باددی اورقبولیت کے لیے دعا فرمائی۔مزید فرمایاکہ:
1. قربانی شعائر اسلام میں سے ہے، جو ہر صاحبِ استطاعت پر واجب ہے؛اس لیے صاحب استطاعت افراد قربانی کا اہتمام کریں۔
2. ذبح کے بعد خون اور دیگر فضلات کو کھلی جگہ یا نالیوں میں نہ پھینکیں؛ بلکہ انہیں میونسپلٹی کے حوالہ کردیں اور دیہات میں زمین میں دفن کردیں؛ تاکہ ماحول کو صاف رکھا جا سکے۔
3. ذبح کے مناظر، گوشت کی تقسیم یا دیگر متعلقہ تصاویر و ویڈیوزکو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں؛ کیوں کہ یہ دینی وقار کے خلاف ہے اور معاشرے میں غلط تاثر کا باعث بن سکتا ہے۔
4. کسی بھی ناگوار صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں اور بے بنیاد افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کے قربانی کو قبول فرمائے، عید کے دنوں کو خیر و برکت کا ذریعہ بنائے اور ہمیں دین پر استقامت عطا فرمائے۔( آمین)
Comments are closed.