18 سال یا اس سے زائد عمر کا ہر شخص ووٹرلسٹ میں اپنا نام درج کرائے:آل انڈیا ملی کونسل بہار

ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کے اندراج کے سلسلے میں ہر گزکاہلی نہ کریں:مولانا انیس الرحمن قاسمی
پھلواری شریف 26؍ جون(پریس ریلیز)
آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ریاستی دفتر پھلواری شریف ،پٹنہ میں ایک اہم نشست حضرت مولاناانیس الرحمن قاسمی کار گزار  قومی صدر آل انڈیا ملی کونسل و امیر شریعت امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ کی صدارت میں ہوئی، جس میں آل انڈیا ملی کونسل بہار کی طرف سے ووٹربیداری مہم کوتیز کرنے کے سلسلے میں غوروخوض کیا گیا، مولاناقاسمی نے اس نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ دینا ہماری ایک شرعی اور ملکی ذمہ داری ہے، ہرشہری پرضروری ہے کہ وہ ملک کی سالمیت ،تحفظ اورترقی کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرے اوراس کے لیے ضروری ہے کہ ووٹر لسٹ میں نام شامل ہو۔ اس سلسلے میں خاص کر مسلمانوں میں بڑی سردمہری دیکھی گئی ہے، لوگ ووٹرلسٹ میں اپنا نام شامل کروانے کے سلسلے میں کاہلی برتتےہیں،یہی وجہ ہے کہ ایک بڑی تعدادجنہیں ووٹ دینے کا حق ہے، جن کی عمر 18؍سال یا اس سے زائد ہے ان کا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے، یا ہے بھی تو اس میں کئی قسم کی غلطیاں ہیں ؛یہ خطرناک بات ہے۔ اس لیے آل انڈیا ملی کونسل نے پورے ملک اوربطورخاص بہارمیں ووٹر بیداری مہم شروع کی ہے۔میں تمام ائمہ مساجد ،علماء اوردانشوروں نیز سماجی کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس کام کو ترجیحی بنیاد پر کریں اوراس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کریں،مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ2025 کے اسمبلی الیکشن کے مد نظر الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی کا کام ہو رہا ہے، اس سلسلہ میں عوام و خواص کو بیدار کرنے اور ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے آل انڈیا ملی کونسل کوشاں ہے ، کونسل کی ریاستی اور ضلعی شاخوں کے ذریعہ لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کا کام لگاتار جاری ہے ۔ اس نشست میں جناب مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی صدر آل انڈیا ملی کونسل بہار، جناب مولانا مفتی محمد نافع عارفی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار،جناب مولانا محمد شبلی القاسمی ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ، جناب مولانا مفتی سہیل احمد قاسمی صدر مفتی امارت شرعیہ ، جناب پروفیسر علی احمد فردوسی سرپرست آل انڈیا ملی کونسل ضلع پٹنہ، جناب پروفیسر ضیاء الدین صاحب صدر آل انڈیا ملی کونسل ضلع پٹنہ، جناب نجم الحسن نجمی رکن عاملہ آل انڈیا ملی کونسل و ڈائرکٹر نجم فاؤنڈیشن، جناب حسین صاحب ٹریزرر آل انڈیا ملی کونسل ضلع پٹنہ، جناب مولانا عرفان سعیدی صاحب ، مولانا محمد عادل فریدی صاحب وغیرہ نے بھی لوگوں سے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے لیے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بڑے جمہوری ملک کے شہری ہیں، اور جمہوریت میں ووٹ کی بڑی اہمیت ہو تی ہے،ووٹ کے ذریعہ ہی ہم اپنی پسند کا عوامی نمائندہ منتخب کر سکتے ہیں، اگر ہم نے اپنے اس حق کا استعمال نہیں کیا تو غلط لوگ ہمارے اوپر مسلط ہو جائیں گے جنہیں پانچ سال تک جھیلنا ہو گا اور اگر وہ ملک و سماج کے لیے بہتر نمائندہ ثابت نہ ہوا تو اس کا خمیازہ پورے ملک اور معاشرہ کو بھگتنا پڑسکتا ہے۔اس لیے ہر حال میں ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا اندراج کرائیں اور الیکشن کے موقع پر پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے اس حق کا استعمال کرتے ہوئے لائق امیدوار کو ووٹ دیں۔
اس لیے ملک کا ہر شہری خواہ کسی بھی جنس، مذہب و مسلک، رنگ و نسل سے تعلق رکھتا ہواگر اس کی عمر اٹھارہ سال ہو گئی ہے یا یکم جولائی، یا یکم اکتوبر2025 کو اٹھارہ سال ہو جائے گی، اس کا نام ہر حال میں ووٹر لسٹ میں شامل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن کی ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کی مہم جاری ہے، اس میں اپنا تعاون دیں تاکہ صد فیصد شہریوں کا اندراج ووٹر لسٹ میں ہو سکے۔اس لیے کہ ووٹر لسٹ میں نام ہونا آپ کی شہریت کے لیے بھی ایک بڑا ثبوت ہو تا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ووٹر لسٹ اپلوڈ ہے، آپ اپنے حلقہ کا ووٹر لسٹ وہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں اور دیکھیں کہ آپ کا نام وہاں ہے یا نہیں اگر ہے تو یہ دیکھ لیں کہ سارے مندرجات صحیح ہیں یا نہیں، اگر صحیح نہیں ہیں تو آن لائن کریکشن کے لیے درخواست دیں، اور اگر ووٹر لسٹ میں نام نہیں ہے تو نام درج کر نے کے لیے آن لائن فارم بھر لیں یا اپنے علاقہ کے بی ایل او سے مل کر فارم بھرا لیں۔اس کام کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر ہیلپ لائن ایپ بھی بنا ہوا ہے، اس کے ذریعہ بھی آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔ سماجی کارکنان اور عوامی نمائندوں سے اپیل ہے کہ عام شہریوں خاص طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات اور غیر خواندہ مرد و خواتین میں بیداری پیدا کریں اور ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج میں ان کا تعاون کریں۔ ائمہ کرام سے بھی گزارش ہے کہ وہ جمعہ کی تقریر میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالیں اور عوام کو ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی ترغیب دلائیں۔مدارس کے ذمہ داران و اساتذہ ، اسکول ، کالج اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ بھی اپنے اپنے حلقہ اثر میں لوگوں کو ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی طرف راغب کریں ۔
ہم امید کرتے ہیں کہ تمام لوگ ملی کونسل کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ووٹر لسٹ میں سو فیصد ناموں کے اندراج کے ہمارے ہدف کو پورا کرنے میں معاون بنیں گے ۔واضح ہو کہ اس سلسلے میں آل انڈیا ملی کونسل کے دفتر سے ہر علاقہ کے معززین ، علماء اورسماجی کارکنوں سے رابطہ بھی کیا جارہا ہے۔تمام خواص وعام سے ملی کونسل اپیل کرتی ہے کہ وہ اس تحریک کا حصہ بنیں اوراس بات کو یقینی بنائین ان کے خاندان ،محلے ، گاؤں ، پنچایت میں کسی کا بھی نام ووٹرلسٹ میں شامل ہونے سے رہ نہ جائیں ،لڑکے اورلڑکی جن کی عمر 18؍سال یا اس سے زائد ہو ہو ہر حال میں اپنانام ووٹر لسٹ میں درج کروائیں۔ آل انڈیا مِلّی کونسل بہار کے دفتر، حسین ہومز، پھلواری شریف پٹنہ میں مِلّی کونسل ضلع پٹنہ کی جانب سے مِلّی سروس سینٹر چل رہا ہے، جہاں آن لائن ووٹر لسٹ میں نام درج کرنے اور پہلے سے موجود ووٹر کارڈ میں پائی جانے والی غلطیوں کو درست کرنے کا کام بغیر کسی معاوضے کے کیا جاتا ہے۔ پھلواری اور اس کے اطراف کے لوگوں سے اپیل ہے کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنا نام ووٹر لسٹ میں درج کرائیں۔

Comments are closed.