اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول کے طالبعلم نے قومی اے ایف ایس انّوویٹرز 2025 ایکسچینج پروگرام میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

علی گڑھ، 27 جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اے بی کے ہائی اسکول کے دسویں جماعت کے طالبعلم دانیال علی نے باوقار ”اے ایف ایس انّوویٹرز 2025 ایکسچینج پروگرام“ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کر کے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔ مکمل مالی اعانت یافتہ 6 ہفتہ کے اس تجرباتی تعلیمی پروگرام کو اے ایف ایس انڈیا نے برٹش پیٹرولیم (بی پی) کے اشتراک سے منعقد کیا تھا۔
اس پروگرام کے لئے ملک گیر سطح پر ہونے والے مسابقتی انتخابی عمل کے ذریعہ 50 بہترین طلبہ کو منتخب کیا گیا، جن میں دانیال بھی شامل تھے۔ انھوں نے ابتدائی پانچ ہفتے عالمی موضوعات پر آن لائن سیشنز میں شرکت کی، جو ایس ٹی ای ایم، پائیداری، قیادت، صنفی مساوات، اور بین ثقافتی تفہیم جیسے مضامین پر مبنی تھے۔ آن لائن سیشنز کے بعد 17 تا 24 جون، فلیم یونیورسٹی، پونے اور سنجے گھوڈاوت انٹرنیشنل اسکول، کولہا پور میں ایک ہفتہ کی اقامتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے دانیال نے ثقافتی شام کے دوران مقامی روایات پر مبنی اپنی پیشکش سے سبھی کو متاثر کیا۔ اس تجربے کا خاص پہلو ”پائیدار شہری جدت“ پر گروپ کیپ اسٹون پروجیکٹ تھا، جسے ورکشاپ میں دوسرا انعام حاصل ہوا، اور اسے بی پی انڈیا نے مستقبل میں فروغ دینے کے لیے منظور کر لیا ہے۔ دانیال کی ٹیم کو بی پی کے ممبئی واقع کارپوریٹ صدر دفتر میں اپنی اختراعی تجاویز پیش کرنے کی دعوت بھی دی گئی، جس نے انھیں پیشہ ورانہ اختراعی پلیٹ فارم سے جڑنے کا موقع فراہم کیا۔
اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے دانیال نے اپنے اساتذہ اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس پروگرام نے نہ صرف ان کے تعلیمی زاویے کو وسعت دی بلکہ سماجی بہتری کے لیے کام کرنے کے عزم کو بھی مضبوط کیا۔
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نے دانیال کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ”ہم دانیال اور ان کے والدین کے ساتھ ساتھ اپنے عملے کے اراکین کی محنت پر بھی فخر محسوس کرتے ہیں۔ ہم خاص طور سے ابن سینا اکیڈمی اور ان تمام سرپرستوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی رہنمائی کی“۔
Comments are closed.