کاماریڈی کے عازمینِ حج کی وطن واپسی، ضلع حج سوسائٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر شاندار استقبال

کاماریڈی، 29 جون (پریس نوٹ) مقدس سرزمین سے فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد کاماریڈی ضلع کے عازمینِ حج کی واپسی کا پہلا قافلہ حیدرآباد شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت پہنچا، جہاں ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی کے آرگنائزر میر مبشر علی عامر کی قیادت میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وطن واپس لوٹنے والے عازمین کے چہروں پر روحانی طمانینت اور فریضۂ حج کی ادائیگی کی مسرت نمایاں تھی، جبکہ استقبالیہ مناظر جذبات سے لبریز رہے۔ ایئرپورٹ پر ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی کی جانب سے حجاج کرام کا خیرمقدم کیا گیا۔ میر مبشر علی عامر نے بتایا کہ ضلع کے تمام عازمین بحفاظت اور اطمینان کے ساتھ فریضۂ حج ادا کر کے واپس آ رہے ہیں، جو کہ اہلِ ضلع کے لیے فخر و اطمینان کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حج جیسا عظیم فریضہ نہ صرف عبادت کا اعلیٰ نمونہ ہے بلکہ ملت اسلامیہ کے روحانی اتحاد و اخوت کا عملی مظہر بھی ہے۔ انہوں نے عازمین کی خدمت اور حج کے ہر مرحلہ پر رہنمائی کرنے والے تمام سرکاری و غیر سرکاری عملے کا شکریہ ادا کیا، خصوصاً تلنگانہ حج کمیٹی، سعودی عرب میں موجود انڈین حج مشن اور مقامی رضا کاروں کی خدمات کو سراہا، اس استقبال کے موقع پر موجود عہدیداران نے بتایا کہ ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی نے امسال نہ صرف حج کی تیاری کے مرحلے پر تربیتی اجتماعات کا اہتمام کیا بلکہ عازمین کی روانگی سے لے کر واپسی تک مسلسل رابطہ و سہولت رسانی کا فریضہ انجام دیا، جو ایک مثالی کارکردگی ہے۔ میر مبشر علی عامر نے یہ بھی کہا کہ آئندہ برسوں میں حج خدمات کو مزید منظم، سائنٹفک اور باوقار بنانے کے لیے سوسائٹی عملی منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے۔ عازمینِ حج کے اعزاز میں مختصر خیرمقدمی دعا بھی کی گئی، جس میں وطنِ عزیز کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، اور حج کی مقبولیت کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر عازمین نے بھی ضلع حج سوسائٹی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حج جیسے اہم فریضہ کی تکمیل کے دوران سوسائٹی کی رہنمائی و معاونت ان کے لیے باعثِ اطمینان اور سہولت رہی۔ پرتپاک استقبال کے اس موقع پر میر مبشر علی عامر کے ہمراہ سوسائٹی کے دیگر کارکنان، معزز سرپرست حضرات اور رشتہ داران کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ 2026 کے عازمین حج کے لیے بھی درخواستیں موصول کی جارہی ہے.
ضلع کاماریڈی سے تعلق رکھنے والے تمام خواہشمند حضرات دفتر ضلع حج سوسائٹی عامر ٹراویلس روبرو نیو بس اسٹاپ کاماریڈی تشریف لائیں.
Comments are closed.