ہر اہل فرد کا نام ووٹر لسٹ میں درج ہو: ناظم امارت شرعیہ

 

امارت شرعیہ کی رہنمائی میں ووٹر بیداری مہم تیز

 

پٹنہ، 3 جولائی 2025 (پریس ریلیز)

 

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری خصوصی نظرثانی مہم کے پیش نظر امارت شرعیہ، بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ نے ملت کے رہنماؤں، ائمہ، علما، نقباء اور سماجی خدمت گاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹر لسٹ کی اصلاح و تصدیق کے سلسلے میں عوامی بیداری مہم کو تیز کریں اور بروقت ضروری اقدامات انجام دیں تاکہ اہل افراد کے نام ووٹر لسٹ سے خارج نہ ہونے پائیں۔

 

امارت شرعیہ کے ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے ایک اہم اپیل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کی اس خصوصی نظرثانی مہم میں 2003 کی ووٹر لسٹ کو بنیاد بنایا ہے، جس کی رو سے ایسے افراد جن کے نام اس فہرست میں نہیں ہیں، انہیں Enumeration Form بھرنے کے ساتھ ساتھ پیدائش اور رہائش کے ثبوت بھی جمع کرنے ہوں گے، ورنہ ان کے نام ووٹر لسٹ سے خارج ہو سکتے ہیں۔ ایسے افراد جن کے نام 2003 کی لسٹ میں موجود ہیں، انہیں بھی فارم بھرنا ہوگا لیکن ان کے لیے صرف پرانی ووٹر لسٹ کی کاپی منسلک کر دینا کافی ہوگا۔

 

مولانا محمد شبلی القاسمی نے کہا کہ اگرچہ امارت شرعیہ نے امیر شریعت حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب مد ظلہ کی ہدایت کے مطابق الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر عوام کو اس غیر ضروری اور دشوار عمل میں الجھانے سے باز رہنے کے لیے اور ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کے لیے پہلے سے چلے آرہے آسان عمل کو ہی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے، لیکن بہر حال ہمیں اپنے طور پر تیاری رکھنی چاہئے۔

 

چونکہ ریاست بہار میں اسی سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور الیکشن کمیشن نے یہ کام 26 جولائی 2025 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، اس لیے امارت شرعیہ نے تمام ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈور ٹو ڈور سروے کریں، ائمہ و علما جمعہ کے خطبات اور دیگر مواقع پر اس کی وضاحت کریں، اور ایسے افراد کی نشاندہی کریں جو 18 سال یا اس سے زائد ہو چکے ہیں تاکہ ان کا اندراج یقینی بنایا جا سکے۔

 

امارت نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ایسے افراد جن کے پاس پیدائش یا رہائش کا ثبوت نہیں ہے، ان کے لیے دستاویزات تیار کرانے میں تعاون کیا جائے۔ مزید رہنمائی اور آن لائن خدمات کے لیے درج ذیل ویب سائٹ استعمال کی جا سکتی ہے:

 

🔗 https://voters.eci.gov.in

Comments are closed.