پسماندہ برادری کی آواز راج بھون تک پہنچی: گورنر سے آل انڈیا پسماندہ مسلم محاذ کے وفد کی ملاقات، اہم مسائل پر تبادلہ خیال

 

جالے(محمد رفیع ساگر/بی این ایس) آل انڈیا پسماندہ مسلم محاذ کے قومی کارگزار صدر شارق ادیب انصاری کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے بہار کے گورنر عارف محمد خان سے راج بھون میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات پسماندہ برادری کے مسائل کو اعلیٰ سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک مثبت پہل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

 

محاذ کے ریاستی جنرل سکریٹری جالے نگرپریشد کے لتراہا باشندہ توقیر احمد انصاری نے بتایا کہ ملاقات کے آغاز میں ریاستی انچارج و قومی ترجمان نظیر احمد انصاری نے وفد میں شامل تمام اراکین کا تعارف گورنر سے کرایا۔ گورنر نے تمام مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں ناشتہ پر مدعو کیا، جہاں خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں گفتگو کا آغاز ہوا۔

 

توقیر انصاری کے مطابق، اس موقع پر پسماندہ برادری کو درپیش تعلیمی پسماندگی، صحت سہولیات کی کمی، سرکاری منصوبوں میں مناسب شمولیت کا فقدان اور سیاسی نمائندگی سے محرومی جیسے سنگین مسائل گورنر کے سامنے رکھے گئے۔ ساتھ ہی، محاذ کی سرگرمیوں، نظریاتی مقاصد اور ملک گیر سطح پر جاری پسماندہ تحریک کی تفصیلات سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا۔

 

وفد نے پسماندہ برادری کے فلاح و بہبود، ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت بہار کی سطح پر فوری اور مؤثر اقدام کی اپیل کرتے ہوئے گورنر کو ایک تفصیلی یادداشت بھی پیش کی۔

 

گورنر عارف محمد خان نے تمام باتوں کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل پر حساسیت کے ساتھ غور کریں گے۔ اس ملاقات کو پسماندہ سماج کے لیے ایک امید افزا اور نتیجہ خیز پہل قرار دیا جا رہا ہے، جو ان کی آواز کو پالیسی ساز اداروں تک پہنچانے کی جانب ایک مؤثر قدم ہے۔

 

اس ملاقات میں قومی کارگزار صدر شارق ادیب انصاری، قومی ترجمان و ریاستی انچارج نظیر احمد انصاری، ریاستی کارگزار صدر ڈاکٹر نسیم انور، ریاستی جنرل سکریٹری توقیر احمد انصاری، محمد شمشاد انصاری، پروفیسر شاکر انجم، ریاض الدین بکھو، محمد نور عالم، سہیل اختر عرف منہاؔ انصاری اور قومی نائب صدر سہیل الدین ظفر شامل تھے۔

 

ملاقات کے بعد لوگوں میں امید کی نئی لہر دیکھی جا رہی ہے کہ پسماندہ طبقات کی محرومیوں کو اب سنجیدگی سے لیا جائے گا۔

Comments are closed.