ووٹر نظرثانی مہم میں ہرگز غفلت نہ کریں:محمد شبلی القاسمی
پٹنہ، 11 جولائی 2025 (پریس ریلیز)
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم کے تناظر میں امارت شرعیہ، بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ نے حضرت امیر شریعت مولانا انیس الرحمن قاسمی کی قیادت میں ریاست بھر میں عوامی بیداری کو تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امارت شرعیہ نے ائمہ کرام، علما، سماجی رہنماؤں، مدارس، مساجد اور تمام ذمہ دار افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم جمہوری عمل میں بھرپور کردار ادا کریں اور عوام کو ہر ممکن رہنمائی فراہم کریں، تاکہ کوئی بھی اہل فرد اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے۔امارت شرعیہ کے ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے اس موقع پرکہاکہ بہار کا ہر شہری ووٹر لسٹ میں اپنے نام کا اندراج لازمی طور پر کرائے اور جو بھی دستاویزی تقاضے ہوں، انہیں پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے۔امارت شرعیہ نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو خط اور بہار الیکشن کمیشن کو میمورنڈم پیش کرکے اپیل کی ہے کہ دستاویز کی شرائط میں نرمی کی جائے؛ تاکہ کسی کا نام ووٹر لسٹ سے خارج نہ ہو اور ہر اہل فرد کا نام اس میں شامل ہو سکے۔
مولانا شبلی القاسمی نے اس بات پر زور دیا کہ ووٹر لسٹ میں نام برقرار رکھنے یا نیا اندراج کرانے کے لیے جو اضافی کاغذات اور ثبوت طلب کیے جا رہے ہیں، وہ عام اور خاص طور پر غریب و ناخواندہ شہریوں کے لیے پورا کرنا مشکل ہوگا؛اسی لیے کئی سیاسی اورسماجی جماعتوں نے اس کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے،جس کی پہلی سماعت مورخہ10جولائی کو ہوئی؛لیکن عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کے عمل پر روک نہیں لگایا ہے اوراگلی سماعت 28جولائی کو ہوھی۔عدالت سے امید ہے کہ ریاست کے تمام باشندوں کا خیال رکھے گی؛لیکن ہماری ذمہ داری ہے کہ تمام حالات کے لیے خود کو مستعد رکھیں،اپنے دستاویز درست کرکے مطلوبہ دستاویزات میں سے کسی ایک کے ساتھ 26 جولائی سے پہلے فارم جمع کردیں؛البتہ جن لوگوں کا نام2003 کے ووٹر لسٹ میں ہے،انہیں کسی دستاویز کے بغیر صرف ووٹر لسٹ کی عکسی کاپی لگاکر فارم بھر کےBLOکے پاس جمع کردیں۔امارت شرعیہ نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عمل میں محتاط رہیں، خود بھی سرگرمی دکھائیں اور ایک دوسرے کی مدد کریں، تاکہ کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے۔مولانا نے نوجوانوں کو خاص طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو افراد 18 سال یا اس سے زائد عمر کے ہو چکے ہیں، وہ فوری طور پر اپنا نام درج کرائیں اور اپنی ذمہ داری کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس پیدائش یا رہائش کا کوئی ثبوت نہیں ہے، ان کی مدد کے لیے متبادل دستاویزات تیار کرانے میں بھی تعاون کیا جائے گا، تاکہ ان کا اندراج یقینی بنایا جا سکے۔کم از کم رہائشی سرٹیفکٹ یا متبادل بنالیں اورفارم کے ساتھ جمع کردیں۔
عوام کی سہولت کے لیے امارت شرعیہ نے رہنمائی کے لیے درج ذیل رابطہ نمبرز جاری کیے ہیں:9608450524، 9162586814، 9471905151۔ اس کے علاوہ، قریبی ضلعی دفاتر سے بھی مکمل معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
Comments are closed.