مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے سنٹرل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی کانفرنس میں پینل کی صدارت کی

 

اے ایم یو، کوآرڈینیٹر یونیورسٹی کے طور پر پیش پیش رہی

 

علی گڑھ، 12 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کو 10 تا 11 جولائی 2025 گجرات کے شہر کیوڈیا میں سنٹرل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی قومی کانفرنس کے دوران ایک اہم علمی پینل کی صدارت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس باوقار کانفرنس کا اہتمام وزارت تعلیم، حکومت ہند نے کیا تھا۔

 

اس موقع پر مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان، اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یوجی سی) کے چیئرمین، آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) کے چیئرمین، وزارت تعلیم کے ایڈیشنل سکریٹری اور ملک کی مرکزی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز موجود تھے۔

 

پروفیسر نعیمہ خاتون کو ”قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے نفاذ میں مالویہ مشن ٹیچر ٹریننگ سینٹرز (ایم ایم ٹی ٹی سی) کا کردار“ موضوع پر ماہرین کے پینل کی صدارت کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ اس پینل کے لیے اے ایم یو کو کوآرڈینیٹر یونیورسٹی مقرر کیا گیا تھا، جس نے اس موضوع پر قومی سطح پر گفت و شنید کی قیادت کی۔ پینل میں اے ایم یو سمیت سینٹرل یونیورسٹی آف اڑیسہ، مہاتما گاندھی سینٹرل یونیورسٹی (بہار)، سمّکّا سارکّا سینٹرل ٹرائبل یونیورسٹی (تلنگانہ) اور راجیو گاندھی سینٹرل یونیورسٹی (اروناچل پردیش) کے وائس چانسلرز شامل تھے۔

 

اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ایک جامع مقالہ پیش کیا، جس میں ایم ایم ٹی ٹی سی کے ڈھانچے، اس کے اثر ات اور اختراعی امکانات کے ساتھ ساتھ ہمہ جہتی پالیسی سفارشات شامل تھیں۔ یہ مقالہ اے ایم یو کی جانب سے حاصل کردہ تاثرات، پالیسی دستاویزات کے تجزیے، اور فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگراموں کے تجربات پر مبنی تھا۔

 

اپنے خطاب میں پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا ”ایم ایم ٹی ٹی سی کو ایسے علمی مراکز میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جو این ای پی کے وژن، یعنی بین العلومی فوکس، شمولیت و اختراع پر مبنی اور ڈیجیٹل اعتبار سے بااختیار بنانے کے تصورات سے ہم آہنگ ہوں۔ اس قومی مشن میں اے ایم یو قائدانہ کردار ادا کررہا ہے“۔

 

پروفیسر نعیمہ خاتون کی پیشکش اور کانفرنس میں ان کی قیادت کو ملک بھر کے تعلیمی پالیسی سازوں، ماہرین اور یونیورسٹیز کے رہنماؤں نے سراہا۔ اس سے ایک بار پھر اے ایم یو کی قومی سطح پر علمی قیادت اور مستقبل رخی تعلیمی وژن کے حامل ادارے کے طور پر اس کی حیثیت مستحکم ہوئی۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے 6 طلبہ کو پلیسمنٹ مہم کے توسط سے معروف کمپنیوں کی جانب سے ملازمت کی پیشکش

 

علی گڑھ، 12 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے زیر اہتمام منعقدہ پلیسمنٹ مہم کے توسط سے فیکلٹی آف سوشل سائنسز،فیکلٹی آف انجینئرنگ، فیکلٹی آف کامرس اور فیکلٹی آف مینجمنٹ سے تعلق رکھنے والے 6طلبہ کو معروف کمپنیوں کی جانب سے ملازمت کی پیشکش کی گئی ہے جن میں سیزفائر انڈسٹریز، ایمیزون، مائنڈٹیل اور ٹیلی سی آر ایم شامل ہیں۔

 

ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) مسٹر سعد حمید نے بتایا کہ کئی مراحل پر مشتمل انتخابی عمل کے بعد 6 طلبہ کو مینجمنٹ ٹرینی، بزنس انالسٹ اور سینئر کیٹلاگ ایسوسی ایٹ جیسے عہدوں کی پیشکش کی گئی ہے۔

 

انھوں نے بتایا کہ صفوان سی (ایم اے، عربی) کو ایمیزون نے سینئر کیٹلاگ ایسوسی ایٹ کے طور پر، جب کہ فضل امام (ایم بی اے) کو سیزفائر انڈسٹریز نے مینجمنٹ ٹرینی کے طور پر منتخب کیا۔ اسی طرح فاطمہ ناز (ایم ایس ڈبلیو)، عافی احمد (ایم بی اے-ایچ آر) اور ذہین اللہ خاں (ایم بی اے) کو مائنڈٹیل نے بزنس انالسٹ کے طور پر منتخب کیا، جبکہ ارسلان صدیقی (بی ٹیک) کو ٹیلی سی آر ایم میں بزنس انالسٹ کے عہدے کے لئے منتخب کیا گیا۔

Comments are closed.