کشن گنج میں عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ کی آمد، مولانا آفتاب اظہر صدیقی سمیت متعدد شخصیات نے کی ملاقات
کشن گنج، 12 / جولائی (پریس ریلیز) آج ضلع کشن گنج میں عام آدمی پارٹی کے معروف رہنما اور راجیہ سبھا کے فعال رکن جناب سنجے سنگھ کی آمد پر ایک سیاسی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر مولانا آفتاب اظہر صدیقی (جنرل سکریٹری، مجلس احرار اسلام صوبہ بہار) کی قیادت میں مختلف ملی، سماجی اور تعلیمی شخصیات نے سنجے سنگھ سے خصوصی ملاقات کی اور موجودہ ملکی حالات، عوامی مسائل اور اقلیتوں کے تحفظ پر گفتگو کی۔
اس ملاقات میں مولانا آفتاب اظہر صدیقی کے ساتھ ساتھ مولانا عبدالواحد بخاری (ناظم تنظیم و ترقی، مدرسہ فاطمۃ الزہراء للبنات، چھترگاچھ) مولانا عبدالمنتقم فرقانی (صدر، راشٹریہ علماء کونسل، کشن گنج اسمبلی حلقہ) قاری محیط اختر (رکن مجلس احرار، ضلع کشن گنج)، مولوی نسیم اختر ہندی (اراباڑی، رائے پور، پوٹھیا بلاک) سمیت کئی دیگر سماجی و تنظیمی شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے سنجے سنگھ کا دل کی گہرائیوں سے استقبال کرتے ہوئے کشن گنج کی سرزمین پر ان کی تشریف آوری کو قابل قدر قرار دیا اور کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک میں آئین، جمہوریت، اقلیتوں کے حقوق اور بنیادی آزادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، سنجے سنگھ جیسے بے باک رہنما کی آواز ملک کے انصاف پسند عوام کے ضمیر کی ترجمان ہے۔
گفتگو کے دوران ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، تعلیمی پسماندگی، اقلیتوں کے خلاف متعصبانہ رویہ، UCC (یونیفارم سول کوڈ)، وقف ترمیمی ایکٹ اور بہار میں ہورہے ووٹر ویریفکیشن جیسے حساس مسائل اور نوجوانوں میں پھیلتی مایوسی پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سنجے سنگھ نے تمام باتوں کو سنجیدگی سے سنا اور اپنی پارٹی کی طرف سے مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔
مولانا عبدالواحد بخاری اور مولانا عبدالمنتقم فرقانی نے تعلیم اور روزگار کے میدان میں سیمانچل کی زبوں حالی پر توجہ دلائی، وہیں قاری محیط اختر اور مولوی نسیم اختر نے نچلی سطح پر عوامی مسائل، بنیادی سہولیات اور دیہی ترقی کی کمی کا ذکر کیا۔
یہ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں انجام پائی اور اختتام پر یہ عزم ظاہر کیا گیا کہ ملک میں انصاف، بھائی چارہ، اور جمہوریت کی حفاظت کے لیے سبھی طبقات مل جل کر جدوجہد کریں۔
Comments are closed.