عبد القیوم انصاری اقلیتوں کی آواز، عبد الحمید شہادت کی روشن مثال: اشرف انصاری / میجر اقبال حیدر خان

 

قیدرآباد میں منعقدہ خراج عقیدت تقریب سے جے ڈی یو اقلیتی سیل کے لیڈران کا خطاب

 

جالے( محمد رفیع ساگر/بی این ایس)

قیدرآباد کے ناکہ نمبر 2 کے قریب واقع منسار کالونی میں اتوار کو جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) بہار اقلیتی سیل کی جانب سے ایک پُروقار اور متاثر کن تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں دو قومی ہیروز بابائے قوم عبد القیوم انصاری اور پرم ویر چکر سے سرفراز شہید عبد الحمید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

 

اس عظیم الشان تقریب کی صدارت جے ڈی یو اقلیتی سیل بہار کے نائب صدر نظیر عالم انصاری نے کی، جبکہ پروگرام کی قیادت نوجوان و فعال جے ڈی یو رہنما محمد نور عالم نے کی، جنہوں نے پروگرام کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس روح پرور تقریب کی نظامت توقیر احمد انصاری نے خوبصورتی سے انجام دی۔

 

تقریب کے مہمانِ خصوصی جے ڈی یو اقلیتی سیل کے ریاستی صدر اور بہار اقلیتی کمیشن کے معزز رکن اشرف انصاری تھے۔ انہوں نے تقریب میں موجود شخصیات کے ہمراہ دونوں عظیم رہنماؤں کے تصویری خاکوں پر گلپوشی کی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی حیات و خدمات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبد القیوم انصاری ایک ایسے قوم پرست رہنما تھے جنہوں نے اقلیتوں کی آواز بن کر پوری قوم کو جوڑنے کا کام کیا۔ شہید عبد الحمید کی قربانی 1965 کی جنگ میں ہندوستان کی فتح کی علامت ہے اور وہ نئی نسل کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کی تقریبات کو ریاستی سطح سے بڑھا کر قومی سطح پر منایا جانا چاہیے۔

 

اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے جے ڈی یو کے ریاستی جنرل سکریٹری اور اقلیتی سیل کے بہار انچارج میجر اقبال حیدر خان نے بھی دونوں شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جو قوم اپنے ہیروز کو یاد رکھتی ہے، وہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار کی قیادت میں اقلیتوں کے فلاحی اقدامات اور سماجی انصاف کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔

 

پروگرام میں شریک دیگر نمایاں شخصیات میں جے ڈی یو اقلیتی سیل کے دربھنگہ ضلع صدر ابوالخیر، دربھنگہ شہر کے صدر نواب اختر، ریاستی سکریٹری محمد جمیدل، ریاستی جنرل سکریٹری محمد افتخار، محمد عرفان خان، محمد مسرور حسین عرف گڈو، فیروز عالم، محمد راجو، محمد صادق، توقیر احمد انصاری اور ظہیر احمد انصاری شامل تھے۔

 

تمام مقررین نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اور حب الوطنی کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ عبد القیوم انصاری اور شہید عبد الحمید کی زندگی ہمارے لیے نہ صرف باعثِ فخر ہے بلکہ ہمارے سیاسی و سماجی نظریات کی رہنمائی بھی کرتی ہے۔

 

تقریب کے اختتام پر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی اور ملک کی سالمیت، امن، بھائی چارہ اور اقلیتوں کی ترقی کے لیے اجتماعی عہد لیا گیا۔

Comments are closed.