استقلال کے ساتھ دیہاتوں میں دینی خدمت انجام دینے والوں کی قدر کیجئے: مفتی عمران خان قاسمی و مولانا شمع اعظم کا فکر انگیز خطاب

 

کاماریڈی، 14 جولائی (پریس نوٹ) مسجد فہیم فیروز میں ذمہ داران مساجد و معلمین کرام کا تربیتی اجلاس صدر جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی حافظ محمد فہیم الدین منیری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کاماریڈی، راماریڈی، اور ایس ایس نگر منڈل کے ائمہ، معلمین اور ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے مولانا شمع اعظم اور مفتی عمران خان قاسمی نے تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام معاشرے کی فکری قیادت کے اصل وارث اور امت کے لئے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔ دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے علماء اور معلمین تنخواہوں سے زیادہ اپنے مقام و مرتبہ کو پہچانیں اور دین کی خدمت کو عزت، سعادت اور فخر سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصلاح امت اور دعوت دین کے لئے نرمی، خلوص اور خیرخواہی ناگزیر ہیں۔ سخت لہجہ اور غصہ لوگوں کو دور کرتا ہے، جبکہ محبت، مسکراہٹ اور صبر سے دلوں میں گھر کیا جا سکتا ہے۔ علماء کو چاہئے کہ وہ صرف عبادات کی قیادت تک محدود نہ رہیں بلکہ نکاح، طلاق، مالی معاملات، معاشرتی بگاڑ اور نوجوان نسل کی رہنمائی میں بھی عملی طور پر شامل ہوں۔ قرآن مجید کی تجوید اور درست تلفظ کے ساتھ تعلیم عام کی جائے۔ معلمین کی تربیت اس طرح کی جائے کہ وہ طلباء کو قرآن سکھانے کے ساتھ ساتھ ان کی اصلاحِ نفس کا ذریعہ بھی بنیں۔ داعی کو سب سے پہلے اعتماد حاصل کرنا چاہئے، پھر خیر خواہی سے دعوت دین کی طرف رہنمائی کرنی چاہئے۔ موجودہ دور میں عمل اور کردار کے ذریعے دعوت کی اشد ضرورت ہے حافظ محمد فہیم الدین منیری نے صدور اور ذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ائمہ و معلمین کی خدمت کو سعادت سمجھا جائے، مکاتب کی تعلیم کو منظم بنایا جائے، اور دیہات کے ضرورت مند طبقات کی مدد کو دینی خدمت کا جزو مانا جائے۔ پروگرام میں مولانا محمود اشاعتی (ناظر مجلس تحفظ ختم نبوت) نے تعلیم کی پیشکش کو آسان و مؤثر بنانے، اور تجرباتی نکات پر بھی پر روشنی ڈالی واضح رہے کہ نظامت کے فرائض مولانا منظور احمد مظاہری نے انجام دیا اور قاری مجاہد صدیقی نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ جبکہ حافظ محمد عمران کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اور حافظ محمد علیم الدین نے نعت رسول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مولانا نظر الحق قاسمی (میزبان مقرر) نے تمام مہمانان و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ حافظ محمد عبدالرحمن منیری، محمد عبدالرزاق، الحاج شیخ مقیم الدین، الحاج شیخ اسماعیل، محمد یونس اور دیگر مقامی ذمہ داران شامل رہے۔ اجلاس میں تینوں منڈلوں کے ذمہ داران نے موجودہ دینی صورتحال پر مختلف تجاویز و مشورے بھی پیش کئے۔

Comments are closed.