صفا بیت المال سےایک سو مستحق خواتین کے درمیان سات لاکھ انیس ہزار روپئے مالیتی ایک سو سلائی مشینوں کی تقسیم
حیدرآباد(پریس ریلیز)
صفا بیت المال انڈیا کے زیر اہتمام 9 ؍جولائی 2025 بروز چہار شنبہ بیگم پیٹ حیدرآباد کے پلازہ فنکشن ہال میں ایک پُروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ایک سو مستحق خواتین کو سات لاکھ انیس ہزار روپے مالیت کی سلائی مشینیں فراہم کی گئیں۔ یہ وہ خواتین تھیں جو فنِ ٹیلرنگ میں مہارت رکھتی تھیں لیکن مشین کی عدم دستیابی کے سبب اپنا ہنر بروئے کار لانے سے قاصر تھیں اور معاشی تنگی کا سامنا کر رہی تھیں۔صفا بیت المال کی اس قابل تحسین کاوش نے نہ صرف ان خواتین کو باعزت روزگار سے جوڑابلکہ انہیں خود انحصاری، اعتماد اور عزتِ نفس کی نئی راہ بھی دکھائی۔ اس پروگرام کی تیاری اور تنفیذ میں صفا بیت المال کی مرکزی ٹیم نے جس سنجیدگی، نظم، اخلاص اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا وہ اس ادارہ کے اعلیٰ فلاحی معیار کا آئینہ دار ہے۔ یہ اقدام وقتی امداد کے بجائے دیرپا اثرات مرتب کرنے والی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جو افراد کو سہارا دینے سے بڑھ کر اُنہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔تقریب کے دوران خواتین کے چہروں پر جو مسرت نمایاں تھی اور ان کی آنکھوں میں جو امید جھلک رہی تھی، وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ یہ محض سلائی مشینوں کی تقسیم کی ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ ان کی زندگی میں ایک نئے باب کا آغازہے۔ یہ عمل اُن کے لیے فقط ایک ذریعہ معاش ہی نہیں بلکہ عزت کے ساتھ جینے اور اپنے خاندان کا سہارا بننے کی عملی صورت ہے۔صفا بیت المال عرصہ دراز سے فلاحی، تعلیمی، طبی اور سماجی میدانوں میں قابل قدر خدمات بحمداللہ انجام دیتا چلا آ رہا ہے اور خواتین کو خود کفیل بنانے کی یہ کوشش اسی سلسلے کی ایک روشن کڑی ہے۔ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کو باعزت روزگار سے جوڑ کر صفا بیت المال نہ صرف انفرادی سطح پر تبدیلی لا رہا ہے بلکہ ایک مستحکم، خود دار اور باوقار معاشرہ کی بنیاد رکھنے میں بھی اہم کردار اداکررہا ہے۔ یہ اقدام اپنی نوعیت میں ایک خاموش مگر مؤثر انقلاب کی مانند ہے جو خدمت، ہمدردی اور عملی منصوبہ بندی کا حسین امتزاج ہے۔
Comments are closed.