مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
پروفیسر رئیس اللہ خاں، اے ایم یو میں فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے ڈین مقرر
علی گڑھ، 14 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پلانٹ پروٹیکشن کے چیئرمین پروفیسر رئیس اللہ خاں کوفیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کا ڈین مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار 14 جولائی 2025 سے ان کی سبکدوشی کی تاریخ یکم مئی 2027 تک رہے گی۔
پروفیسر خان پودوں کی بیماریوں کے ماہر ہیں۔ وہ تدریس و تحقیق میں 23 برس سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی تحقیق کا بنیادی موضوع مٹی میں پیدا ہونے والی فنگس کی بیماریاں ہیں جو دلہن اور تلہن کی فصلوں کو متاثر کرتی ہیں۔ وہ ماحولیات دوست تدارک کے لیے مربوط حکمت عملیوں پر زور دیتے ہیں۔ پروفیسر خان نے یہائزو اسفئیرک خردنامیوں، خصوصاً آر بسکیولر مائیکورائزال پر بھی اہم تحقیق کی ہے، جن کا ہدف پودوں کی صحت اور بیماریوں کے خلاف ان کی مزاحمت کو بہتر بنانا ہے۔
پروفیسر خان نے 23 تحقیقی مقالات، ایک کتابی باب اور متعدد تحقیقی رپورٹس تیار کئے ہیں اور 40 سے زائد تلخیصات قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں میں پیش کی ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے عالمی یوم آبادی پر آگہی مہمات کا اہتمام کیا
علی گڑھ، 14 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر صدر شعبہ پروفیسر عظمیٰ ارم کی قیادت میں مختلف کمیونٹی مراکز پر بیداری سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔ ہر سال 11 جولائی کو منایا جانے والا یہ دن آبادی میں اضافے اور تولیدی صحت سے جڑے اہم مسائل پر توجہ دلاتا ہے۔
اس کڑی میں 11 جولائی کو، فیملی ایڈاپشن پروگرام کے تحت رفیع پور سیا گاؤں اور سیا خاص گاؤں میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں اور انڈرگریجویٹ طلبہ و طالبات نے عوام کے سامنے صحت سے متعلق بیداری گفتگو کی۔ اس سے ایک دن قبل 10 جولائی کو ماسٹر آف پبلک ہیلتھ (ایم پی ایچ) کے طلبہ نے چاند باغ کالونی اور فردوس نگر میں بیداری سیشن منعقد کیے، جن میں خواتین، نوجوانوں اور کنبوں سے براہ راست گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر تولیدی صحت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی، جن میں جسمانی، ذہنی اور سماجی صحت پر زور دیا گیا۔ اس بات پر توجہ دلائی گئی کہ بچے پیدا کرنے، فیملی پلاننگ اور جنسی صحت سے متعلق فیصلے باعزت اور باخبر انداز میں لینے کا ہر فرد کو حق حاصل ہے۔
ڈاکٹر الفاتح، ڈاکٹر آیوشی اور ڈاکٹر یوراج سنگھ نے شادی کی مناسب عمر، بچوں کی پیدائش اور تعداد کی منصوبہ بندی، محفوظ حمل اور اسقاط حمل کی سہولیات تک رسائی، اور مؤثر مانع حمل طریقوں کے انتخاب جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔ دورانِ حمل نقائص سے بچاؤ کے لیے حمل سے قبل فولک ایسڈ کے استعمال پر بھی زور دیا گیا۔
شرکاء کو حکومت کی جانب سے دستیاب مفت مانع حمل سہولیات سے آگاہ کیا گیا جن میں کنڈوم، مالا این گولیاں، کاپرٹی، انتارا انجکشن، چھایا گولیاں، اور مرد و خواتین کی نس بندی شامل ہیں۔ اس دوران ”چھوٹا کنبہ، خوشحال کنبہ“ کا نعرہ بھی مسلسل دہرایا گیا۔
ضلع علی گڑھ کے مختلف مقامات پر یہ آگہی مہمات ڈاکٹر یوراج سنگھ، ڈاکٹر الفاتح، ڈاکٹر آیوشی، علمہ خانم، رضوان نوشاد، ثنا مصطفیٰ اور سارہ خالق نے مشترکہ طور پر انجام دیں۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر فرح اعظمی نے نرسنگ ایکسی لینس اور لیڈرشپ پر مرکوز قومی کانفرنس میں اے ایم یو کی نمائندگی کی
علی گڑھ، 14 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کالج آف نرسنگ کی پرنسپل،پروفیسر فرح اعظمی نے لکھنؤ کے اٹل بہاری واجپئی سائنٹیفک کنونشن سینٹر میں حال ہی میں منعقدہ قومی کانفرنس برائے نرسنگ ایکسی لینس و لیڈرشپ میں شرکت کی۔
یہ کانفرنس ٹشہا کنسلٹنٹس ایل ایل پی اور سمرپن انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ پیرا میڈیکل سائنسز کے زیرِ اہتمام ٹرینڈ نرسز ایسوسی ایشن آف انڈیا (ٹی این اے آئی)، اترپردیش شاخ کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں نرسنگ کی تعلیم، کلینیکل قیادت اور صحت کی دیکھ بھال کے معیار سے وابستہ سرکردہ ماہرین نے شرکت کی۔ کانفرنس کو کیو اے آئی اور ای ڈی ایم ای جیسے قومی کوالٹی اداروں کی حمایت حاصل تھی۔
پروفیسر فرح اعظمی نے کانفرنس میں اکیڈمک سیشنز کی صدارت کی، جس میں انہوں نے نرسنگ کی تعلیم اور طبی نگہداشت میں قیادت کے فروغ اور تعلیمی و عملی مہارتوں کے انضمام پر اظہار خیال کیا۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر محمد اکرم اے ایم یو میں شعبہ عمرانیات کے صدر مقرر
علی گڑھ، 14 جولائی: پروفیسر محمد اکرم کو 15 جولائی 2025 سے تین سال کی مدت کے لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ عمرانیات کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر اکرم 2015 سے شعبے عمرانیات میں استاد ہیں،انہیں تدریس و تحقیق کا 23 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔صحت کی عمرانیات، سماجی پالیسی و ترقی، تعلیم کی عمرانیات اور تحقیقی طریق ہائے کار ان کے اختصاص کے شعبے ہیں۔ انھوں نے 30 سے زائد تحقیقی مقالے، 9 کتابی ابواب اور 6 کتابیں و مجموعے تصنیف کئے ہیں۔
انٹرنیشنل سوشیالوجیکل ایسوسی ایشن کے عالمی اجلاس اور برٹش سوشیالوجیکل ایسوسی ایشن کی کانفرنسوں میں ان کی پیش کردہ علمی تحقیق کی پذیرائی ہوئی ہے۔ وہ اے ایم یو میں یو جی سی-ایس اے پی (ڈی آر ایس- اول اور دوئم) منصوبوں کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر رہ چکے ہیں اور کئی پیشہ ورانہ اداروں جیسے انڈین سوشیالوجیکل سوسائٹی اور انٹرنیشنل سوشیالوجیکل ایسوسی ایشن کے تاحیات رکن ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر اسماء علی، اے ایم یو کے شعبہ ریاضی کی چیئرپرسن مقرر
علی گڑھ، 14 جولائی: پروفیسر اسماء علی کو 15 جولائی 2025 سے ان کی سبکدوشی کی تاریخ 16 مارچ 2028 تک کے لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ریاضی کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر اسماء علی کو تدریس و تحقیق کا تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے الجبرا کے میدان میں، خاص طور پر رنگ تھیوری، نیئر رنگز اور ماڈیول تھیوری میں نمایاں تحقیقی خدمات انجام دی ہیں۔ جنرلائزڈ ڈیرائیویشنز، رنگز اور الجبرا میں ایڈیٹو میپس، اور گروپ ایکشنز ان کے اختصاص کے موضوعات ہیں۔
انہوں نے قومی و بین الاقوامی جرائد میں 100 سے زائد تحقیقی مضامین شائع کیے ہیں اور امریکہ، کینیڈا، یورپ اور ایشیا میں بین الاقوامی کانفرنسوں میں اپنے تحقیقی مقالات پیش کیے ہیں۔ انہوں نے اسپرنگر جیسے معروف اشاعتی ادارے کے ساتھ بین الاقوامی ماہرین کے تعاون سے کتابیں مرتب کی ہیں۔
پروفیسر اسماء علی اے ایم یو میں انتظامی عہدوں پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔ وہ ڈپٹی ڈین اسٹوڈنٹ ویلفیئر اور بیگم سلطان جہاں ہال کی پرووسٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ کئی قومی و بین الاقوامی میتھ میٹیکل سوسائٹیز کی رکن ہیں اور متعدد معیاری جرائد کے ادارتی اور ریویو بورڈ میں شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر ابرار احمد خاں، اے ایم یو کے شعبہ نباتیات کے سربراہ مقرر
علی گڑھ، 14 جولائی: پروفیسر ابرار احمد خان کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ نباتیات کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار 15 جولائی 2025 سے ان کی سبکدوشی کی تاریخ 29 اکتوبر 2027 تک رہے گی۔
پروفیسر خان تدریس و تحقیق میں 36 سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پودوں کی نیمٹولوجی اور فضائی آلودگی مطالعات کے ماہر ہیں۔ انہوں نے ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں اے ایم یو سے حاصل کیں۔ ان کے تحقیقی مقالے کا موضوع سبزیوں کی جڑوں کو نقصان پہنچانے والے نیماٹوڈز پر مبنی تھا۔ انہوں نے عمرو موسیٰ یارادعا یونیورسٹی، نائیجیریا میں بایولوجی اور مائیکرو بایالوجی کے شعبہ جات کے سربراہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔
پروفیسر خان نے 180 سے زائد علمی و تحقیقی مضامین شائع کیے ہیں، جن میں سے 76 سے زائد مقالے امریکہ، برطانیہ، اٹلی، نیدرلینڈز، مصر، نائیجیریا اور فن لینڈ جیسے ممالک کے بین الاقوامی جرائد میں شائع ہوئے۔ انہوں نے سائنسی کتابیں اور مختلف جرائد میں تحقیقی مقالے شائع کئے ہیں اور قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں میں کلیدی مقرر، سیشن چیئر اور ریسورس پرسن کے طور پر شرکت کی ہے۔ وہ اے ایم یو میں مختلف کمیٹیوں کے رکن بھی رہ چکے ہیں اور انتظامی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر سعدیہ سعید، اے ایم یو کے شعبہ فارنسک میڈیسن کی چیئرپرسن مقرر
علی گڑھ، 14 جولائی: پروفیسر سعدیہ سعید کو جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فارنسک میڈیسن کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار 15 جولائی 2025 سے آئندہ تین سال ہوگی۔
اے ایم یو کی سابق طالبہ پروفیسر سعدیہ سعید گزشتہ دو دہائیوں سے شعبہ فارنسک میڈیسن سے وابستہ ہیں اور 2017 سے پروفیسر ہیں۔ وہ 23 سال سے تحقیق و تدریس میں سرگرم ہیں۔
میڈیکو لیگل انجری ایویلیوویشن، فارنسک اخلاقیات، ورچوئل آٹوپسی، اور زندگی کے آخری مراحل میں دیکھ بھال ان کے اختصاص کے شعبے ہیں۔ انہوں نے 2019 میں جے این ایم سی میں سیف یونٹ (ون اسٹاپ کرائسیز سینٹر) کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پروفیسر سعید دو کتابوں کی مصنفہ ہیں، جن کے نام ہیں: پریکٹیکل فارنسک میڈیسن اور سیف مینوول: اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروٹوکول۔ انھوں نے مختلف تحقیقی رسائل میں مقالات شائع کیے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
Comments are closed.