مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
اے ایم یو کے جے این میڈیکل کالج میں عالمی یومِ پلاسٹک سرجری کی تقریبات اختتام پذیر
علی گڑھ، 15 جولائی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پلاسٹک سرجری کے زیر اہتمام عالمی یومِ پلاسٹک سرجری کے موقع پر ہفتہ بھر جاری رہنے والی علمی و عوامی بیداری سرگرمیاں کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہونچیں۔ اس سال کی تقریبات کا مرکزی موضوع تھا: زندگیاں سنوارنا، امیدیں بحال کرنا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی، امریتا اسپتال، فرید آباد کے شعبہ پلاسٹک سرجری کے سربراہ اور ہاتھ کی پیوندکاری کے ماہر سرجن پروفیسر موہت شرما نے کلیدی خطبہ دیا۔ انہوں نے ری کانسٹرکٹیو سرجری کی تکنیکی اور جذباتی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے اپنی گفتگو میں ملک میں چہرہ کی پیوندکاری کے امکانات اور منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے بازآبادکاری سرجری کے متعدد پہلوؤں کا احاطہ کیا۔
اے ایم یو رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس نے نوجوان سرجنوں پر زور دیا کہ وہ جدید تربیت حاصل کرنے پر توجہ دیں۔ انھوں نے پلاسٹک سرجری خدمات کی توسیع میں یونیورسٹی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر حبیب رضا نے ٹراما اور باز ساختی نگہداشت کے میدان میں شعبہ کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کے آرگنائزنگ صدر پروفیسر عمران احمد نے شعبے کے قیام میں اہم کردار ادا کرنے والے پروفیسر ایم ایچ خان، پروفیسر ایل ایم بریار، پروفیسر اے ایچ خان اور پروفیسر ایم یاسین کو یاد کیا اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔ سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر کنن کوہلی نے شعبہ میں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ وابستگی کے سفر پر روشنی ڈالی۔ تقریب کا آغاز صدر شعبہ ڈاکٹر ایم ایف خرم کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ انہوں نے شعبے کی کارکردگی اور اہم دستیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ بھر کی تقریبات میں خصوصی او پی ڈی، آگہی مہمات اور علمی مباحثے منعقد کئے گئے۔ اس دوران برن ٹراما اور پیدائشی نقائص جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔ آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر شیخ سرفراز علی نے شکریہ کے کلمات ادا کئے، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر آکانشا اور ڈاکٹر فہد انصاری نے انجام دیے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کی اردو اکادمی کے زیر اہتمام قومی یکجہتی کے نام مشاعرے کا انعقاد
علی گڑھ، 15 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سنٹر فار پروفیشنل ڈیولپمنٹ آف اردو ٹیچرز (اردو اکادمی) کے زیر اہتمام قومی یکجہتی کے نام ایک مشاعرہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت اکادمی کے ڈائریکٹر پروفیسر قمرالہدی فریدی نے کی اور مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر غضنفر علی اور پروفیسر مہتاب حیدر نقوی شریک ہوئے۔
اپنی صدارتی تقریر میں پروفیسر قمرالہدی فریدی نے کہا کہ قومی یکجہتی کے فروغ میں اردو شاعری کا ہمیشہ سے کلیدی رول رہا ہے۔جنگ آزادی کی تحریک کو جلا بخشنے اور ہندوستان کی صدیوں پرانی بھائی چارگی اور رواداری کی روایت کو مستحکم کرنے میں اردو شاعری نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔
پروفیسرغضنفر علی نے کہا کہ اردو مشترکہ تہذیب کی زبان ہے اور اس زبان نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنی گراں قدر خدمات سے سب کو متاثر کیا ہے۔مشاعرے کا آغاز ڈاکٹر عرفان احمد کے نعتیہ کلام سے ہوا۔مشاعرے کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مشتاق صدف نے بحسن و خوبی انجام دیے، جبکہ شکریہ کی رسم ڈاکٹر رفیع الدین نے ادا کی۔ شعراء کے منتخب اشعار نذر قارئین ہیں:
میرے سینے کا داغ دیکھو نا
اس میں اپنا چراغ دیکھو نا
(پروفیسر غضنفر علی)
داد کس نے پائی ہے آج تک زمانے سے
درد کم نہیں ہوتا زخم کو دکھانے سے
(پروفیسر مہتاب حیدر نقوی)
یہ کس نگاہ عنایت کا شاخسانہ ہوا
تمام شہر خرد یک قلم دیوانہ ہوا
(پروفیسر سراج اجملی)
وہ تصادم گراں تو ہوا تھا مگر
پھر ہنسی آگئی روٹھتے روٹھتے
(نسیم نوری)
ترازو ٹوٹ کے ڈر ہے کہیں نیچے نہ گر جائے
ہمارے وزن کو ہلکا سمجھ کے تولنے والے
(جانی فاسٹر)
یوں تو رزم حق و باطل آج بھی درپیش ہے
ابن حیدر کی طرح اب سربہ کف کوئی نہیں
(ڈاکٹر محمد ابو صالح)
ٹکرا نہ پائیں مجھ سے زمانے کی گردشیں
میں مد ح خوان آل شہ مشرقین ہوں
(معراج نشاط)
ہم اپنی محبت کا تماشا نہیں کرتے
کرتے ہیں اگر کچھ تو دکھاوا نہیں کرتے
(ڈاکٹر مشتاق صدف)
فطرت کا تماشا ہے یہ وحشت بھی جنوں بھی
دل ہاتھ سے جائے گا تو جائے گا سکوں بھی
(صدام حسین)
کھول کر زلف سیاہ فام چلو رقص کریں
ہو رہی بارش الہام چلو رقص کریں
(اریب عثمانی)
جن کو سن کر عمر فاروق مسلمان ہوئے
اسی قرآن کو سینے سے لگائے رکھنا
(ڈاکٹر عرفان احمد)
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں پہلی جماعت میں داخلے کے لیے قرعہ اندازی 19 جولائی کو ہوگی
علی گڑھ، 15 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کنٹرولر امتحانات دفتر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تعلیمی سال 2025–26 کے لیے پہلی جماعت میں داخلے کی قرعہ اندازی 19 جولائی 2025 کو سہ پہر تین بجے منعقد کی جائے گی۔
شفافیت اور وسیع رسائی کو یقینی بنانے کے لیے قرعہ اندازی کی کارروائی کو براہ راست یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا۔
دلچسپی رکھنے والے افراد یوٹیوب لنک https://youtu.be/n_LDploJHKM پر اس نشریہ کو دیکھ سکتے ہیں۔
امیدواروں یا ان کے سرپرستوں اور دیگر متعلقہ افراد کو ذاتی طور پر دفتر نہ آنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ پورا عمل آن لائن ہی انجام دیا جائے گا۔
اے ایم یو کی ویب سائٹ: www.amucontrollerexams.com پر قرعہ اندازی کے نتائج کو شائع کیا جائے گا۔ منتخب امیدواروں کو الگ سے کوئی اطلاع نامہ ارسال نہیں کیا جائے گا۔ درخواست دہندگان اور ان کے سرپرست تازہ ترین معلومات اور ہدایات کے لیے ویب سائٹ کو باقاعدگی سے دیکھتے رہیں۔
٭٭٭٭٭٭
Comments are closed.