کَنسِی میں عاشق و معشوق نے ایک ہی دن کی خودکشی، علاقے میں سنسنی،پیار میں پڑ کر دونوں نے لگایا پھانسی کا پھندا، ایف ایس ایل ٹیم نے کی تفتیش
جالے (محمد رفیع ساگر/بی این ایس)
سمری تھانہ حلقہ کے کنسی پنچایت کے وارڈ نمبر 6 میں پیر کے روز اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک نوجوان اور ایک دوشیزہ نے مختلف کمروں میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے، لیکن کسی وجہ سے ایک ساتھ موت کو گلے لگا لیا۔
مرنے والے نوجوان کی شناخت کنسی کے رہائشی لیب ٹیکنیشن راجیش ٹھاکر کے 22 سالہ بیٹے کرن ٹھاکر کے طور پر کی گئی ہے، جو مدھوبنی کے سندیپ فاؤنڈیشن میں ایم بی اے کا طالب علم تھا۔ نوجوان کی لاش گھر کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ملی۔ دوسری جانب، متوفیہ کی شناخت مدھوبنی ضلع کے سہارگھاٹ گاؤں کے اشوک جھا کی بیٹی انجلی کماری کے طور پر کی گئی ہے، جو کنسی میں اپنے نانا ستہ نارائن جھا کے یہاں بچپن سے رہ کر تعلیم حاصل کر رہی تھی۔
معلومات کے مطابق، انجلی نے بھی پیر کو اپنے کمرے میں پھانسی لگا لی، تاہم پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی اس کے اہل خانہ اسے ڈی ایم سی ایچ لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دونوں گھروں کی دیواریں ساتھ ملی ہوئی تھیں اور دونوں میں اکثر ملاقاتیں ہوا کرتی تھیں۔ کرن کے چچا پنکج ٹھاکر نے بتایا کہ جب صبح 9 بجے تک کمرہ نہیں کھلا تو اہل خانہ نے آواز دی، لیکن جواب نہ ملنے پر کھڑکی سے جھانک کر دیکھا تو کرن پنکھے سے لٹکا ہوا تھا۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سمری تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے دربھنگہ میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا۔ جائے واردات پر ایف ایس ایل (فارنسک سائنس لیبارٹری) کی ٹیم نے بھی پہنچ کر تحقیقات کی۔
تھانہ کے ایڈیشنل سب انسپکٹر پنکج کمار سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے ایسا لگتا ہے کہ دونوں نے محبت میں ناکامی یا کسی ذاتی وجہ سے خودکشی کی ہے۔ نوجوان کے موبائل میں دونوں کی تصاویر اور رات تین بجے تک بات چیت کے شواہد ملے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش فَرد بیان اور اہل خانہ کی جانب سے درج کرائی گئی تحریری شکایت کی بنیاد پر کی جائے گی۔
Comments are closed.